Chitral Times

May 20, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

 عیدالاضحی پر دودن گورنرہاؤس خیبرپختونخوا کے دورازے عام عوام کیلئے کھلے رہے 

Posted on
شیئر کریں:

 عیدالاضحی پر دودن گورنرہاؤس خیبرپختونخوا کے دورازے عام عوام کیلئے کھلے رہے

صوبہ بھربشمول ضم اضلاع ہزاروں کی تعداد میں ہرشعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والوں کی گورنر ہاؤس آمد، گورنر سے عید ملے اور مبارکباد دیں

عوام کی جانب سے عیدالفطر کی طرح عیدالاضحیٰ پر بھی گورنر ہاؤس کو عام عوام کیلئے کھولنے پر گورنر کوزبردست خراج تحسین، پختون روایات کے مطابق بہترین انداز سے عوام کی تواضع پرگورنر اور میئر پشاور کا شکریہ ادا کیا

اسلام ہمیں ملنساری،خلوص اور ایک دوسرے سے پیارومحبت اور خوشیاں بانٹنے کا درس دیتاہے، عوام میں رہنا اور ان کے ساتھ وقت گزار نے سے ہی دل کو سکون اور خوشی ہوتی ہے، گورنر حاجی غلام علی

 

پشاور ( چترال ٹائمزرپورٹ ) گورنرخیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے عوامی گورنرکی حیثیت سے اپنی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے عیدالاضحٰی پر بھی عیدالفطر کی طرح دو دن (دوسرے اورتیسرے روز)گورنرہاؤس کے دروازے عام عوام کیلئے مکمل کھول دیے اور نہ صرف گورنر بذات خود بلکہ ان کے صاحبزادے اور پشاور شہر کے میئر حاجی زبیرعلی بھی دو دن اپنے خاندان اورشتہ داروں کی بجائے صوبہ بھر سے آنیوالے مہمانوں سے ملنے کیلئے گورنرہاؤس میں موجود رہے۔ صوبہ بھر سے ہزاروں کی تعداد میں ہرشعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد سمیت ضم اضلاع سے قبائلی مشران، نوجوان اورمنتخب میئرز، چیئرمینز اور بلدیاتی نمائندے گورنر ہاؤس تشریف لائے اور گورنر سے ملے اورعید کی مبارکباد دی۔گورنرہاؤس آنیوالوں میں اراکین پارلیمنٹ، نگران صوبائی وزراء، منتخب بلدیاتی نمائندے، اقلیتی برادری، تاجربرادری، عمائدین،سرکاری و غیرسرکاری ملازمین، سیاسی وسماجی شخصیات سمیت بچے، بزرگ اور نوجوان شامل تھے۔گورنرہاؤس آنیوالوں مہمانوں نے خوشی کااظہارکرتے ہوئے گورنر کے ساتھ تصاویر بنوائیں اور سیلفیاں لی۔

عوام کی جانب سے عیدالفطر کی طرح عیدالاضحیٰ پر بھی گورنر ہاؤس کو عام عوام کیلئے کھولنے پرنہ صرف خوشی کا اظہارکیاگیابلکہ گورنر کوزبردست خراج تحسین پیش کیاگیا اور کہاکہ تاریخ میں پہلی دفعہ صوبے کے عوام کو ایک عوامی گورنر نصیب ہوا ہے جنہوں نے عملی طورپر ثابت کرکے دکھایاہے اور بلا تفریق سب کیلئے گورنرہاؤس کے دروازے نہ صرف عید کے موقع پر بلکہ عام دنوں میں بھی عوام کیلئے کھول رکھے ہیں جس سے کثیر تعداد میں عوام بلا کسی جھجھک کے گورنرہاؤس آرہے ہیں اور بہ آسانی اپنی معروضات سے گورنرکو آگاہ کررہے ہیں۔ انہوں نے عید کی خوشیوں میں عوام کے ساتھ رہنے اورگورنرہاؤس میں خوش آمدید کہنے پر گورنر اور میئر پشاور کا تہہ دل سے شکریہ بھی ادا کیا۔

اس موقع پر گورنر کاکہناتھاکہ دین اسلام ہمیں ملنساری،خلوص اورایک دوسرے سے پیارومحبت کا درس دیتاہے، معاشرے میں نفرتوں کی بجائے خدمت انسانیت اور احساس کا رویہ اپنایاجائے تو اس کے معاشرے پرمثبت اثرات پڑتے ہیں اور معاشرہ بھی ترقی کی راہ پر گامزن ہوتاہے۔ عوامی بندہ ہوں، عوام میں رہنا اور ان کے ساتھ وقت گزار نے اور عوامی مسائل حل کرنے سے ہی دل کو سکون اور خوشی ہوتی ہے۔ انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ تفرقہ کی بجائے اتحاد و اتفاق، عزت و احترام کوفروغ دیں تاکہ نوجوان نسل کے رویوں میں بھی مثبت تبدیلی آئے اور اس ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے ان کے ارادے بھی مضبوط رہیں۔

قبل ازیں عید کے پہلے روز گورنر حاجی غلام علی نے عیدالاضحٰی کی نماز گورنرہاؤس میں ادا کی۔ نگران صوبائی وزیر آبپاشی فضل الہی، وزیراعلیٰ کے مشیر برائے جیل خانہ جات حاجی ہدایت اللہ خان آفریدی، کمشنر پشاور محمدزبیر، اکاونٹنٹ جنرل خیبرپختونخوا مرتضی خان کے علاوہ دیگر سرکاری حکام سمیت سیاسی وسماجی شخصیات نے بھی گورنرہاؤس میں نماز عید ادا کی۔ اس موقع پر ملک کی سلامتی وخوشحالی، قومی یکجہتی، شہداء کے درجات کی بلندی اور امت مسلمہ کے اتحاد کیلئے خصوصی دعائیں کی گئی۔نماز کے بعد گورنرنمازیوں میں گھل مل گئے اور ان سے عید کی مبارکباد وصول کی۔بعدازاں وزیراعظم پاکستان محمدشہبازشریف نے گورنر کو ٹیلی فون کیااور گورنرو صوبہ کے عوام کو عیدالاضحٰی کی مبارکباد دی۔ گورنرنے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اوراپنی اورصوبے کے عوام کی جانب سے وزیراعظم کو عیدالاضحی کی مبارکباد دی۔ نمازعید کی ادائیگی کے بعد گورنر اپنی ذاتی رہائش گاہ ورسک روڈ گئے اور بغیر کسی پروٹوکول کے صبح سے رات تک عوام سے عید ملتے رہے۔ عید کے پہلے روز اپنی ذاتی رہائشگاہ میں مصروف ترین دن گزارا، بچوں، جوانوں نے گورنر کے ساتھ تصاویربنوائیں اورخوشی کا اظہارکیا

chitraltimes governor kp haji ghulam ali eid gathering 2


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
76175