Chitral Times

Apr 16, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

وزیراعلیٰ کی گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا انتظامی کنٹرول محکمہ سیاحت کو دینے کی تجویز سے اتفاق

شیئر کریں:

پشاور(چترال ٹائمزرپورٹ ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا انتظامی کنٹرول محکمہ لوکل گورنمنٹ سے لیکر محکمہ سیاحت کوسپر د کرنے کی تجویز سے اُصولی اتفاق کیا ہے ۔اس مقصد کیلئے رولز آف بزنس میں ترامیم کی جاے گی اور متعلقہ محکمے مل کر اس عمل کو مکمل کرنے کیلئے طریقہ کار وضع کیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ نے آج وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کے دوران کیا۔ اجلاس میں سینئر وزیر محمد عاطف خان، وزیر بلدیات شاہرام خان ترکئی، پرنسپل سیکرٹری برائے وزیراعلیٰ محمد اسرار خان ، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ ، سیکرٹری سپورٹس اور سیکرٹری لاء و دیگر نے شرکت کی ۔ اجلاس میں گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے مختلف اُمور ، ذمہ داریوں اور اس کی کارکردگی پر سیر حاصل بحث کی گئی ۔ اجلاس میں گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے اُمور اور ذمہ داریوں کی از سر نو تقسیم کا ر اور اس سے جڑے دیگر اُمور پر اتفاق ہوا۔ اجلاس میں خانپور ڈیم سے ملحقہ جگہوں کو سیاحت کیلئے قابل تفریح اور اسی جگہوں کو دیگر اعلیٰ سیاحتی مقامات کی طرز پر ترقی دینے اور ان جگہوں کو مقامی سطح کے سیاحوں کیلئے ایک سیاحتی و تفریحی مقامات کی طرز پر ترقی دینے سے بھی اتفاق ہواجس سے صوبے کیلئے محاصل میں بڑھوتری اور معاشی ترقی میں بہت اہمیت حاصل ہو گی ۔ ان علاقوں کی ترقی سے وہاں کے مقامی لوگ بھی استفادہ حاصل کریں گے اور اُن کو روزگار بھی میسر ہو گا۔ اجلاس میں ویمن پارک مردان پر کام کی رفتار کو تیز کرنے اور اس کو جدید طرز پر بنانے سے بھی اتفاق کیا گیا ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ضلعی انتظامیہ مردان پہلے سے الاٹ شدہ چالیس کنال زمین کو دوبارہ مختص کرے تاکہ وہاں پر مختلف سرکاری دفاتر کو شفٹ کیا جاسکے اور مردان میں سروس ڈیلیوری اور دوسرے سرکاری اُمور میں کوئی رکاوٹ پیدا نہ ہو ۔ اجلاس میں گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی حد بندی کے تعین اور بعض سوشل سروسز اور سہولیات کو بہتر بنانے پر اتفاق ہوا۔خصوصی فرائض منصبی محکمہ سیاحت کے پاس رہے گا تاکہ محکمہ سیاحت مختلف سیاحتی مقامات کی نشاندہی کر سکے اور اس کیلئے قوانین میں ضروری ترامیم لا سکیں ۔اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ میونسپل خدمات مقامی میونسپل حکام کے پاس ہی رہیں گی ۔ محکمہ سیاحت کے قوانین میں مجوزہ ترامیم نئے کام اور ذمہ داریوں کا تعین بھی کرے گی ۔اجلاس کو سوئٹزلینڈ کے تعاون سے تین فائیو سٹار ہوٹل کیلئے سرمایہ کاری کے حوالے سے اور اس پر ضروری کام کے شروعات کے حوالے سے بھی بتایا گیا۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا انتظامی کنٹرول محکمہ سیاحت و ثقافت کو تفویض کرنے کیلئے آپس میں مل بیٹھ کر قانونی پیچیدگیاں ختم کریں اور اس کے لئے ہوم ورک جلد ازجلد مکمل کریں۔ وزیراعلیٰ نے اس تمام عمل سے اتفاق کیا بہر حال انہوں نے کہاکہ اس ضمن میں قانون کے مطابق اس امرکو پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے ۔
……………………………………………………………………………………………..

پشاور(چترال ٹائمزرپورٹ ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے اسلامک رپبلک آف ایران کے قونصل جنرل محمد بغیر بیگی کی قیادت میں ایرانی وفد کے ساتھ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں ملاقات کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ سابقہ حکومت میں حکومت ایران کے ساتھ جتنے بھی یاداشتی مفاہمت(ایم او یوز)دستخط ہو ئے ہیں اُن پردونوں حکومتیں مل بیٹھ کر آگے بڑھیں گی اور اُن کو عملی جامہ پہنایا جائے گا۔وزیراعلیٰ کے مشیر برائے نئے ضم شدہ قبائل اضلاع و صوبائی حکومت کے ترجمان اجمل خان وزیر ، پرنسپل سیکرٹری برائے وزیراعلیٰ محمد اسرار خان ، کمشنر پشاور شہاب علی شاہ اور دیگر متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے میں ٹوارزم کے شعبے میں کافی پوٹینشل موجود ہے ۔ صوبائی حکومت عمران خان کے وژن کے مطابق ٹوارزم پر خصوصی توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے۔ سیاحت کے فروغ کیلئے دونوں ملکوں کے ویزا عمل میں تبدیلی لائی جائے گی اور لوگوں کیلئے اس عمل کو مزید آسان او ر سہل بنایا جائے گا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ٹریول ایجنسی کے وفود ضرور ایران کا دورہ کرے گی اور سیاحت کے فروغ کیلئے کام کو آسان بنائے گی ۔وزیراعلیٰ نے قونصل جنرل کی طرف سے صوبے کے مختلف یونیورسٹیوں سے سکالرشپس پر ایران میں تعلیم کے حصول کی تجویز کو بہت سراہا اور کہاکہ صوبائی حکومت زیادہ تر طلباء سکالرشپس پر ایران کی مختلف یونیورسٹیوں میں بھیجیں گے۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ یہ بہت خوش آئند بات ہے کہ ہماری صحافتی برادری ایران کے دورے پر ہے اس سے دونوں ملکوں کے تعلقات میں مزید بہتری آئے گی ۔ انہوں نے کہاکہ وہ بھی اُمید رکھتے ہیں کہ ایران کے جرنلسٹس بھی صوبے کا دورہ کریں ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ صوبائی حکومت ایرانی قونصلیٹ کے ساتھ یونیورسٹی ٹاؤن روڈ ایشو پر کام کرنا چاہتی ہے جس پر قونصل جنرل نے بتایا کہ اُن کے سکیورٹی حکام اس کا دورہ کریں گے اور تجویز پیش کرکے اس ایشو کو ایرانی حکومت کے ساتھ اُٹھایا جائے گا۔ ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ اور قونصل جنرل کا ملکی اور خاص طور پر صوبائی اہم امور پر بھی تبادلہ خیال ہوا ۔ملاقات میں دونوں ملکوں اور صوبہ خیبرپختونخوا کا ایران کے ساتھ تعلقات کی مزید بہتری پر اتفاق ہوا ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پورے ملک اور خاص طور صوبے میں تبدیلی کے آثار اب نمایا ں ہونے لگے ہیں۔ وزیراعظم پاکستان عمران خان بہت جلد ایران کا دورہ بھی کریں گے، جس سے دونوں ملکوں کے تعلقات میں مزید بہتری آئیگی۔ایران کے قونصل جنرل نے صوبے میں اور خاص کر قبائلی اضلاع میں مختلف فیلڈ میں تعاون اور سرمایہ کاری کی پیش کش کی۔
………………………………………………………………………………………………………..

پشاور(چترال ٹائمزرپورٹ ) وزیراعلیٰ نے مشیر برائے نئے ضم شدہ قبائلی اضلاع و صوبائی حکومت کے ترجمان اجمل خان وزیر کو اس حوالے سے ہدایت دی کہ ایرانی قونصل جنرل کے ساتھ اس ضمن میں مزید پیشرفت کو یقینی بنایا جائے ۔ قونصل جنرل نے بتایا کہ دونوں ممالک اور صوبہ خیبرپختونخوا میں سرمایہ کاری کی بہت پوٹینشل موجود ہے ۔ ایران اور پاکستان ان پوٹینشل کو بروئے کار لاکر صوبے میں ترقی کی حامی ہے ۔ قونصل جنرل نے بتایا کہ ایرانی حکومت آئل اینڈ گیس اور اسطرح کے دوسرے شعبہ جات میں سرمایہ کاری ، تعاون اور شرکت کا خواہشمند بھی ہے ۔ قونصل جنرل نے بتایا کہ یہ خوش آئند بات ہے کہ صوبائی اور وفاقی سطح پر تحریک انصاف کی حکومت ہے اور صوبے کی ترقی میں بہتری آئی ہے اس دورے سے صوبہ مزید ترقی کر سکے گا اور دونوں ملکوں کے مابین تعلقات بھی اچھے ہوں گے۔ قونصل جنرل نے بتایا کہ وہ پچھلے تین سالو ں سے صوبے میں خدمات انجام دے رہیں ہیں اور کوشش کر رہے ہیں کہ دونوں ملکوں خاص طور پر اس صوبے کے ساتھ تعلقات مزید بڑھا سکے اور اسکو فروغ دیں گے ۔ وزیراعلیٰ نے قونصل جنرل کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ ایران ہمارا بھائی ملک ہے اور ایک اچھا دوست بھی ہے ۔ دونوں ممالک ایک پیج پر ہیں ۔ ہم ایران کے ساتھ ساتھ تمام مسلمان پڑوسی ممالک کے ساتھ بہتر تعلقات کے خواہاں ہیں۔ ہمارا صوبہ خاص طور پر ایران کے ساتھ مختلف اُمور میں آگے بڑھنے کیلئے مکمل تعاون کرے گا۔ قونصل جنرل نے بتایا کہ ایرانی قونصل خانہ اپنے تقاریب کا آغاز کر رہا ہے اور اگلے ہفتے اپنا کلچرل ویک منارہا ہے جس میں مختلف قسم کے کلچرل پروگرام ہوں گے ۔ اس حوالے سے قونصل جنرل نے وزیراعلیٰ کو بھی بطور مہمان خصوصی مدعو کیا ۔وزیراعلیٰ نے ایران کے قومی دن کیلئے مبارکباد دی اور اُنہوں نے عندیہ دیا کہ وہ کلچرل ویک میں ایرانی قونصل خانے کی دعوت پر اس میں شمولیت ممکن بنائیں گے ۔قونصل جنرل نے بتایا کہ یونیورسٹی لیول پر صوبے کے طلباء اور اساتذہ ایران کا دورہ کریں اور انٹرنیشنل کانفرنس میں بھی شرکت کرے ۔ اسی طرح ایران سے اساتذہ اور طلباء پاکستان اور صوبہ خیبرپختونخوا کا دورہ کریں گے جس پر وزیراعلیٰ نے یقین دلایا کہ صوبائی حکومت اس ضمن میں ہر ممکن تعاون جاری رکھیں گے ۔قونصل جنرل نے بتایا کہ ایرانی حکومت صوبے کے ساتھ مختلف شعبہ جات جس میں توانائی ، آئل اینڈ گیس ، ڈیمز اور اس طرح دوسرے شعبہ جات میں تعاون کرنے کی خواہش رکھتی ہے ۔ قونصل جنرل نے مزید بتایا کہ دونوں ممالک اور خاص کر صوبہ خیبرپختونخوا میں ٹوارزم کو فروغ دیناہماری خواہش ہے جس کے لئے ویزا اجراء کا عمل سہل بنایا جائے گا۔ اقتصادی اور تجارتی سطح پر صوبے میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے کیلئے تعاون کریں گے ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ صوبے میں ٹریول ایجنسی کا ایک وفد ایران کا دورہ کرے تاکہ دونوں ممالک کے سیاح ایک دوسرے کے سیاحتی مقامات کی سیر کریں ۔ قونصل جنرل نے بتایا کہ اُن کی حکومت صوبہ خیبرپختونخوااور خاص کر صوبے میں نئے شامل شدہ قبائلی اضلاع میں مختلف شعبہ جات میں تعاون کی خواہش مند ہے ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ایران کی حکومت ان علاقوں میں مختلف منصوبوں کیلئے ان ضم شدہ قبائلی علاقوں میں ایران سے وفد بھیجیں گے تاکہ یہاں پر ان علاقوں اور لوگوں کی ترقی کیلئے کام کر سکیں۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ اس ضمن میں صوبائی حکومت ایرانی قونصل خانہ کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی ۔ قونصل جنرل نے مزید بتایا کہ اسی طرح میڈیا کے ساتھ بھی تعاون جاری رکھا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ میڈیا کے وفود ایران کا دورہ کریں ۔ قونصل جنرل نے مزید بتایا کہ صحافیوں کا چھ رکنی وفد ابھی بھی ایران کے دورے پر ہے ۔ ۔قونصل جنرل نے وزیراعلیٰ کو ایران کے دورے کی دعوت دی جس پر وزیراعلیٰ نے یقین دلایا کہ وہ اپنی ٹیم کے ساتھ بہت جلد ایران کا دورہ یقینی بنائیں گے ۔ بعد ازاں وزیراعلیٰ اور ایر انی قونصل جنر ل کے درمیان تحائف اور شیلڈ کا تبادلہ ہوا۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
18697