Chitral Times

May 13, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

حکومت کا حاجیوں کو فی کس ڈیڑھ لاکھ روپے واپس کرنے کا فیصلہ

شیئر کریں:

حکومت کا حاجیوں کو فی کس ڈیڑھ لاکھ روپے واپس کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد(چترال ٹایمز رپورٹ)وزارت مذہبی امور نے 31 اگست تک حاجیوں کو فی کس ڈیڑھ لاکھ روپے واپس کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے اور اس ضمن میں تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق حج آپریشن 2022 کی تکمیل کے بعد وزیر مذہبی امورمفتی عبدالشکور نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ 31 اگست تک حاجیوں کو فی کس ڈیڑھ لاکھ روپے واپس مل جائیں گے۔ انہوں نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں لکھا ’سرکاری حجاج کرام کو ڈیڑھ لاکھ روپے حج سپورٹ رقم کی واپسی 17 اگست سے شروع ہو گی، متعلقہ بینکوں کو رقوم منتقل، ادائیگی کی ہدایات جاری کر دی گئیں۔

سرکاری حجاج کرام کی وطن واپسی مکمل ہونے کے ساتھ ہی حسب وعدہ فی کس ڈیڑھ لاکھ روپے حج سپورٹ فنڈ کی رقوم واپس کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا۔‘ اپنی بات جاری رکھتے ہوئے ان کا کہنا تھا ’حج سپورٹ فنڈ کی مد میں سرکاری حجاج کرام کو 5 ارب، 10 کروڑ 73 لاکھ 50 ہزار روپے کی تقسیم کا عمل 17 اگست تا 31 اگست مکمل کر لیا جائے گا۔ 34 ہزار 49 سرکاری حجاج کو رقوم کی واوپسی کی اطلاع بذریعہ موبائل ایس ایم ایس کی جائے گی۔

 

سرکاری حجاج مقررہ وقت کے اندر اپنے متعلقہ بینک سے رابطہ کریں۔‘ مفتی عبدالشکور نے مزید بتایا ’مختصر وقت میں ہم نے حج 2022ء کے اعلیٰ انتظامات کو ممکن بنایا۔ اس سال حج کی نمایاں خصوصیات میں اسلام آباد سے 15 ہزار سے زائد سرکاری حجاج کو ’روٹ ٹو مکہ‘ کی سہولت، مکہ مکرمہ میں 10 سال کے بعد حرم کے قریب ترین رہائش گاہیں، تمام حجاج کو حرم ٹرانسپورٹ بلاتعطل فراہمی شامل ہے۔‘

 

 

 

بین الاقوامی پروازوں کے تمام مسافروں کیلیے کرنسی ڈکلیئریشن لازمی قرار

اسلام آباد(سی ایم لنکس) حکومت نے بیرون ملک سے پاکستان آنے اور دیگر ممالک کو جانے والے تمام مسافروں کے لیے کرنسی ڈکلیئریشن لازمی قرار دے دیا۔ حکومت نے منی لانڈرنگ پر قابو پانے کی کوششوں اور ایف اے ٹی ایف کی شرط پر عمل کا آغاز کردیا ہے۔ اس سلسلے میں سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ایف بی آر کی ہدایت پر بین الاقوامی پروازوں کے تمام مسافروں کے لیے کرنسی ڈکلیئریشن کا نوٹی فکیشن جاری کردیا ہے۔سی اے اے کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹی فکیشن کے مطابق ڈکلیئریشن فارم پْر کر کے ائر لائن عملے کے حوالے کرنا ہو گا، جس میں مسافر کو ملکی و غیر ملکی کرنسی کی تفصیلات ظاہر کرنا ہوں گی۔اتھارٹی کی جانب سے ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ ائرلائنز کے ٹکٹ بکنگ دفاتر میں بھی کرنسی ڈکلیئریشن فارمز مہیا کیے جائیں۔نوٹیفکیشن کے مطابق مسافر پرواز کے لیے چیک اِن سے قبل فارم کسٹمز اسٹاف کو جمع کروائیں گے۔سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ضوابط ملک کے تمام ہوائی اڈوں پر آنے اور جانے والی پروازوں کے لیے لاگو کردیے ہیں۔ مسافر ڈکلیئریشن جمع کرائے بغیر طیارے پر سوار ہو سکیں گے اور نہ ہی ائرپورٹ سے باہر جا سکیں گے۔سول ایوی ایشن اتھارٹی کے نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ ملکی و غیر ملکی ائرلائنز، پائلٹس اور عملے کو کسٹمز ڈکلیئریشن فارم کی شقوں سے متعلق مکمل تفصیلات سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔ ڈکلیئریشن پْر نہ کرنے کی صلاحت رکھنے والے مسافروں کا فارم ائر لائن اسٹاف کی مدد سے پْر کیا جا سکتا ہے۔ ہوائی اڈوں پر کرنسی ڈکلیئریشن فارمز موصول کرنے کے لیے باقاعدہ کاؤنٹرز قائم کرنے کی بھی ہدایت جاری کردی گئی ہے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
64739