Chitral Times

Apr 27, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

جو پرائیویٹ سکولز بچوں سے زیادہ فیسیں وصول کرتے ان کو چاہیے کہ وہ بچوں کو تعلیمی سہولیات سے آراستہ کریں اور اتھارٹی اس پر مکمل توجہ مرکوز رکھے۔ نگران مشیر تعلیم 

Posted on
شیئر کریں:

جو پرائیویٹ سکولز بچوں سے زیادہ فیسیں وصول کرتے ان کو چاہیے کہ وہ بچوں کو تعلیمی سہولیات سے آراستہ کریں اور اتھارٹی اس پر مکمل توجہ مرکوز رکھے۔ نگران مشیر تعلیم

پشاور (نمائندہ چترال ٹائمز) نگراں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے ابتدائی و ثانوی تعلیم رحمت سلام خٹک کی زیر صدارت پرائیویٹ سکولز ریگو لیٹری اتھارٹی کے حوالے سے جائزہ اجلاس پیر کے روز سول سیکرٹریٹ پشاور میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری ابتدائی و ثانوی تعلیم معتصم باللہ شاہ، سپیشل سیکرٹری تعلیم برکت اللہ خان، مینجنگ ڈائریکٹر پرائیویٹ سکولز ریگولیٹری اتھارٹی سیدہ تنزیلہ، ایڈیشنل سیکرٹری عبدالاکرم اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔اس موقع پر مینجنگ ڈائریکٹر پی ایس آر اے نے اتھارٹی کے حوالے سے نگراں مشیر تعلیم کو جامع بریفنگ دی اور اتھارٹی کے امور سے متعلق آگاہ کیا۔

 

نگراں مشیر تعلیم نے کہا کہ گورنمنٹ اور پرائیوٹ اسکولز کے درمیان خلا کو کم سے کم رکھا جائے اور جتنی توجہ محکمہ تعلیم نے گورنمنٹ اسکولوں کی بہتری پر مرکوز رکھی ہوئی ہے اتنی ہی پرائیویٹ سکولز پر بھی توجہ دی جائے کیونکہ یہ ادارے بھی ہمارے بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔رحمت سلام خٹک نے پرائیویٹ سکولز کی رجسٹریشن کے حوالے سے اتھارٹی کو ہدایت جاری کی کہ سکولز کی اتھارٹی کے ساتھ رجسٹریشن میں کمروں، ہالوں اور دیگر کاموں میں زیادہ سختی نہ برتی جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ اسکولوں کی رجسٹریشن کو یقینی بنایا جاسکے اور اسکولوں کے ساتھ ساتھ اتھارٹی کو بھی مالی فوائد مل سکیں۔نگراں مشیر تعلیم نے کہا کہ جو پرائیویٹ سکولز بچوں سے زیادہ فیسیں وصول کرتے ان کو چاہیے کہ وہ بچوں کو تعلیمی سہولیات سے آراستہ کریں اور اتھارٹی اس پر مکمل توجہ مرکوز رکھے تاکہ کسی بھی قسم کی کوتاہی کی صورت میں ان کے خلاف متعلقہ قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جاسکے۔

 

رحمت سلام خٹک نے محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم کے اعلیٰ حکام کو ہدایت کی کہ پی ایس آر اے کے الیکشن کے عمل کو جلد از جلد مکمل کروایا جائے اور ایک ماہ کے اندر اندر پی ایس آر اے کے بورڈ کو مکمل اور جامع شکل دی جائے تاکہ اتھارٹی کے حقیقی مقاصد کی تکمیل ہو سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اتھارٹی کے الیکشن کی راہ میں حا ئل تمام تر مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کروایا جائے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
72218