Chitral Times

May 19, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

گورنر حاجی غلام علی نے ڈیسیبلڈ بچوں کیلئے  صوبہ کے میڈیکل و ڈینٹل کالجز میں داخلہ کیلئے خصوصی سیٹیں مختص کردیں

Posted on
شیئر کریں:

گورنر حاجی غلام علی نے ڈیسیبلڈ بچوں کیلئے  صوبہ کے میڈیکل و ڈینٹل کالجز میں داخلہ کیلئے خصوصی سیٹیں مختص کردیں

گورنر کی ہدایت پر خیبر میڈیکل یونیورسٹی کا فوری ایکشن،میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں معذور طالبعلموں کیلئے خصوصی سیٹیں الاٹ کرنیکی ہدایت جاری

گورنر کی میڈیکل/ڈینٹل کالجز میں اوپن میرٹ یا مخصوص نشست پر داخلہ لینے والے معذور طالبعلموں سے فیس نہ لینے کی بھی ہدایت

معذور بچے تمام خوشیوں کے مستحق ہیں، میڈیکل سمیت تمام شعبوں میں آگے بڑھتے دیکھنا چاہتا ہوں، حاجی غلام علی

پشاور ( چترال ٹایمز رپورٹ ) گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے صوبہ کے معذور اور خصوصی بچوں کو میڈیکل کے شعبہ میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنے کیلئے بڑا اقدام اٹھا لیا۔ گورنر نے خیبر میڈیکل یونیورسٹی کو میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں معذور بچوں کیلئے خصوصی سیٹیں پیدا کرنیکی ہدایت کر دی جس پر وائس چانسلر خیبر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحق نے فوری طور پر عملدرآمد کرتے ہوئے پبلک سیکٹرز میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں معذور و خصوصی بچوں کے داخلہ کیلئے پہلے سے موجود مختص سیٹوں کے علاوہ مزید خصوصی سیٹیں پیدا کرنیکی منظوری دے دی،معذور بچوں کیلئے مختص سیٹیں نرسنگ، فزیوتھراپی، الائیڈ ہیلتھ سائینسز اور فارما ڈی سمیت تمام ہیلتھ اکیڈیمک پروفیشنل پروگراموں میں داخلہ کیلئے پیدا کی گئی ہیں۔ گورنر کی ہدایت پر معذور بچوں سے میڈیکل/ڈینٹل کالجز میں اوپن میرٹ یا مخصوص نشست پر داخلہ کی مد میں فیس بھی نہیں لے جائے گی۔

اس حوالے سے گورنر خیبرپختونخواحاجی غلام علی کا کہناتھاکہ وہ خصوصی و معذور بچوں کو تعلیمی میدان میں آگے بڑھتے دیکھنا چاہتے ہیں۔میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں میں مختص سیٹوں سے معذور و خصوصی بچے میڈیکل کی تعلیم حاصل کر پائیں گے اور فیسوں کی مد میں اخراجات کا بھی ان پر اوران کے والدین پربوجھ نہیں بنے گا۔گورنر کا کہنا تھا کہ انکی دلی خواہش ہے کہ خصوصی و معذور بچے میڈیکل سمیت کسی بھی تعلیمی شعبہ میں پیچھے نہ رہیں اور معذور بچوں کو زندگی کے کسی بھی شعبہ میں احساس محرومی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے کہاکہ معذور و خصوصی بچے زندگی کی تمام خوشیوں کے نہ صرف مستحق ہیں بکہ انکو معاشرےمیں اعلی مقام اورسہولیات مہیا کرنا بھی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

 

گورنرکا کہناتھاکہ معذورو خصوصی افراد کی فلاح وبہبود، تعلیمی میدان میں سہولیات کی فراہمی سمیت ہرشعبہ میں آسانیاں فراہم کررہے ہیں تاکہ معذور وخصوصی افراد بھی اپنی اہلیت اورصلاحیتوں کو بروئے کار لا تے ہوئے معاشرے کی ترقی میں اپنا مکمّل کردار اداکرسکیں۔گورنر نے اس موقع پر وائس چانسلر خیبر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحق اور انکی ٹیم کو معذور بچوں کو داخلہ اور فیسوں میں سہولیات کی فراہمی سے متعلق فوری عملدرآمد پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ کے ایم یو معذور طالبعلموں کو ہر ممکن طبی تعلیمی سہولیات کی فراہمی میں اپنا بہترین کردار ادا کرتی رہےگی۔انہوں نے کہا ان بچوں کو معاشرے پر بوجھ کے بجائے والدین بھی ان کو اعلی تعلیم دینے میں اپنا رول ادا کریں، گورنر کی جانب سے اس سے قبل تمام یونیورسٹیوں کو یہ ہدایت بھی جاری کی گئی تھی کہ ملازمتوں میں معذور افراد کے 2 فیصد اور خواتین کے طے شدہ کوٹہ پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
73266