Chitral Times

May 14, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

ملاکنڈ ڈویژن کی خوبصورتی حوالے اجلاس، تمام غیرقانونی بل بورڈز ہٹائے جائیں..کمشنرملاکنڈ

Posted on
شیئر کریں:

سوات (چترال ٹائمزرپورٹ)کمشنر ملاکنڈ دویژن ریاض خان محسود نے تمام ڈپٹی کمشنر زکو سختی سے ہدایت کی ہے کہ ایک ہفتے میں ملاکنڈڈویژن کی تمام سرکاری و غیر سرکاری جگہوں سے غیر قانونی بل بورڈز ہٹائے جائیں، تمام سرکاری دفاتر اور عمارتوں پر یکساں سائن بورڈز کی تنصیب کو یقینی بنایا جائے اور ساتھ ساتھ بازاروں اور مارکیٹوں کی دکانوں میں ایک کلر بورڈ یکساں سائز نصب کرنے کیلئے لائحہ عمل تیار کیا جائے تاکہ لوگوں کو ہر قسم کی سہولیات میں آسانیاں پیدا ہوں انہوں نے کہا کہ ملاکنڈ ڈویژن کی خوبصورتی ہماری اولین ترجیح ہے جس پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا.کمشنر ملاکنڈ ڈویژن کی زیر صدارت منگل کے روزسیدو شریف سوات میں ملاکنڈ ڈویژن کی خوبصورتی سے متعلق اقدامات کیلئے اعلی سطح اجلاس منعقد ہو ا جس میں ڈپٹی سیکرٹری لوکل گورنمنٹ آیاز خان،ڈپٹی کمشنر سوات ثاقب رضا اسلم ، ڈپٹی کمشنر لوئرچترال نوید احمد کے علاوہ ملاکنڈ ڈویژن کے تمام ڈپٹی کمشنر ز،ٹی ایم اوزا ور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں ملاکنڈ ڈویژن کی خوبصورتی کے حوالے سے پلان کا جائزہ لیا گیا تمام ڈپٹی کمشنر ز نے اپنے اپنے اضلاع کی کارکردگی اور آئندہ پلان کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی.انہوں نے کہا کہ زبانی جمع خرچ سے کام نہیں چلے گا بلکہ عملی کام کی ضرورت ہے جب ہمارے ارادے پختہ ہونگے تو علاقے کی خدمت میں کوئی کسرنہیں رہے گی انہوں نے کہا کہ ہمیں میرٹ وانصاف سے کام کرنا ہوگا کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں ہونا چاہئے سرکاری دفاتر،سرکاری افسران و اہلکاران سے لے کرپبلک پراپرٹی اور عام شہریوں کو ایک قانون سے دیکھنا اور پرکھنا ہو گا ورنہ ذمہ داران کیخلاف کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو ان سب سے بہت سی توقعات ہیں اس لئے انہیں محنت اور ذمہ داری سے کام کرنا ہے تاکہ لوگوں کو بہترین خدمات فراہم کر سکیں انہوں نے کہا کہ ملاکنڈڈویژن کو خوبصورت، صاف ستھرا، سرسبز اور روشنیوں کا ڈویژن بنائیں گے اور تمام اضلاع کے داخلی و خارجی راستوں سمیت اندرون شہرکی شاہراوں، چوکوں اور بازاروں کو خوبصورت کیا جائے گا جبکہ خوبصورت پودے بھی لگائے جائیں گے اور ایل ای ڈی لائٹس بھی لگائی جائیں گی تاکہ ہر علاقے کے قدرتی حسن اور خوبصورتی بھی نمایا ں ہواور شہریوں کو ایک واضح تبدیلی بھی نظر آئے انہوں نے مزید ہدایت کی کہ تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنر ز اس حوالے سے اجلاس منعقد کریں اور انھیں رپورٹ پیش کریں۔
Commissioner MKD


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں, چترال خبریںTagged
31685