Chitral Times

May 27, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

پیسکو شدید مالی بحران کا شکار، وزیرِ اعلیٰ کا وزیرٍ اعظم کو خط

Posted on
شیئر کریں:

پیسکو شدید مالی بحران کا شکار، وزیرِ اعلیٰ کا وزیرٍ اعظم کو خط

پشاور(چترال ٹایمز رپورٹ)نگراں وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا اعظم خان نے پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی (پیسکو) کے مالی مسائل سے متعلق وزیرِ اعظم شہباز شریف کو خط لکھ دیا۔وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا اعظم خان نے خط میں وزیر ِاعظم شہباز شریف کو بتایا ہے کہ پیسکو کو سالانہ 200 ارب روپے خسارے کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔خط میں درخواست کی گئی ہے کہ پیسکو شدید مالی مشکلات کا شکار ہے، اس لیے بجلی سپلائی کرنے والی کمپنیوں کی صوبوں کو منتقلی سے متعلق وزراء کی کمیٹی قائم کی جائے۔خط میں لکھا گیا ہے کہ وفاق پیسکو کو صوبے کے حوالے کرنا چاہتا ہے جبکہ موجودہ صورتحال میں صوبائی حکومت پیسکو کا انتظام لینے کو تیار نہیں ہے۔خط میں بتایا گیا ہے کہ 200 ارب روپے سالانہ خسارے اور 30 ارب روپے کے بقایاجات نہیں مل رہے ہیں۔خط میں تشویش کا اظہار کرتے ہوئے لکھا گیا ہے کہ پیسکو منتقل کرنے سے صوبے کے مسائل میں مزید اضافہ ہوگا، پیسکو کو صوبے کیحوالے کرنا ہے تو پاور ہاوسز اور ان کی آمدن بھی صوبیکو دی جائے۔

 

نمز سائنسدان کے لیے گلوبل ینگ اکیڈمی کی رکنیت کا اعزاز

راولپنڈی(سی ایم لنکس)نیشنل یونیورسٹی آف میڈیکل سائنسز(نمز) کے ڈیپارٹمنٹ آف بائیولوجیکل سائنسز کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر وسیم سجاد پی ایچ ڈی(مائیکرو بایالوجی) کو باوقار گلوبل ینگ اکیڈمی (جی وائی اے) کا پانچ سال کے لئے رکن منتخب کیا گیا ہے۔ انہوں نے اکیڈمی کی53 رکنی سلیکشن کمیٹی کے ذریعے منتخب ہونے والے41 نوجوان سائنسدانوں میں سے ایک رکن بننے کا اعزاز حاصل کیا ہے، اس بات کا کااعلان حال ہی میں کیا گیا۔ جی وائی اے چھ براعظموں کے نوجوان ٹیلنٹ کو باہمی طور پر منسلک اور متحرک کرتا ہے اور نوجوان محققین کو بین الاقوامی، انٹر ڈسپلنری اور بین النسلی مکالمے کی قیادت کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔اکیڈمی کا مقصد نوجوان سائنس دانوں کی آواز کو جامع اور موثر انداز میں عالمی، علاقائی اور قومی فیصلہ سازی میں اجاگر کرنا ہے۔ جی وائی اے کا وڑن“سائنس سب کے لیے؛ سائنس مستقبل کے لیے”ہے اور اس کا مشن دنیا بھر کے نوجوان سائنسدانوں کو توانا آواز دینا ہے۔ اتوار کو نمز کے جاری بیان کے مطابق ڈاکٹر وسیم کی رکنیت باضابطہ طور پر جون2023 میں شروع ہوگی، انہیں سالانہ عمومی اجلاس اور نوجوان سائنسدانوں کی بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کے لیے مدعو کیا گیا ہیجو اس سال 5 سے 9 جون تک روانڈا کے شہر کیگالی میں منعقد ہوگی۔ جی وائی اے کی سرگرمیاں 4 موضوعاتی شعبوں پر محیط ہیں جن میں سائنس اور سوسائٹی، جی وائی اے اور پائیدار ترقیاتی اہداف، تحقیقی ماحول اور سائنسی تعلیم اور رسائی شامل ہیں۔ جی وائی اے کے نئے اراکین کے گروپ میں 31 انفرادی ممالک کے نمائندے شامل ہیں جن میں 16 خواتین، 1 غیر بائنری اور24 مرد شامل ہیں۔ اس کے اراکین ورکنگ گروپس، تذویراتی منصوبہ جات اور بین الاقوامی شراکتی تنظیموں کے ساتھ تعاون میں مصروف عمل ہیں۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
72936