Chitral Times

Apr 26, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

پی آئی اے میں جعلی ڈگری کے 840 کیسز ہیں، ڈی جی ایف آئی اے کا انکشاف

Posted on
شیئر کریں:

پی آئی اے میں جعلی ڈگری کے 840 کیسز ہیں، ڈی جی ایف آئی اے کا انکشاف

اسلام آباد(چترال ٹایمز رپورٹ)پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے اجلاس میں ڈی جی ایف آئی اے نے انکشاف کیا ہے کہ پی آئی اے میں جعلی ڈگری کے 840 کیسز ہیں۔ پارلیمنٹ کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا اجلاس چیئرمین نور عالم خان کی صدارت میں ہوا، جس میں سول ایوی ایشن ڈویڑن کے آڈٹ اعتراضات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ڈی جی ایف آئی اے محسن بٹ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پی آئی اے پریمیئر سروس سے ہونے والے نقصان کی انکوائری دوبارہ شروع کر دی گئی ہے۔ڈی جی ایف آئی اے کے مطابق لیگی دور میں شروع کی گئی نئی سروس سے قومی خزانے کو 3 ارب 19 کروڑ روپے کا نقصان ہوا۔ انکوائری مکمل کرکے رپورٹ پی اے سی کو پیش کردی جائے گی۔ واضح رہے کہ گزشتہ اجلاس میں ثبوت نہ ہونے کی بنیاد پر انکوائری بند کرنے پر پی اے سی نے تحفظات کا اظہار کیا تھا۔ارکان کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈی جی ایف آئی اے نے مزید بتایا کہ پی آئی اے کے لیے آئی پیڈز کرائے پر لینے سے بھی 9 کروڑ 90 لاکھ کا نقصان ہوا۔ ایف آئی آرز رجسٹرڈ کرکے چالان بھی جمع کرا دیا گیا ہے۔ 2 لوگ مفرور ہیں ان کی ضمانت منسوخی کی کوشش جاری ہے۔پی اے سی نے ملزمان کے شناختی کارڈ بلاک کرنے کی ہدایت کر دی۔

 

چیئرمین کمیٹی نور عالم خان نے کہا کہ اس سے ان کے بینک اکاؤنٹس بند ہوں گے، تب یہ خود ہی آجائیں گے۔ علاوہ ازیں ڈی جی ایف آئی اے نے پی آئی اے میں جعلی ڈگری کیس پر بھی بریفنگ دی، جس میں انہوں نے بتایا کہ 15 کیسز رجسٹرڈ ہو چکے ہیں، مزید انکوائریز جاری ہیں۔ڈی جی ایف آئی اے کے مطابق جعلی ڈگری کے کیسز کا تعلق، کراچی، سندھ، پنجاب، پختون خوا وغیرہ سے ہے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ پی آئی اے میں جعلی ڈگری کے 840 کیسز ہیں۔ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے جعلی ڈگری والوں کے معاونین اور سہولت کاروں کے خلاف بھی کارروائی کی ہدایت کر دی۔علاوہ ازیں پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے ملک بھر تمام ائرپورٹس پر مزدوروں اور اوورسیز پاکستانیوں کے لیے سہولتی ڈیسک قائم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹیرینز سمیت دہری شہریت والے نہیں بلکہ بیرون ملک مزدور زیادہ قابل عزت ہیں۔ڈی جی اے ایس ایف نے بریفنگ دیتے ہوئے کمیٹی ارکان کو بتایا کہ ملک بھر تمام ائر پورٹس پر 15 ہزار تک ائر پورٹ سکیورٹی اہلکار تعینات ہیں۔ گوادر، تربت اور پشاور کے ائر پورٹس پر مقامی سکیورٹی فورس تعینات ہے۔ آڈٹ پیرا کے مطابق ائرپورٹس سکیورٹی کیلیے ہتھیاروں کی خریداری میں قوانین کی خلاف ورزی کی گئی۔ قوانین کی خلاف ورزی میں 5 افسران کے خلاف محکمانہ کارروائی شروع کر دی ہے۔

 

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

 

یو اے ای کے وزیرشیخ نہیان بن مبارک کا سیلاب متاثرین کیلئے 10 ملین ڈالردینے کا اعلان

دبئی(سی ایم لنکس) متحدہ عرب امارات (یواے ای) کے وزیر کلچر، نوجوانان اور سماجی ترقی شیخ نہیان بن مبارک آل نہیان نے سیلاب متاثرین کے لئے 10 ملین ڈالر کی امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔یواے ای کے وزیر کلچر، نوجوانان اورسماجی ترقی شیخ نہیان بن مبارک آل نہیان نے پاکستان کے سیلاب متاثرین کے لئے بڑی مالی امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔شیخ نہیان بن مبارک پاکستان میں سیلاب زدگان کے لئے 10 ملین ڈالرز دیں گے۔ سیلاب متاثرین کے لئے انفرادی طورپر دیا جانے والا یہ اب تک سب سے بڑا عطیہ ہے۔وزیراعظم شہبازشریف نے سیلاب متاثرین کی فراخ دلانہ مدد پرشیخ نہیان بن مبارک آل نہیان کا شکریہ ادا کیا۔وزیراعظم نے شیخ نہیان بن مبارک کے نام پیغام میں کہا کہ یہ عطیہ آپ کی پاکستانی عوام سے بے لوث محبت اور انسانیت کے لئے دردمندی کا ثبوت ہے۔ پاکستان کی حکومت اور عوام آپ کے ایثار کو کبھی فراموش نہیں کریں گے۔ اس امداد سے سیلاب متاثرین کے ریسکیو، ریلیف اور بحالی میں بڑی مدد ملے گی۔ پاکستانی عوام سے آپ کی محبت دونوں ممالک کے برادرانہ تعلق کی تاریخ کا سنہری باب ہے۔

 

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس جمعہ سے پاکستان کا دو روزہ دورہ کریں گے

اسلام آباد( چترال ٹایمز رپورٹ)اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش شدید سیلاب سے متاثرہ پاکستان سے اظہار یکجہتی کیلئے جمعہ سے پاکستان کا دو روزہ دورہ کریں گے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جمعرات کو جاری بیان کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل 9 سے 10 ستمبر تک پاکستان کا دورہ کریں گے جس کا مقصد ملک بھر میں شدید بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے ہونے والی تباہی اور قدرتی آفت کا مقابلہ کرنے والے پاکستان کی حکومت اور عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنا ہے۔اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس دورے کے دوران پاکستانی قیادت اور اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گے جس میں وہ موسمیاتی تبدیلی سے ہونے والی تباہی کے قومی اور عالمی ردعمل پر تبادلہ خیال کریں گے۔ سیکرٹری جنرل موسمیاتی تباہی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے علاقوں کا دورہ بھی کریں گے جہاں وہ بے گھر خاندانوں اور متاثرہ علاقوں میں ابتدائی بچاؤاور امدادی کارروائیاں کرنے والوں کے ساتھ بات چیت کریں گے۔ترجمان کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل لاکھوں متاثرہ لوگوں کے لیے حکومت کی بچاؤ اور امدادی کوششوں کی حمایت میں اقوام متحدہ کے انسانی امداد کے کام کی نگرانی کریں گے۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش کا دورہ پاکستان اس قدرتی آفت کے نتیجے میں ہونے والے جانی نقصان اور بڑے پیمانے پر ہونے والی تباہی کے بارے میں عالمی بیداری کو مزید فروغ دے گا۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا یہ دورہ 33 ملین متاثرہ پاکستانیوں کی انسانی اور دیگر ضروریات کے لیے ہم آہنگ اور مربوط بین الاقوامی ردعمل کو بڑھانے میں معاون ثابت ہوگا۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے پاکستان کے فلڈ ریسپانس پلان کی فنڈنگ کے لیے 160 ملین امریکی ڈالر کی اقوام متحدہ کی“فلیش اپیل”کی 30 اگست کو اسلام آباد اور جنیوا میں بیک وقت منعقد ہونے والے لانچنگ تقریب میں ایک طاقتور ویڈیو پیغام میں فعال طور پر حمایت کی۔اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل مسلسل اس طرح کی آفات کو موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے منسلک کرنے پر زور دیتے رہے ہیں اور وہ عالمی برادری کو خبردار کرتے رہے ہیں کہ اگر موسمیاتی تبدیلیوں کو بروقت اور موثر طریقے سے حل نہ کیا گیا تو اس سے ہمارے سیارے سنگین خطرات لاحق ہوں گے۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا دورہ پاکستان سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی بحالی اور تعمیر نو کے مرحلے اور مستقبل میں موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے پاکستان کی پائیدار بین الاقوامی حمایت کی اہمیت کو بھی اجاگر کرے گا۔

 


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
65620