Chitral Times

Apr 27, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

صوبے بھر کے تمام ہسپتالوں کو عملے اور آلات کی سو فیصد فراہمی یقینی بنائی جائے۔۔وزیر اعلیٰ

شیئر کریں:

پشاور ( چترال ٹائمز رپورٹ ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے محکمہ صحت و خزانہ کو ہدایت کی ہے کہ صوبے بھر میں تمام ہسپتالوں کو عملے اورآلات کی سو فیصد فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ عام لوگوں کو مقامی سطح پر صحت کی بہتر سہولیات مہیاہوں وہ وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں محکمہ صحت کی کارکردگی اور فیصلوں پر پیش رفت سے متعلق اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری شہزاد بنگش، ایس ایس یو کے سربراہ صاحبزادہ سعید اور متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریوں اور افسران نے اجلاس میں شرکت کی ۔اجلاس کو محکمہ صحت میں رواں سال کے اہم اقدامات سے آگاہ کیا گیا ۔اجلا س کو بتایا گیا کہ ہسپتالوں میں عملے اور مشینری کی کمی دور کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات کئے گئے ہیں۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ رواں سال صحت کے شعبے میں طبی سہولیات کے ضمن میں ٹھوس اقدامات کئے گئے اور زیادہ تر شعبوں بالخصوص انسانی وسائل کی ترقی کے ضمن میں مطلوبہ اہداف حاصل کئے گئے ۔اسی طرح محکمہ صحت میں میڈیکل افسروں ، نرسوں اور پیر امیڈکس کی مطلوبہ تعداد میں بھرتی بھی عمل میں لائی گئی اسی طرح انٹی گرٹیڈ ہیلتھ پراجیکٹ کے تحت 2850 لیڈی ہیلتھ ورکرز ، 111 لیڈی ہیلتھ سپروائزر، 1640 کمیونٹی مڈ وائف، 318 ویکسی نیٹرزاور 45 خواتین میڈیکل آفیسرز بھرتی کئے گئے ۔اس کے علاوہ اضلاع کی سطح پر 800 سپیشلسٹ بھرتی کئے گئے جبکہ بقیہ 132 خالی آسامیوں کو پر کرنے کیلئے اشتہار جاری ہو چکا ہے اور عنقریب ان پر بھی سپیشلسٹ تعینات کردیئے جائینگے اسی طرح تمام جنرل و مینجمنٹ کیڈر ڈاکٹر وں، سپیشلسٹ، نرسوں اور پیرمیڈیکس کے پروموشن ہو چکے اس کے ساتھ ہی نرسوں اور پیرامیڈیکس کے سروس رولز بھی نوٹیفائی کر دیئے گئے ہیں ہیلتھ کیر سروسز ڈیلیوری کے شعبے میں صوبے کے مختلف ڈی ایچ کیو ہسپتالوں میں 26 سٹیبلائزیشن سنٹر اور 20 ایمونک سروس سنٹر قائم کئے گئے محکمہ صحت کے دوسرے شعبوں میں بھی بیشتر اہداف حاصل کئے گئے وزیراعلیٰ نے محکمہ صحت کی طرف سے اہداف کے حصول میں واضح پیش رفت کو سراہا تاہم ہدایت کی کہ جن شعبوں میں ٹائم لائن کے مطابق پیش رفت نہیں کی گئی وہاں زیادہ محنت کی جائے سیکرٹری صحت نے یقین دلایا کہ باقی ماندہ اہداف رواں مالی سال کے آخر تک حاصل کرلئے جائینگے جبکہ صوبے کے تمام طبی مراکز کو ضروری سازوسامان اور عملے سے لیس کر دیا جائیگا پرویز خٹک نے حکام پر واضح کیا کہ طبی مراکز میں عملے کی سو فیصد حاضری اور مراکز کی تمام ضروریات کی تکمیل یقینی بنائی جائے تاکہ یہ ادارے صحیح معنوں میں حکومت اور عوام کو جوابدہ بن سکے انہوں نے کہا کہ وہ خود بھی طبی مراکز کا ذاتی طور پر جائزہ لینگے اور ان کے معیار کی جانچ کرینگے وزیراعلیٰ نے بزرگ شہریوں اور معذور افراد کو صحت انصاف کارڈ کی فراہمی میں تاخیر کا نوٹس لیتے ہوئے اس ضمن میں فوری طور پر محکمہ صحت اور سماجی بہبود کا مشترکہ اجلاس بلانے کی ہدایت کی انہوں نے محکمہ سماجی بہبود کو ہدایت کی کہ اگلے اجلاس میں پوری تیاری کے ساتھ شریک ہو انہوں نے کہا کہ انڈیپنڈنٹ مانیٹرنگ یونٹ کو اس ضمن میں محکمہ بہبود آبادی کے انتظام سہولیات کی نگرانی کیلئے اضافی ٹاسک حوالے کئے گئے ہیں۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, چترال خبریںTagged
6180