Chitral Times

May 8, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

محکمہ تعلیم کیلئے بجٹ میں 180 ارب روپے مختص کرنے کی تجویزہے…ضیاء اللہ بنگش

Posted on
شیئر کریں:

پشاور(چترال ٹائمزرپورٹ) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے تعلیم ضیاء اللہ خان بنگش نے کہا ہے کہ نئے ضم شدہ قبائلی اضلاع بشمول پورے صوبے کے محکمہ تعلیم کیلئے 180 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز ہے جس میں نئے ضم شدہ اضلاع کو 20 ارب روپے دیے جائیں گے جبکہ 4 ارب روپے ان اضلاع کے ترقیاتی منصوبوں پر بھی خرچ ہوں گے۔
وہ اپنے دفتر پشاور میں میڈیاکے نمائندوں سے بات چیت کررہے تھے۔ مشیر تعلیم نے کہاکہ رواں مالی سال کے بجٹ میں کئی اہم منصوبے بھی شروع کئے جائیں گے جبکہ جاری منصوبوں کیلئے بھی فنڈز مختص ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اس سال ارلی ایج ایجوکیشن بھی شروع کیاجائیگا۔ یہ پرووگرام 10 ہزار سکولوں میں شروع ہوگا۔اسی منصوبے کے تحت تقریباً 8 سو سکولوں پر اسی بجٹ میں کام شروع ہوگا جبکہ سیکنڈ شفٹ سکول پروگرام کے پائلٹ کی کامیابی کے بعد سیکنڈ شفٹ منصوبے کو اس بجٹ میں قبائلی اضلاع کے علاوہ باقی تمام 25 اضلاع تک بھی توسعت دی جائیگی تاکہ سکولوں سے باہر طلباء اور طالبات کو سکولوں میں داخلہ دے کر مفید اور پڑھا لکھا پاکستانی بنایاجاسکے۔ ضیاء اللہ خان بنگش نے کہاکہ اس بجٹ میں سکولوں سے باہر طلباء اور سکولوں میں موجود طلباء دونوں کیلئے منصوبے رکھے گئے ہیں۔ سکولوں سے باہرطلباء کیلئے سیکنڈ شفٹ، رینٹڈبلڈنگ سکولز اور سکولوں کی اپ گریڈیشن منصوبے شامل ہیں۔ جبکہ سکولوں میں موجود طلباء اور طالبات کیلئے بنیادی سہولیات کی فراہمی، سکالرشپس کی فراہمی، ایکسیلریٹیڈ لرننگ پروگرام، واؤچر سکیم اور دوسرے کئی اہم منصوبے شامل ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اس سال داخلہ مہم میں مقرر کردہ اہداف کو بآسانی حاصل کیاجاچکاہے اور نئی داخلہ مہم کی مزید کامیابی کے پیش نظراس بجٹ میں نئے سکولوں کی تعمیر، موجودہ سکولوں کی اپ گریڈیشن اور سکولوں کی ری کنسٹرکشن کے منصوبوں کو پورے صوبے کے تمام اضلاع تک وسعت بھی دی جائیگی۔ ایک سوال کے جواب میں ضیاء اللہ خان بنگش نے کہاکہ انڈیپنڈنٹ مانیٹرنگ یونٹ (IMU) کو بھی نئے ضم شدہ اضلاع تک وسعت دی گئی ہے اور IMU کو بہت جلد اتھارٹی کا درجہ بھی دیاجائیگا۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
22824