Chitral Times

Apr 27, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

اپر چترال میں بجلی کی ناروا لوڈشیڈنگ جاری،لوگوں کوسڑکوں ہر نکلنے پر مجبور نہ کیا جائے۔تحریک حقوق

شیئر کریں:

اپر چترال (چترال ٹائمز رپورٹ)تحریک حقوق اپر چترال کی طرف سے جاری ایک پریس ریلیز میں کہاگیا ہے کہ 5 مہینے بجلی کی بدترین لوڈ شیڈنگ اور کئی احتجاجی مظاہروں کے بعد چند دن کیلئے بجلی بحال ہوگئی تھی۔ سازگار موسم اور وافر مقدار میں پانی کی موجودگی کی وجہ سے محکمہ واپڈا اور پیڈو کے پاس مزید لوڈ شیڈنگ کا کوئی جواز نہیں رہا تھا لیکن رمضان المبارک کی آمد کے چند دن کے بعد ایک مرتبہ پھر سے غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے۔ محکمہ والوں کے پاس کوئی ٹھوس جواز نہ ہونے کی وجہ سے کبھی شاخ تراشی کا بہانہ بنایا جارہا ہے تو کبھی خراب موسم اور تیز ہواؤں کا حالانکہ ایسا کوئی مسئلہ ہے ہی نہیں۔ محکموں کے کچھ افراد خصوصاً جوٹی لشٹ گرڈ اسٹیشن کے جند ملازمین اس سازش کے پیچھے ہیں جو عوام کو اس وبائی اور مشکل وقت میں ایک مرتبہ پھر سڑکوں پر لانا چاہتے ہیں۔ اگر ٹرانسمشن لائنوں میں کسی قسم کی خرابی تھی تو بجلی کی بندش کے 5 ماہ کے دورانئے میں ان کو ٹھیک کرنا چاہئے تھا اور اس دوران شاخ تراشی بھی کی جا سکتی تھی۔ اور ٹرانسمشن لائنوں کی مرمت کےلئے ایم۔پی۔اے مولانا ہدایت الرحمان صاحب نے ساڑھے تین کروڑ کا اضافی فنڈ بھی مہیا کیا تھا۔ تمام متعلقہ اداروں سے گزارش ہے کہ بہانے بازیوں سے گریز کرکے بلا جواز لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ فوراً بند کیا جائے۔ کورونا وبا کی وجہ سے ایک طرف تو عوام قرنطینہ سینٹرز میں بجلی کی بندش کی وجہ سے پریشان ہیں تو دوسری طرف رمضان المبارک کے مہینے میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ سے بھی عوام شدید مشکل میں ہیں۔ لہذا ارباب اختیار سے گزارش ہے کہ بلاجواز لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ بند کرکے بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو جلد از جلد یقینی بنائیں بصورت دیگر تحریک حقوق عوام اپر چترال کسی بھی رکاوٹ کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے اپنے جائز حق کے حصول کیلئےسڑکوں پر آنے پر مجبور ہوگی اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ اداروں پر ہوگی۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, چترال خبریںTagged
35435