The Voice of Chitral since 2004
Monday, 4 May 2026
Chitraltimes — The Voice of Chitral

کالاش ویلیز ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے حوالے سے لوگوں پر ٹیکس لگانے کی الزامات بے بنیاد اورخودساختہ افواہیں ہیں۔ ایسا ہر گز نہیں ہے۔ اجلاس میں وضاحت 

کالاش ویلیز ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے حوالے سے لوگوں پر ٹیکس لگانے کی الزامات بے بنیاد اورخودساختہ افواہیں ہیں۔ ایسا ہر گز نہیں ہے۔ اجلاس میں وضاحت

چترال ( نمائندہ چترال ٹائمز ) کالاش ویلیز ڈویلپمنٹ اتھارٹی ( کے وی ڈی اے ) کا ایک غیر معمولی اجلاس چترال کے ایک مقامی ہوٹل میں چترال چیمبر آف کامرس کے سابق صدر اتالیق حیدر علی شاہ کی زیر صدارت منعقد ہوا ۔ جس میں ڈی جی کے وی ڈی اے منہاس الدین ، بورڈ ممبر سرتاج احمد خان ، چترال ٹورزم ایسوسی ایشن کے صدر سید حریر شاہ ، ممبر بورڈ عبد المجید قریشی ، اقلیتی کونسلر نابیگ ایڈوکیٹ ، سوشل ایکٹی وسٹ عارف اللہ و دیگر نے شرکت کی ۔اجلاس میں کالاش ویلی بمبوریت ، رمبور اور بریر سے بھی افراد شریک ہوئے ۔

اس موقع پر کالاش ویلیز میں ٹورزم کو فروغ دینے ، علاقے کے مسائل حل کرنے خصوصا سیاحوں کو سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے تفصیلی بحث کی گئی ۔ اور جملہِ شرکاء نے تجاویز پیش کیں ۔ اجلاس میں اس امر کا اظہار کیا گیا کہ کے وی ڈی اے کا بنیادی مقصد کالاش وادیوں کے لوگوں کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنا اور مسائل حل کرنے کی کو شش ہے ۔ اور کمیونٹی کو روڈ ، صحت ، تعلیم اور دیگر مسائل سے نکالنا اس کی اولین ترجیح ہے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ علاقے میں سیاحت اس وقت ترقی کرسکتی ہے ۔ جب آمدورفت کی مشکلات دور ہوں ۔

انہوں نے کہا کہ وادی کے لوگوں میں غلط فہمی کی بنیاد پر یہ افواہ پھیلائی گئی کہ کے وی ڈی اے خدانخواستہ لوگوں پر ٹیکس لگانے کا سوچ رہی ہے ۔ ایسا ہر گز بھی نہیں ہے ۔ جو لوگ اپنا گزر بسر انتہائی مشکل حالات سے کر رہے ہوں ۔ بھلا ان لوگوں سے کیسے ٹیکس لیا جاسکتا ہے ۔ یہ ایک غلط فہمی جو ناسمجھی یا دانستہ طور پر پھیلائی گئی۔ تاہم اس تنقید کے اچھے نتائج نکلے ہیں ۔ اور کے وی ڈی اے و صوبائی حکومت نے ٹیکس اور جرمانے کےالفاظ دستاویز سے ختم کردیے ہیں ۔ اس میں کسی کو بھی شک نہیں ہونا چاہئیے ۔ اور انشاء اللہ وہ ترمیم شدہ دستاویز وادی کے لوگوں کو دیکھایا جائے گا ۔

اجلاس میں 27 ستمبر کو انٹر نیشنل ٹورزم ڈے بمبوریت میں منانے کا فیصلہ کیا گیا ۔ اور کہا گیا ، کہ ہفتہ 27ستمبر کو بمبوریت میں ایک شاندار ٹورزم ڈے منایا جائے گا ۔ جس کی گونج عالمی سطح پر سنی جائے گی ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ وادیوں میں تعلیم کو فوکس کیا گیا ہے ۔ اور امسال مسلم اور کالاش طلبہ کو بیس لاکھ سے زیادہ اسکالر شپ دیے جائیں گے ۔ یہ نقظہ آغاز ہے ۔ اور اس کیلئے چترال یونیورسٹی کے ساتھ ایم او یو سائن کرکے ان کے ذریعے سے ایک منظم ترتیب کے مطابق میرٹ اور ضرورت کی بنیاد پر سکالرز شپ دیے جائیں گے ،

اجلاس میں بعض شرکاء کی جانب سے مطالبہ کیا گیا ، کہ کالاش فیسٹولز کو کمرشلائز کرنے سے اجتناب کیا جائے ، اور یہ فیسٹولز صدیوں سے جس سادہ طریقے سے ہوتے آرہے ہیں ، اسی طرح رہنے دیے جانے چاہئیں ۔ اور باہر کے لوگوں کو وادی میں داخل ہونے سے پہلے ہی مقامی کلچر کے بارے میں ایجوکیٹ کیا جانا چاہئے ۔ اجلاس میں ٹورزم منیجمنٹ پلان اور ماسٹر پلان بنانے کی ضرورت پر زور دیا گیا ۔ تاکہ ایک منظم منصوبہ بندی کے تحت سیاحت کو فروغ دیا جاسکے ، اور غیر منظم انداز سے جاری سیاحت کو روکا جاسکے، جس سے وادیوں کے لوگ نالاں ہیں ۔ اجلاس سے ڈی جی منہاس الدین ، سید حریر شاہ ، ممبر بورڈ سرتاج احمد خان ، عبد المجید قریشی ، نابیگ ایڈوکیٹ ، لوک رحمت ، عارف اللہ ، عبد الجبار ، استاد محمد حیات خان ، مولانا محمد ناصر ، محمد گوہر وغیرہ نے خطاب کیا ۔

chitraltimes kvda worksho chitral 6 chitraltimes kvda worksho chitral 5 chitraltimes kvda worksho chitral 4 1

Posted in تازہ ترین, چترال خبریںTagged
114197

کالاش ویلیز ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے زیر انتظام بمبوریت کالاش ویلی میں سیاحوں اور مقامی کمیونٹی کیلئے تیز ترین انٹرنیٹ سسٹم نصب کردیا گیا

Posted on

کالاش ویلیز ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے زیر انتظام بمبوریت کالاش ویلی میں سیاحوں اور مقامی کمیونٹی کیلئے تیز ترین انٹرنیٹ سسٹم نصب کردیا گیا

چترال (نمائندہ چترال ٹائمز ) کالاش ویلی بمبوریت میں سیاحوں اور مقامی کمیونٹی کو تیز ترین رابط کاری اور اطلاعات باہم پہنچانے کیلئے کالاش ویلیز ڈویلپمنٹ اتھارٹی ( کے وی ڈی اے ) کے زیر انتظام سٹیلائٹ فون، فیکس اور وائی فائی سسٹم متعارف کرایا گیا ہے ۔ تاکہ سیاح اور مقامی لوگ خصوصا طلباء و طالبات انفارمیشن ٹیکنالوجی کی تیز ترین سہولت حاصل کر سکیں ۔

اس سسٹم کا آغاز بمبوریت کے مقام برون میں کے وی ڈی اے کے زیر نگرانی چلنے والے کیمپنگ پاڈز سے کی گئی ہے ، جس کا دائرہ بتدریج مقامی لوگوں ، ہوٹلوں اور اداروں کی ڈیمانڈ پر بڑھایا جائے گا ۔ کمپنی نے سسٹم کی تنصیب کے بعد ایک مہینے کی فری سروس دے دی ہے ۔ جس سے لوگ فائدہ اٹھا سکتے ہیں ۔
اس سٹیلائٹ سروس کی سب سے بڑی خوبی یہ ہے ۔ کہ یہ انتہائی تیز ترین سروس ہے ۔ اور اس کا کنکشن براہ راست اسلام آباد سے ہے ۔ ڈیجیٹل سسٹم کے ذریعے سیاح نہ صرف اپنے فیملیز اور دوستوں سے مستقل طور پر رابطے میں رہ سکتے ہیں ، بلکہ کالاش ویلیز کے قدیم ترین کلچر ، قدرتی نظاروں اور احساسات و تجربات کو مختصر ترین وقت میں اپنوں تک پہنچا سکتے ہیں ۔ اور وادی کے اندر ایک جادوئی رابطہ کاری کے نظام کے طور پر اس سے استفادہ حاصل کر سکتے ہیں ،

اس سسٹم کو پوری وادی میں پھیلانے اور اس سہولت سے فائدہ حاصل کرنے کیلئے لوگ جتنی جلد اپنا ڈیٹا کمپنی کو مہیا کریں گے ۔ اسی نسبت سے سسٹم میں توسیع کی جائے گی ۔

گذشتہ روز بمبوریت میں قائم کیمپنگ پاڈ میں اس سسٹم کی تنصیب کے بعد میڈیا کو باقاعدہ طور پر بریفنگ دی گئی ۔ اس موقع پر ڈی جی کے وی ڈی اے منہاس الدین ، بورڈ ممبر سرتاج احمد خان ، سابق ناظم مجیب الرحمن ، ممتاز کاروباری شخصیت عتیق احمد ، اسرار احمد ، مقامی نوجوان ولاگرز ، اور طلبہ موجود تھے ۔ مقامی نوجوانوں اور موقع پر موجود سیاحوں نے اس سہولت کی تعریف کی ۔ اور کہا کہ موجودہ دور میں سیاحت کی ترقی کا انحصار تیز ترین رابطہ کاری سسٹم پر ہے ۔ تاکہ ایک سیاح اپنی فیملی کے ساتھ رابطے میں رہ کر پر سکون طریقے سے سیاحت کا لطف اٹھائے ۔ اسی طرح طلبہ اور ڈیجیٹل سسٹم سے منسلک تمام طبقہ فکر کے لوگوں کیلئے بھی انتہائی اہمیت کی حامل ہے ۔ عوامی حلقوں نے سسٹم کی تنصیب کیلئے کوشش کرنے پر ڈی جی منہاس الدین اورممبر کے وی ڈی اے سرتاج احمد کا شکریہ ادا کیا ہے ۔

chitraltimes internet settlelite system installed by kvda 2

chitraltimes internet settlelite system installed by kvda 3

Posted in تازہ ترین, چترال خبریںTagged
113507

وادی بمبوریت میں کالاش ویلیز ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ، غیر ضروری ٹیکسز اور پابندیوں پر سخت ردعمل

وادی بمبوریت میں کالاش ویلیز ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ، غیر ضروری ٹیکسز اور پابندیوں پر سخت ردعمل

وادی کالاش (نمائندہ چترال ٹائمز) — وادی کالاش میں عوام نے کالاش ویلیز ڈویلپمنٹ اتھارٹی (KVDA) کے خلاف بھرپور احتجاجی مظاہرہ کیا، جس میں بریر، بمبوریت اور رمبور کی دونوں برادریوں — مسلم اور کالاش — کے سینکڑوں افراد شریک ہوئے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ یہ ادارہ بغیر مقامی مشاورت کے قائم ہوا، جو غیر ضروری ٹیکسز اور پابندیاں لگا کر عوام کا جینا دوبھر کر رہا ہے اور صدیوں سے قائم امن و محبت کے ماحول کو نقصان پہنچا رہا ہے۔

اس احتجاج کی قیادت ممتاز سماجی رہنما مالک شائے نے کی، جبکہ ان کے ساتھ معزز و معروف شخصیات — سابق ناظم خورشید احمد، سماجی رہنما قدرت اللہ، سابق ممبر و سیاسی و سماجی شخصیت سیف اللہ جان، وائس چیئرمین رمبور شرافت شاہ، بزرگ وائس چیئرمین بمبوریت، مولانا ہدایت اللہ، عبد الرزاق، گل فروز، اقلیتی ممبر رمبور نور شالی، سینئر سیاسی رہنما نظار گئے، سابق کونسلر بریر کمال الدین، فضل مولا دانش اور سیف الدین بھی شریک تھے۔

مقررین نے کہا کہ KVDA اپنی مرضی کے قوانین نافذ کر رہی ہے، حتیٰ کہ روزمرہ سرگرمیوں پر بھی ٹیکس لگا دیے گئے ہیں۔ حال ہی میں چلغوزے سمیت قدرتی وسائل کی نیلامیوں اور استعمال میں رکاوٹیں ڈالنے کی کوشش شروع کی گئی ہے اور عوام کو معاشی و سماجی طور پر غلام بنانے کی سازش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر اس ادارے کی وجہ سے امن و امان خراب ہوا تو اس کی مکمل ذمہ داری KVDA پر عائد ہو گی۔

مظاہرین نے وفاقی، صوبائی اور ضلعی حکومت سے مطالبہ کیا کہ اس ادارے کو فوری طور پر ختم کیا جائے اور عوام کو اپنے حالات کے مطابق جینے کا حق دیا جائے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ KVDA کے مکمل خاتمے تک احتجاجی تحریک جاری رہے گی اور ضرورت پڑی تو عدالت کا دروازہ بھی کھٹکھٹایا جائے گا۔

chitraltimes kalash valley protest against kvda activities 4 chitraltimes kalash valley protest against kvda activities 1 chitraltimes kalash valley protest against kvda activities 2 chitraltimes kalash valley protest against kvda activities 3 chitraltimes kalash valley protest against kvda activities 5 chitraltimes kalash valley protest against kvda activities 6 chitraltimes kalash valley protest against kvda activities 2

Posted in تازہ ترین, چترال خبریںTagged
113013

کالاش ویلیز ڈویلپمنٹ آتھارٹی (کے۔وی۔ڈی۔اے) کوجلد ختم کردیا جائے ۔ عمائدین کالاش ویلیز کا مشترکہ پریس کانفرنس 

کالاش ویلیز ڈویلپمنٹ آتھارٹی (کے۔وی۔ڈی۔اے) کوجلد ختم کردیا جائے ۔ عمائدین کالاش ویلیز کا مشترکہ پریس کانفرنس

چترال(نمائندہ چترال ٹائمز) کالاش ویلیز ڈویلپمنٹ آتھارٹی کے نام سے جوادارہ قائم کیا گیا ہے یہ علاقے کے عوام کے ساتھ مشاورت کے بے غیر عمل میں لایا گیا ہے لہذا فوری طور پر اس کو ختم کردیا جائے ، ان خیالات کااظہار تحریک تحفظ حقوق عوام رمبور۔بمبوریت اور بریر کے پلیٹ فارم سے علاقے کے عمائیدین سابق ناظم خورشید احمد۔ثراوت شاہ۔سیف اللہ۔نورشالی۔بزرگ احمد۔ملک شئے۔قدرت اللہ۔دوران خان اور محمد رفیع ایڈوکیٹ و دیگر نے پیر کے روز چترال پریس کلب میں ایک احتجاجی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، انھوں نے صوبائی حکومت کی طرف سے قائم کردہ کیلاش ویلیز ڈولپمنٹ اتھارٹی کو مسترد کرتے ہوئے وادی سے اپنی تمام دفاتر کو خالی کرنے کا مطالبہ کر دیا ۔

انہوں نے کہا کہ اس ادارے کا قیام مقامی کیلاش اور مسلم کمیونٹی سے مشاورت کے بغیر عمل میں لایا گیا ہے۔جو تین سال گزرنے کے باوجود کوئی ترقیاتی کام نہیں کیا بلکہ الٹا مقامی لوگوں کے لئے مشکلات کھڑا کر دیا ہے۔مقامی ابادی پر جرمانے۔ٹیکس اور پابندیان لگانے کی کوشش کی جارہی ہے۔جس کا غریب عوام متحمل نہیں ہو سکتا۔ان حوالوں سے کئی مرتبہ ادارے کے اعلی حکام اور بورڈ ممبران سے میٹنگ بھی ہوئیں۔مگر کوئی نتیجہ نہیں نکلا۔اب ہمارا مطالبہ ہے کہKVDA اپنی سرگرماں معطل کرکے وادی سے نکل جائے۔ورنہ انہیں زبردستی وادی کیلاش سے نکال دیں گے اور کسی قسم کی ناخوشگوار واقعے کی زمہ داری KVDAاور ضلعی انتظامیہ پر ہو گی،

ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ آتھارٹی کےلئے بائی لاس بنایا گیا ہے جوکسی صورت علاقے کے عوام کو منظور نہیں، جبکہ بعض شقین علاقے اور کمیونٹی کی ثقافت کو شدید نقصان پہنچانے کے مترادف ہے جبکہ ہم اسی طرح کے کسی بھی بائی لاس اور اتھارٹی کے متحمل نہیں ہوسکتے۔ لہذا کے ۔وی ۔ڈی ۔اے کے زمہ داران اپنے کوڑا دان وہاں سے اُٹھا کر چلے جائیں بصورت دیگر ہم خود انھیں پھینکنے پر مجبور ہونگے۔انھوں نے سابق معاون خصوصی برائے اقلیتی اُمور وزیرزادہ کی اس سلسلے میں کردار پر شدید تنقید کی۔ اور کہا کہ انھوں نے ہم سے اس سلسلے میں کوئی مشاورت نہیں کیا ہے۔

عمائدین نے خبردار کیا کہ جمعہ تک کے۔وی ۔ڈی ۔اے کو تحلیل کیا جائے بصورت دیگر جمعہ کے دن علاقے کے خواتین بھی مردوں کے ساتھ چترال میں احتجاجی مظاہرہ کریں گے اور یہ سلسلہ مسئلہ کی حل تک جاری رہیگا۔ اس سے قبل علاقے کے عمائدین ایک ریلی اور جلوس کی شکل میں نعرہ بازی کرتے ہوئے پریس کلب میں داخل ہوئے اور پریس کلب کے سامنے کے۔وی۔ڈی۔اے نامنظور کے نعرے لگائیں،

chitraltimes kalash valley press confrence against KVDA 4

chitraltimes kalash valley press confrence against KVDA 5

chitraltimes kalash valley press confrence against KVDA 6

chitraltimes kalash valley press confrence against KVDA 7

chitraltimes kalash valley press confrence against KVDA 1

Posted in تازہ ترین, چترال خبریںTagged
102891

کالاش ویلیز ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے حوالے سے جائزہ اجلاس، نگران وزیر اطلاعات،ثقافت و سیاحت بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل اور ڈی جی منہاس الدین کی شرکت

Posted on

کالاش ویلیز ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے حوالے سے جائزہ اجلاس، نگران وزیر اطلاعات،ثقافت و سیاحت بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل اور ڈی جی منہاس الدین کی شرکت
چترال کے کالاش ویلیز کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے میں کالاش ویلیز ڈولپمنٹ اتھارٹی اہم کردار ادا کرسکتی ہے،نگران وزیر سیاحت بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل

پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) خیبر پختونخوا کے نگران وزیر اطلاعات، ثقافت و سیاحت بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل نے وادی کالاش میں سیاحت کے فروغ اور قدرتی ماحول کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے کالاش ویلیز ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے کردار کو مزید مستحکم کرنے کے لئے اقدامات تیز کرنے کی ہدایت کی ہے. یہ ہدایت انہوں نے محکمہ سیاحت میں منگل کے روز کالاش ویلیز ڈولپمنٹ اتھارٹی کے بورڈ آف اتھارٹی کے اجلاس میں شرکت کے موقع پر دی. کالاش ویلیز ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے بورڈ آف اتھارٹی کا اجلاس چیئرمین شہزادہ مقصودالملک کی زیرصدارت منعقد ہوا. اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل کے وی ڈی اے منہاس الدین، محکمہ سیاحت، ثقافت، آثار قدیمہ و میوزیم کے اعلیٰ حکام اور بورڈ ممبران نے شرکت کی، اجلاس کا مقصد کالاش ویلیز ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے تحت مختلف امور کا جائزہ لیتے ہوئے اتھارٹی کو مستحکم کرنے کے لئے اقدامات کا جائزہ لینا تھا۔ اجلاس میں اتھارٹی کے مالی امور، رولز، مختلف کمیٹیوں کی تشکیل، سٹاف اور آفس کی دستیابی اور فیلڈ فارمیشن کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا. ڈی جی کالاش ویلیز ڈویلپمنٹ اتھارٹی منہاس الدین نے اب تک کی پیشرفت، مسائل اور مختلف تجاویز کے حوالے سے اجلاس کو بریف کیا.

اجلاس میں کالاش ویلیز میں ترقیاتی اور غیر ترقیاتی امور کے حوالے سے مجوزہ قواعد و ضوابط پر تفصیلی پریزینٹیشن بھی دی گئی. نگران وزیر اطلاعات،ثقافت و سیاحت نے وادی کالاش کی قدرتی خوبصورتی اور ماحولیاتی توازن کو برقرار رکھنے کے لئے موجودہ وسائل بروئے کار لانے کے لئے جامع کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ وادی کے قدرتی ماحول کے ساتھ ساتھ اس کے تاریخی آرکیٹیکچر، منفرد ثقافت کا تحفظ نہایت ضروری ہے. اجلاس میں سیاحت کے ماحولیاتی اثرات کو کم کرنے، فضلہ کا انتظام اصولوں کے مطابق کرنے، سیاحوں میں ماحول دوست رویوں کو فروغ دینے اور علاقے کی حیاتیاتی تنوع کا تحفظ یقینی بنانے جیسے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا. میٹنگ میں مروجہ قوانین کے تحت کالاش ویلیز ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے دائرہ کار کا جائزہ لیا گیا اور اس میں بہتری لانے پر بھی غور کیا گیا۔ اس سلسلے میں کے وی ڈی اے کے کردار کو مضبوط بنانے کے لیے مختلف اقدامات تجویز کیے گئے۔ نگران وزیر سیاحت بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل نے حکام کو ہدایت کی کہ وہ دستیاب وسائل کو بہتر طریقے سے استعمال میں لائیں، فیصلوں پر پیش رفت کا وقتاً فوقتاً جائزہ لیں اور شفافیت اور موثر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے باقاعدہ اجلاس کا انعقاد یقینی بنائیں. نگران وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ،ثقافت و سیاحت بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل نے اتھارٹی کے فعال کردار میں کمیٹیوں کے کردار پر بھی بات کی اور کمیٹیوں کو جلد فعال کرنے کی ہدایت کی تاکہ اتھارٹی کے تحت اقدامات باہم مشاورت کے ساتھ اگے بڑھائے جاسکیں۔

Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
84471

ٹی ایم اے آفس چترال میں دو سالوں سے کھڑی مشینریز کو وادیوں میں منتقل کیا جائے۔ کالاش ویلیز ڈویلپمنٹ اتھارٹی  کے اجلاس میں مطالبہ   

ٹی ایم اے آفس چترال میں دو سالوں سے کھڑی مشینریز کو وادیوں میں منتقل کیا جائے۔ کالاش ویلیز ڈویلپمنٹ اتھارٹی  کے اجلاس میں مطالبہ

چترال ( نمایندہ چترال ٹایمز ) کالاش ویلیز ڈویلپمنٹ اتھارٹی (KVDA) کا ایک غیر معمولی اجلاس زیر صدارت چیرمین کے وی ڈی اے شہزادہ مقصود الملک بمبوریت میں منعقد ہوا ۔ اجلاس میں کمانڈنٹ چترال سکاوٹس ، سابق ممبر ڈسٹرکٹ کونسل عبدالمجیدقریشی ،چیرمین ویلج کونسل بمبوریت خلیل الرحمن ،اقلیتی ممبر تحصیل کونسل انت بیگ اور علاقے کے دیگر عمائدین نے شرکت کی ۔ اجلاس میں کالاش ویلیز ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے چیر مین شہزادہ مقصود الملک نے اتھارٹی کے قیام اور سابق معاون خصوصی وزیر اعلی وزیر زادہ کی کوششوں پر تفصیل سے روشنی ڈالی ۔ اور کالاش تہذ یب و ثقافت و وادیوں کے قدرتی حسن و ماحول کے تحفظ اور علاقے کےلوگوں وسیاحوں کو درپیش مشکلات کے حل کے حوالے سے لائحہ عمل طے کرنے کے سلسلے میں عملی اقدامات اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا ۔ اجلاس میں طے پایا ۔ کہ جلد از جلد کے وی ڈی اے کیلئے ایون میں دفتر کا قیام عمل میں لایا جائے ۔ ٹی ایم اے آفس چترال میں دو سالوں سے کھڑی مشینریز کو وادیوں میں منتقل کیا جائے ۔ اور ترقیاتی کاموں کا آغاز کیا جائے ۔اور مطلوبہ سٹاف بھرتی کئے جائیں ۔اجلاس میں ان امور کے سلسلے میں باقاعدہ طور پر ایک قرارداد منظور کی گئی ۔قبل ازین سابق ممبر عبدالمجید قریشی کی قیادت میں وفد نے کالاش رہنما مائک شئے و نور شاہدین وغیرہ سے ملاقات کی ۔ اور کے وی ڈی اے کے حوالے سے ان کے تحفظات دور کرنے کے سلسلے میں ان سے طویل گفت و شنید کی ۔ جس کی مانیک شئے کے علاوہ تمام کالاش رہنماوں نے حامی بھری ۔ اجلاس میں اتھارٹی کی سرگرمیاں تیز کرنے پر اتفاق کیا گیا ۔ اور اس بات پر افسوس کا اظہار کیا گیا ۔ کہ اتھارٹی کا قیام عمل میں آئے تین سال ہونے کو ہیں ۔لیکن عملی طور پر اقدامات نہیں اٹھائے گئے ۔

Posted in تازہ ترین, چترال خبریںTagged
79748