Chitral Times

Mar 29, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

چیف سیکرٹری امداد اللہ بوسال نے ای-پروکیورمنٹ سسٹم کا اجراء آزمائشی بنیاد پر کر دیا، امسال جولائی سے سسٹم متعلقہ محکموں میں باقاعدہ لاگو کر دیا جائے گا

Posted on
شیئر کریں:

چیف سیکرٹری امداد اللہ بوسال نے ای-پروکیورمنٹ سسٹم کا اجراء آزمائشی بنیاد پر کر دیا، امسال جولائی سے سسٹم متعلقہ محکموں میں باقاعدہ لاگو کر دیا جائے گا

پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا امداد اللہ بوسال نے صوبے میں ای-پروکیورمنٹ سسٹم کا اجراء آزمائشی بنیاد پر پیر کے روز سول سیکرٹریٹ میں منعقدہ تقریب میں کر دیا ہے۔ تقریب میں انتظامی سیکرٹریز، امریکی قونصل جنرل پشاور، مشن ہیڈ یو ایس ایڈ، مینیجنگ ڈائریکٹر خیبرپختونخوا پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی(کیپرا)، ایم ڈی خیبرپختونخوا آئی ٹی بورڈ اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ ای پروکیورمنٹ سسٹم کو کیپرا، یو ایس ایڈ کے تعاون سے خیبر پختونخوا میں متعارف کروارہا ہے۔ چیف سیکرٹری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ای پروکیورمنٹ سسٹم سے سرکاری خریداریوں اور سرکاری ٹھیکوں کے اجراء کے نظام میں شفافیت، معیار، بہتر کارکردگی اور جواب دہی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔

 

انکا مزید کہنا تھا کہ نئے نظام کے اجراء کی بدولت اب پروکیورمنٹ کا بیشتر نظام کمپیوٹر کے توسط سے خود کار طریقے سے ہوگا جس میں انسانی عمل دخل کم سے کم ہوگا اسطرح سے سرکاری ٹھیکوں کے اجراء میں جہاں اقربا پروری اور ذاتی پسند اور ناپسند کا سدباب ممکن ہو سکے گا وہاں سرکاری خریداری کے عمل کی بروقت تکمیل اور سرکاری وسائل کے ضیاع کی روک تھام بھی ممکن بنائی جاسکے گی۔ ایم ڈی کیپرا نے شرکاء کو سسٹم بارے میں بتایا کہ نئے نظام کے تحت موجودہ سسٹم میں سامنے آنے والے نقائص کا سدباب کیا گیا ہے جس سے ٹھیکیدار برادری کے کئی دیرینہ مطالبات پورے ہوں گے۔ یہ سسٹم خیبرپختونخوا ریونیو اتھارٹی، فیڈرل بورڈ آف ریونیو اور بینکوں کے ساتھ منسلک ہے جس کی بدولت STN اور NTN کی تصدیق کا عمل خود کار طریقے سے بروقت انجام پائے گا جس سے وقت کی بچت ہوگی اسکے علاوہ بڈز سیکیورٹی کے لئے ایک نیا نظام وضع کیا گیا ہے جس سے بولی دہندہ گھر بیٹھے اپنی بڈز سیکیورٹی لنک کے ذریعے کسی بھی وقت جمع کروا سکے گا اس سے نہ صرف بولی دہندگان کے لئے آسانیاں پیدا ہوں گی بلکہ خریداری کرنے والے ادارے کے لئے بھی سہولت کا سبب ہوگا۔ کم یا جعلی کال ڈیپازٹ ریسیٹ کی تصدیق وغیرہ جیسے مسائل سے چھٹکارا مل سکے گا۔ اس کے علاوہ اس نئے نظام میں بولی کی رازداری کو مکمل طور پر یقینی بنانے کیلئے بھی اقدامات کئے گئے ہیں اس مقصد کے لیے پن کوڈ کی اصطلاح متعارف کرائی گئی ہے اس طرح بولی کی رازداری سے متعلق شکایات کا ازالہ ممکن ہو سکے گا۔ایم ڈی کیپرا نے کہا کہ نئے سسٹم کا آزمائشی بنیاد پر اجراء کر دیا ہے اور امسال جولائی سے متعلقہ محکموں میں باقاعدہ لاگو کر دیا جائے گا۔

سسٹم کی تیاری میں صوبائی محکموں بالخصوص لوکل گورنمنٹ، سی اینڈ ڈبلیو، آبپاشی، آبنوشی، سائنس ٹیکنالوجی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی نے بھرپور تعاون فراہم کیا۔ اسکے علاوہ ٹھیکیدار برادری کا بھی بھر پور تعاون حاصل رہا۔ چیف سیکرٹری نے کیپرا، یو ایس ایڈ، پاکستان کیپیسٹی ڈ یویلپمنٹ سروسز کی مذکورہ سسٹم کے لئے تکنیکی اور مالی معاونت کو سراہا اور امید کا اظہار کیا کہ وہ اس تعاون کو مستقبل میں بھی جاری رکھیں گے۔دریں اثناء، صوبائی مردم شماری رابطہ کمیٹی کا اجلاس چیف سیکرٹری کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ جس میں صوبے میں جاری ساتویں خانہ و مردم شماری پر اب تک پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ چیف سیکرٹری نے مردم شماری کی کامیابی کے ساتھ تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے متعلقہ اداروں کے مابین اچھی ہم آہنگی کی اہمیت پر زور دیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ عوام کی سہولت کے لیے خود شماری کی تاریخ 10 مارچ 2023 تک بڑھا دی گئی ہے۔


شیئر کریں: