Chitral Times

Apr 30, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

وزیر بلدیات ان ایکشن، غیر مجاز سرکاری افسران سے لوکل کونسل بورڈ کی گاڑیاں واپس لینے کی ہدایت کردی

Posted on
شیئر کریں:

وزیر بلدیات ان ایکشن، غیر مجاز سرکاری افسران سے لوکل کونسل بورڈ کی گاڑیاں واپس لینے کی ہدایت کردی

پشاور (چترال ٹائمزرپورٹ) خیبرپختونخوا کے وزیر بلدیات ارشد ایوب خان نے غیر مجاز آفیسرز اور سرکاری ملازمین سے لوکل کونسل بورڈ کی جانب سے الاٹ شدہ گاڑیاں فوری طور پر واپس لینے کی ہدایت کی ہے جبکہ تمام تحصیل میونسپل انتظامیہ کے پچھلے تین مہینے کے کوٹیشن کی بنیاد پر کئے گئے مالی اخراجات کی تفصیلات بھی طلب کر لی ہیں. مذکورہ ہدایات صوبائی وزیر نے کیپٹل میٹرو پولیٹن پشاور کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل کیپٹل میٹرو پولٹن پشاور وحید الرحمان نے صوبائی وزیر کو درپیش چیلنجز اور آئندہ کے لائحہ عمل سے آگاہ کیا جبکہ اجلاس کو بجٹ، آمدن، اخراجات، اور بلدیاتی امور کی بہتری و درپیش چیلنجز پر بھی بریفنگ دی گئی .

 

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر بلدیات ارشد ایوب خان نے ریمارکس دیئے کہ کفایت شعاری کو مزید بہتر انداز میں نہ اپنایا تو کیپٹل میٹرو پولیٹن پشاور بھی مالی بحران کا شکار ہو جائے گا. موجودہ بلدیاتی نظام میں موجود حامیاں دور کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں. صوبائی وزیر بلدیات ارشد ایوب خان نے ڈی جی کیپٹل میٹرو پولیٹن کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا غلط آرڈر کسی کا بھی نہ مانیں کیونکہ احتساب سب کا ہوگا. انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ بلدیات کے مانیٹرنگ اینڈ ایوالویشن سیکشن کو خواب خرگوش سے جگایا جائے کیونکہ  کیپٹل میٹرو پولیٹن پشاور کو کچھڑی نہیں بننے دیں گے. صوبائی وزیر نے کہا تمام ٹی ایم ایز اپنی آمدنی کے ذرائع بڑھائیں بصورت دیگر غیر فعال ٹی ایم ایز کو ضم کر دیا جائیگا۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
87111