Chitral Times

May 5, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

وزیرِ اعظم نے ادویات کی قیمتوں میں اضافے کیلئے کمیٹی بنا دی

Posted on
شیئر کریں:

وزیرِ اعظم نے ادویات کی قیمتوں میں اضافے کیلئے کمیٹی بنا دی

اسلام آباد(چترال ٹایمز رپورٹ)وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ادویات کی قیمتوں میں اضافے کے لیے کمیٹی بنا دی ہے، جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی فارماسیوٹیکل کمپنیوں کی ادویات کی قیمتوں میں اضافے کی درخواست پر بنائی گئی ہے، حکومت کی جانب سے کمیٹی کی سربراہی وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار کریں گے۔نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی میں وزیرِ صحت عبدالقادر پٹیل، ایاز صادق اور دیگر اعلیٰ حکومتی عہدیدار شامل ہوں گے، کمیٹی ادویات کی قیمتوں میں اضافے کے مطالبات کا جائزہ لے کر فیصلہ کرے گی۔اعلیٰ سطح کی کمیٹی ڈرگ پرائسنگ پالیسی 2018ء کا بھی ازسرِنو جائزہ لے گی۔مقامی فارماسیوٹیکل انڈسٹری کی نمائندگی فاروق بخاری، زاہد سعید، قاضی منصور دلاور کریں گے۔نوٹیفکیشن کے مطابق ملٹی نیشنل فارماسیوٹیکل کمپنیوں کی نمائندگی ارم شاکر رحیم اور عائشہ ٹیمی حق کریں گی۔حکام کے مطابق پاکستانی فارماسیوٹیکل انڈسٹری کی جانب سے تمام ادویات کی قیمتوں میں 40 فیصد اضافے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ادویات کی قیمتوں میں اضافے کے لیے بنائی گئی کمیٹی کا تاحال کوئی اجلاس نہیں بلایا گیا ہے۔

 

 

عمران خان کی جنرل ساحر اور جنرل عاصم کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد

لاہور(سی ایم لنکس)چیئرمین پی ٹی آئی، سابق وزیرِ اعظم عمران خان نے جنرل ساحر شمشاد مرزا اور جنرل عاصم منیر کو عہدہ سنبھالنے پر مبارک باد دی ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے بیان میں عمران خان نے کہا ہے کہ ریاست کی طاقت عوام سے حاصل کی جاتی ہے۔ان کا مزید کہنا ہے کہ امید ہے کہ نئی قیادت 8 ماہ میں قوم اور ریاست کے درمیان عدم اعتماد کے فقدان پر قابو پائے گی۔عمران خان کے ٹویٹ میں قائدِ اعظم کی ایک تقریر کا اقتباس بھی شامل ہے۔

 

 

پاک بحریہ کاکامیاب آپریشن،سمندر میں 8.6 ارب روپے مالیت کی منشیات قبضے میں لے لی

کراچی(چترال ٹایمز رپورٹ)پاک بحریہ کے دو جہازوں نے فضائی یونٹ کے تعاون سے شمالی بحیرہ عرب میں تقریباً 5800 کلوگرام منشیات قبضے میں لے لی۔پاکستان بحریہ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق پاک بحریہ بحیرہ عرب میں تزویراتی طورپر اہم آبی گزرگاہوں پر کسی بھی قسم کی غیر قانونی سرگرمیوں کو روکنے،ان کا تدراک کرنے اور ناکام بنانے کے اپنے قومی عزم کو جاری رکھے ہوئے ہے،حالیہ پیشرفت میں پاک بحریہ کے دو جہازوں نے بحیرہ عرب میں کامیاب انسداد منشیات آپریشن کیا جس کے نتیجے میں منشیات کی بڑی کھیپ قبضے میں لے لی۔شمالی بحیرہ عرب میں میری ٹائم سیکیورٹی آپریشنز کرتے ہوئے پاک بحریہ کے جہازوں نے دو مشکوک کشتیوں کو تلاش کیا اور مؤثر اندازمیں کارروائی کرتے ہوئے ان کشتیوں کی چھان بین پر منشیات کی بڑی مقداربرآمد کی جس کی بین الاقوامی منڈی میں مالیت کا تخمینہ تقریباً 8.6 ارب روپے ہے۔ پکڑی گئی دونوں کشتیوں کو زمینی قانون کے مطابق مزید کارروائی کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حوالے کر دیا گیا ہے۔پاک بحریہ کا کامیاب انسداد منشیات آپریشن سمندر میں امن و امان برقرار رکھنے کی قومی اور بین الاقوامی ذمہ داریاں نبھانے میں پاک بحریہ کے عزم کا مظہر ہے۔ پاک بحریہ کسی بھی غیر قانونی سرگرمی سے نمٹنے اور اپنی سمندری سرحدوں کی حفاظت کیلئے ہمہ وقت تیار ہے۔

اعظم سواتی کا جسمانی ریمانڈ منظور کرنے کا تحریری حکم نامہ جاری

اسلام آباد(سی ایم لنکس)اسلام آباد کی عدالت نے متنازع ٹوئٹ کیس میں پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اعظم سواتی کا جسمانی ریمانڈ منظور کرنے کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا۔سینئر سول جج اسلام آباد محمد شبیر نے ایک صفحے پر مشتمل تحریری حکم نامہ جاری کیا ہے۔تحریری حکم نامے میں آئندہ سماعت پر اعظم سواتی کا پمز اسپتال سے طبی معائنہ کروانے کے بعد انہیں 3 دسمبر کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔حکم نامے کے مطابق اعظم سواتی کے وکیل کے مطابق کچہری میں پیشی کے دوران ملزم کی جان کو خطرہ ہے، اگر اعظم سواتی کو عدالت لایا گیا تو ان پر حملے کی مصدقہ معلومات ہیں۔تحریری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ 3 دسمبر تک ملزم کے وکیل نے جسمانی ریمانڈ میں توسیع پر اعتراض نہیں کیا، اعظم سواتی کی حاضری ویڈیو لنک کے ذریعے لگائی گئی، تفتیشی افسر کے واٹس ایپ نمبر پر ویڈیو کال کے ذریعے اعظم سواتی کو سنا گیا۔سینئر سول جج محمد شبیر کی جانب سے جاری کردہ حکم نامے کے مطابق اعظم سواتی نے پراسیکیوشن کی جانب سے کسی بدسلوکی یا بدتمیزی کی شکایت نہیں کی۔حکم نامے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اعظم سواتی کے جسمانی ریمانڈ میں 4 دن کی توسیع کی جاتی ہے، ان کا پمز اسپتال سے طبی معائنہ کروانے کے بعد 3 دسمبر کو عدالت میں انہیں پیش کیا جائے۔

 


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
68655