Chitral Times

Apr 26, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

ایف پی سی سی آئی اور ایریا سٹڈی سنٹر پشاور یونیورسٹی میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط

شیئر کریں:

ایف پی سی سی آئی اور ایریا سٹڈی سنٹر پشاور یونیورسٹی میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط
تعلیم کا مقصد صرف اور صرف نوکری کا حصول نہ بنائیں ، اپنی نسلوں اور نوجوانوں کو بتائیں کہ تعلیم دراصل تربیت کا دوسرانام ہے ، جدید دور کا مقابلہ کرنے نئی راہیں تلاش کریں ، مہمان خصوصی سینیٹر حاجی غلام علی خطاب

فیڈریشن اور اکیڈیمیا کے مابین یہ ایم او یو تاریخی ثابت ہوگا، سنٹرل ایشیا کے ساتھ تجارت کو فروغ دینے میں تجربات سے فائدہ اٹھایا جائیگا، سرتاج احمد خان

پشاور ( نمایندہ چترال ٹایمز )فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور ایریا سٹڈی سنٹر پشاور یونیورسٹی کے مابین تجربات اور تحقیق کے تبادلے سمیت دیگر اہم امور کے لیے اہم مفاہمتی یادداشت پر دستخط کردیے گئے ، ایم او یو کی رو سے اب سنٹرل ایشیائی ممالک کے ساتھ تجارت کو فروغ دینے میں مل کر کام کیا جائیگا، سارک چیمبر کے نائب صدر سینیٹر حاجی غلام علی نے کہا ہے کہ ہم نے نوجوانوں کو تعلیم کے ساتھ ساتھ عملی میدان میں جدید دور کے تقاضوں کے مطابق زندگی گزارنے کے گُر بھی سکھانے ہونگے جو کہ وقت کی اہم ضرورت ہے ۔

chitraltimes fpcci and peshawar university stady center mou signed 4

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ایف پی سی سی آئی اور ایریا سٹڈی سنٹر پشاور یونیورسٹی کے مابین ہونے والی مفاہمتی یادداشت کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ایم او یو دستخط تقریب میں ایف پی سی سی آئی کے کوآرڈینیٹر سرتاج احمد خان ، ریجنل سیکرٹری انجنیئر خالد حیدر ، ایپشیا کے چیئرمین منہاج الدین ، ایف پی سی سی آئی کے سابق صدرفضل الٰہی، عدنان جلیل ، بزنس کمیونٹی کے سینیئر رہنما، ایریا سٹڈی سنٹر کے ڈائریکٹر ڈاکٹر شبیر احمد ، پروفیسرز ، ٹیچرز اور طلبہ و طالبات شریک تھے ۔ ڈاکٹر شبیر احمدخان نے مہمان خصوصی حاجی غلام علی اور دیگر کو سنٹر کو دورہ کرایا اور مختلف شعبوں کے حوالے سے بریفنگ دی ۔ بعد ازاں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر ڈاکٹر شبیر احمد خان نے کہا کہ افغان جنگ ختم ہونے کے بعد اب یہ وقت ہے کہ پاکستان اور سنٹرل ایشیائی ممالک کے مابین تجارت کو تاریخی فروغ دیا جائے ، اس کے لیے انڈسٹری اور اکیڈیمیا کا آپس میں تعلق مضبوط ہونا انتہائی ضروری ہے ۔

 

تقریب سے خطاب میں ایف پی سی سی آئی کے کوآرڈینیٹر سرتاج احمد خان کا کہنا تھا کہ ایف پی سی سی آئی صوبے بھر بالخصوص پشاور کی تاجر برادری اور بزنس کمیونٹی کے مسائل کے حل کے لیے شب و روز اپنی کاوشیں جاری رکھے ہوئے ہے اور آج کی یہ تقریب بھی اسی سلسلے کی ایک مضبوط کڑی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس اس صوبے اور پشاور میں کاروبار اور تجارت کے بے شمار مواقع اور وسائل موجود ہیں تاہم انہیں رستے پر لانے کی ضرورت ہے ۔ نمک منڈی میں قیمتی پتھروں کے کاروبار کو توجہ دی جائے تو یہ دنیا کی تاریخی منڈی کا درجہ حاصل کریگی ۔

chitraltimes fpcci and peshawar university stady center mou signed 3

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سارک چیمبر کے نائب صدر اور مہمان خصوصی سینیٹر حاجی غلام علی کا کہنا تھا کہ انڈسٹری اور اکیڈیمیا کا تعلق وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ ہم نے اپنے بچوں اور نوجوانوں کو یہ سکھانا ہے کہ تعلیم کو صرف نوکری کے حصول کا ذریعہ نہ سمجھا جائے بلکہ اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے کاروبار کی ترقی میں پیش قدمی کریں تاکہ انہیں جدید دور کے جدید تقاضوں سے ہمکنار ہونے کا بھرپور موقع بھی ملے اور ان کی وجہ سے ملک و قوم کا نام بھی روشن ہو۔ انہوں نے کہا کہ ہمسائیہ ممالک کے ساتھ تجارت کو فروغ دینے کے لیے ہم نے پہلے اپنے روابط مضبوط کرنے ہیں اور جہاں اس حوالے سے صنعت کار اور سرمایہ کار اپنا کردار ادا کررہے ہیں وہاں ہمارے ہونہار طلبہ و طالبات بھی اس میدان عمل میں بھر پور کردار ادا کرسکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی سمیت پوری بزنس کمیونٹی تحقیقی و تجربات کے اس مشن میں اپنے طالب علموں کا ساتھ دیگی ۔

chitraltimes fpcci and peshawar university stady center mou signed 5 chitraltimes fpcci and peshawar university stady center mou signed 9


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں, چترال خبریںTagged
68214