Chitral Times

Apr 30, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

مخصوص نشستوں پر حلف نہیں لینے دیں گے، عوام نے ہمیں مینڈیٹ دیا ہے ہم عوام کے حقوق کا دفاع یقینی بنائیں گے۔ علی امین گنڈا پور

Posted on
شیئر کریں:

مخصوص نشستوں پر حلف نہیں لینے دیں گے، عوام نے ہمیں مینڈیٹ دیا ہے ہم عوام کے حقوق کا دفاع یقینی بنائیں گے۔ علی امین گنڈا پور

پشاور (چترال ٹائمزرپورٹ ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈا پور نے کہا ہے کہ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں الیکشن دھاندلی ، مخصوص نشستوں پہ ڈاکے،9 مئی واقعات اور دیگر معاملات سے متعلق قراردادیں منظور کی گئی ہیں جنہیں صوبائی اسمبلی کے اجلاس میں پیش کرکے ان پر عمل درآمد یقینی بنائیں گے۔ منگل کی رات وزیر اعلیٰ ہاوس پشاور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ عام انتخابات میں ہمارے حق پر ڈاکہ ڈالا گیا اور ملکی تاریخ کی بدترین دھاندلی کی گئی، ہم نا صرف اس کی بھرپور مذمت کرتے ہیں بلکہ اپنے حقوق کے دفاع کے لیے ہر ممکن اقدامات کریں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ مخصوص نشستوں پر حلف نہیں لینے دیں گے، عوام نے ہمیں مینڈیٹ دیا ہے ہم عوام کے حقوق کا دفاع یقینی بنائیں گے۔ علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ جمہوریت کی دعویدار نام نہاد سیاسی جماعتوں نے بارہا آئین شکنی کی جو کسی صورت میں ملک و قوم کے مفاد میں نہیں۔ انہوں نے کہا کہ مرکز میں عمران خان کی حکومت کو سازش کے تحت ختم کیا گیا، سائفر ایک متنازعہ معاملہ ہے جس کی تحقیقات کے لیے کمشن بننا چاہیے اور اصل حقائق عوام کے سامنے پیش کیے جائیں، یہ ہمارا دوٹوک مطالبہ ہے۔

 

وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں9 مئی واقعات کے تحت پی ٹی آئی کارکنوں کے خلاف جعلی پرچے درج کیے گئے، خواتین ورکرز کو بے گناہ جیلوں میں ڈالا گیا۔انہوں نے حیرت کا اظہار کیا کہ جو شخص موقع پر موجود تھا مگر اس نے پی ٹی آئی چھوڑ دی اس کے خلاف کوئی ایکشن نہیں، جبکہ دوسری طرف ایک شخص موقع پر موجود ہی نہیں تھا مگر پی ٹی آئی سے وابستگی کی وجہ سے اس کے خلاف بلاجواز کاروائی کی گئی، ہم اس ظلم اور ناانصافی پر خاموش نہیں بیٹھیں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ نظام ایکسپوز ہو رہا ہے، حقیقت جلد یا بدیر عوام کے سامنے آشکار ہو کر رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ جج صاحبان کے مراسلے پر فل کورٹ بنچ بننا چاہئیے اور اس کیس کو لائیو سنا جائے تاکہ عوام حقیقت جان سکیں، جج صاحبان نے اعتراف کیا ہے کہ وہ دباو ¿میں ہیں۔ علی امین کا کہنا تھا کہ قانون اور آئین کے ساتھ مذاق ہو رہا ہے، آئین کا تحفظ ہمارا فرض ہے، عوام نے ہمیں مینڈیٹ دیا ہے اور ہم عوام کی توقعات پر پورا اترنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے اور آئین و قانون کے تحفظ کے لیے آواز ضرور اٹھائیں گے۔

 

انہوں نے کہا کہ جتنا زور پی ٹی آئی کے خلاف لگایا گیا اگر اس صرف پانچ فیصد بھی ملک و قوم کی بھلائی پر لگایا جاتا تو حالات کافی بہتر ہو سکتے تھے۔دوسری طرف فارم 45 میں ردو بدل کے حوالے سے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یہ ملک کی تاریخ کی بدترین دھاندلی تھی۔ انہوں نے واضح کیا کہ ن لیگ نے پنجاب اسمبلی کی صرف 25 سیٹیں جیتیں، اسی طرح پی پی پی نے قومی اسمبلی کی کل 13 اور نون لیگ نے 17 سیٹیں جیتیں، عوام نے ووٹ عمران خان کو دیا مگر اس پر ڈاکہ ڈالا گیا اور دھاندلی کے ذریعے حکومتیں بنائی گئیں۔ انہوں نے اس موقع پر مطالبہ کیا کہ پی ٹی آئی کارکنوں اور رہنماوں کے خلاف جعلی کاروائیاں بند کی جائیں، ہم اس پر خاموش نہیں بیٹھیں گے اور اپنے حق کے لیے ہر حد تک جائیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں جعلی ایف آئی آرز کے خلاف کمیٹی بن گئی ہے، جعلی ایف آئی آرز جلد ختم ہو جائیں گی۔ ایک اور سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ صوبے میں معاملات بہترین چل رہے ہیں، انصاف کارڈ بحال کر دیا گیا ہے،مستحق لوگوں کو رمضان اور عید پیکج باعزت طریقے سے دیا جارہا ہے ، اس کے علاوہ مزید عوامی فلاح کے اقدامات کئے جائیں گے۔ ایک اور سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں صوبے کے حقوق کے لیے مرکز گیا، پھر بھی جاو ں گا، بھیک یا خیرات نہیں بلکہ اپنا حق مانگ رہا ہوں۔ ہم صوبے کے حقوق لے کر دکھائیں گے کیونکہ عوام نے اسی مقصد کے لیے ہمیں مینڈیٹ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم بے شک فارم 47 والا ہے مگر اپنے حقوق کے لیے اس سے ضرور ملوں گا۔ ہم اپنے حقوق سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹیں گے اور عمران خان بھی اس حکمت عملی سے متفق ہیں کیونکہ انہیں بھی لوگوں کی اور ان کے حقوق کی فکر ہے۔ہم کسی ادارے کے خلاف نہیں بلکہ ہمیشہ اصلاحات، میرٹ اور قانون کی بات کی ہے۔ یہ کوئی غیر قانونی مطالبہ نہیں ہے۔ آئین و قانون کی بالادستی قائم کرنا سب کی ذمہ داری ہے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
87105