وادی بمبوریت میں کالاش ویلیز ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ، غیر ضروری ٹیکسز اور پابندیوں پر سخت ردعمل
وادی کالاش (نمائندہ چترال ٹائمز) — وادی کالاش میں عوام نے کالاش ویلیز ڈویلپمنٹ اتھارٹی (KVDA) کے خلاف بھرپور احتجاجی مظاہرہ کیا، جس میں بریر، بمبوریت اور رمبور کی دونوں برادریوں — مسلم اور کالاش — کے سینکڑوں افراد شریک ہوئے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ یہ ادارہ بغیر مقامی مشاورت کے قائم ہوا، جو غیر ضروری ٹیکسز اور پابندیاں لگا کر عوام کا جینا دوبھر کر رہا ہے اور صدیوں سے قائم امن و محبت کے ماحول کو نقصان پہنچا رہا ہے۔
اس احتجاج کی قیادت ممتاز سماجی رہنما مالک شائے نے کی، جبکہ ان کے ساتھ معزز و معروف شخصیات — سابق ناظم خورشید احمد، سماجی رہنما قدرت اللہ، سابق ممبر و سیاسی و سماجی شخصیت سیف اللہ جان، وائس چیئرمین رمبور شرافت شاہ، بزرگ وائس چیئرمین بمبوریت، مولانا ہدایت اللہ، عبد الرزاق، گل فروز، اقلیتی ممبر رمبور نور شالی، سینئر سیاسی رہنما نظار گئے، سابق کونسلر بریر کمال الدین، فضل مولا دانش اور سیف الدین بھی شریک تھے۔
مقررین نے کہا کہ KVDA اپنی مرضی کے قوانین نافذ کر رہی ہے، حتیٰ کہ روزمرہ سرگرمیوں پر بھی ٹیکس لگا دیے گئے ہیں۔ حال ہی میں چلغوزے سمیت قدرتی وسائل کی نیلامیوں اور استعمال میں رکاوٹیں ڈالنے کی کوشش شروع کی گئی ہے اور عوام کو معاشی و سماجی طور پر غلام بنانے کی سازش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر اس ادارے کی وجہ سے امن و امان خراب ہوا تو اس کی مکمل ذمہ داری KVDA پر عائد ہو گی۔
مظاہرین نے وفاقی، صوبائی اور ضلعی حکومت سے مطالبہ کیا کہ اس ادارے کو فوری طور پر ختم کیا جائے اور عوام کو اپنے حالات کے مطابق جینے کا حق دیا جائے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ KVDA کے مکمل خاتمے تک احتجاجی تحریک جاری رہے گی اور ضرورت پڑی تو عدالت کا دروازہ بھی کھٹکھٹایا جائے گا۔


