Chitral Times

May 21, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت گورنر ہاوس پشاور میں پروقار تقریب کا انعقاد، صوبہ کے 150 باصلاحیت طلباء وطالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم

Posted on
شیئر کریں:

وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت گورنر ہاوس پشاور میں پروقار تقریب کا انعقاد، صوبہ کے 150 باصلاحیت طلباء وطالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم

وزیراعظم شہباز شریف، گورنر حاجی غلام علی نے صوبہ کے 150 باصلاحیت طلباء وطالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کئے، فاٹا یونیورسٹی درہ آدم خیل کے تعمیر ہونیوالے مین کیمپس کا بھی افتتاح کیا گیا

خیبرپختونخوا بہادر لوگوں کی دھرتی ہے جنہوں نے اپنے خون سے پاکستان کا دفاع کیا، وزیراعظم شہباز شریف
گزشتہ حکومت نے نوجوانوں کو انڈوں، چوزوں،کٹوں اورلنگرخانوں کے پیچھے لگایا ہم نوجوانوں کو لیپ ٹاپ دیکر تعلیم سے جوڑ رہے ہیں،گورنر حاجی غلام علی

 

پشاور ( چترال ٹایمز رپورٹ ) وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت منگل کے روز گورنرہاؤس پشاور میں خیبرپختونخوا کے باصلاحیت طلباء وطالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنیکی پروقارتقریب منعقد ہوئی جس میں وزیراعظم پاکستان محمدشہبازشریف نے بطور مہمان خصوصی شرکت کرکے صوبہ کی تمام اعلی جامعات کے 150 طلباء وطالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کئے۔ تقریب میں گورنرخیبرپختونخوا حاجی غلام علی، نگران وزیراعلیٰ محمداعظم خان، وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب،وزیراعظم کی مشیربرائے امورنوجوانان شزہ فاطمہ، انجینئرامیرمقام، معاون خصوصی عطاء اللہ تارڑ، نگران صوبائی وزراء، میئرپشاور حاجی زبیر علی سمیت یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز اورطلباء وطالبات سمیت ضم اضلاع کے قبائلی عمائدین ومشران کی کثیرتعداد موجود تھی۔ تقریب میں وزیراعظم پاکستان نے گورنرہاؤس میں فاٹا یونیورسٹی درہ آدم خیل کے تعمیرہونیوالے مین کیمپس کا بھی افتتاح کیا۔ گورنر حاجی غلام علی نے اس موقع پر وزیراعظم کو صوبہ کی روایتی لنگی بھی پہنائی۔

 

تقریب میں وزیراعظم پاکستان محمدشہبازشریف نے طلباء وطالبات سے ملاقاتیں بھی کیں۔ یونیورسٹی کے ایک غریب باصلاحیت طالب علم جس کاکہناتھاکہ اس کاباپ مزدوری کرتاہے اور اس کے پاس اتنے پیسے نہیں تھے کہ وہ لیپ ٹاپ خریدسکتا اور آج وزیراعظم پروگرام کے تحت اس کو مفت لیپ ٹاپ مل گیاہے۔ اس طالب علم کے تعلیمی جذبہ کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے وزیراعظم نے طالب علم کو گلے لگایا اور اس کو اپنی کرسی پر بٹھادیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف کاکہناتھاکہ خیبر پختونخوا بہادر لوگوں کی دھرتی ہے، یہاں کے لوگوں نے اپنے خون سے پاکستان کا دفاع کیا، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھی اس صوبے کا بڑا کردار ہے۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ قوم کا مستقبل سنوارنے کا لمحہ آچکا ہے، زراعت،آئی ٹی اور معدنیات کیلئے جامع منصوبہ بنایا ہے، آج ہمارا ہمسایہ ہم سے آگے نکل گیا ہے تو قصور ہمارا ہے، ہمیں آج اپنے گریبانوں میں جھانکنا ہوگا،آج ہمیں فیصلہ کرنا ہے کہ ہاتھ اونچا رکھنا ہے یا کشکول لے کر پھرنا ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ ایک وقت تھا ہماری کاٹن ایکسپورٹ بھارت سے زیادہ تھی، ہمیں ماضی میں جا کر سبق سیکھنا ہے، ہم نے زراعت اور ملکی صنعتوں میں انقلاب لے کر آنا ہے، یقین ہے آئندہ چند سالوں میں پاکستان خطے اور دنیا میں ترقی کرتا ہوا عظیم ملک بن جائے گا۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ یہ لیپ ٹاپ کی تقسیم کا سلسلہ نوازشریف کے دور میں شروع کیا تھا، ہم آئندہ بھی 1 لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کریں گے، ایک بھی لیپ ٹاپ سفارش پر نہیں دیاجائے گا، صرف اور صرف میرٹ پر لیپ ٹاپس دیئے جائیں گے، دوبارہ موقع ملا تو آبادی کے تناسب سے ہر صوبے میں لیپ ٹاپس تقسیم کریں گے۔انہوں نے کہا کہ فاٹا یونیورسٹی کا نام مناسب نہیں یہ ماضی کا نام ہے، نیا نام قبائلی بزرگان کی مشاورت سے رکھا جائے،آج سفارش اور کرپشن سکہ رائج الوقت ہے جس کا ضرور خاتمہ ہوگا، سفارش نے پاکستان کو تباہ جبکہ کرپشن نے پاکستان کی جڑوں کو برباد کر دیا ہے، ہم نے غربت اور بیروزگاری کا خاتمہ کرنا ہے۔ وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ اگر کسی نوجوان نے محنت کی ہے تو وسائل اس کے قدموں میں نچھاور کرنے چاہئیں، آج دیکھیں جاپان کہاں کھڑا ہے، جاپان نے محنت کی بنیاد پر ستاروں میں کمند ڈالی، محنت کرو تو اللہ اس میں برکت ڈالتا ہے۔

 

تقریب سے گورنر خیبرپختونخواحاجی غلام علی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ وہ وزیر اعظم محمد شہبازشریف کے سوچ و ویژن کے معترف ہیں،صوبہ بالخصوص ضم اضلاع کے عوام ترقی و خوشحالی کے سفر میں وزیراعظم کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں،وفاق و صوبائی حکومت اور عوام کی طاقت و تعاون سے صوبہ میں دہشتگردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے،گزشتہ حکومت نے نوجوانوں میں شائستگی، اقدار و روایات کو ختم کیا،طلبہ شائستگی، اقدار و روایات کو زندگیوں میں ڈھالتے ہوئے ملک کی ترقی و خوشحالی کے سفر میں آگے بڑھیں۔گورنر نے نوجوانوں کیلئے لیپ ٹاپ سکیم اور موجودہ دورکے مطابق جدید تعلیم کے وژن پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ گزشتہ حکومت نے نوجوانوں کو انڈوں، چوزوں، کٹوں اورلنگرخانوں کے پیچھے لگایا،

 

وزیراعظم شہباز شریف نوجوانوں کو لیپ ٹاپ دیکر تعلیم سے جوڑرہے ہیں اور آج کی یہ تقریب ایک خوشحال اور ترقی پسند پاکستان کے لیے وزیراعظم کی غیر متزلزل لگن کا منہ بولتا ثبوت ہے۔انہوں نے کہاکہ یہ لیپ ٹاپ ہمارے ہونہار طلباء کے ہاتھوں میں ایک طاقتور ٹول کے طور پر کام کریں گے، جو انہیں علم میں اضافہ کرنے، اپنی صلاحیتوں کو بڑھانے اور ایک خوشحال مستقبل کیلئے تیاری کے قابل بنائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ گورنر ہاوس کے دروازے ہر خاص و عام کیلئے کھول دئے ہیں اور عوام کے مسائل کے حل میں انہیں دلی سکون اوراطمینان کا احساس ہوتاہے۔ گورنر ہاؤس میں ضم اضلاع کے عوام کے ساتھ زمین پر بیٹھ کر فخر محسوس کیا اورصوبے کے دیگر علاقوں کے عوام کی طرح ضم اضلاع کے عوام کو درپیش مشکلات کے حل کیلئے اپناآئینی کردار اداکیاہے۔ تقریب سے وزیراعظم کی مشیربرائے امورنوجوانان شزہ فاطمہ اورانجینئر امیرمقام نے بھی خطاب کیا۔ تقریب کے اختتام پر گورنر یونیورسٹی کے طلباء و طالبات سے گھل مل گئے اور انہیں لیپ ٹاپ حاصل کرنے پر مبارکباد دی۔ طلباء وطالبات نے بھی خوشی کااظہارکیا اور یونیورسٹیوں کے طلباء نے الگ الگ گورنرکے ساتھ گروپ تصاویرنکالی۔ اس موقع پر یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز نے بھی گورنر کے ساتھ تصاویرنکالی۔

chitraltimes Prime Minister Governor KP CM KP inagurating fata university campus


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
76564