Chitral Times

Apr 27, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

مروئے کے مقام پر کوہ کےعوام کا لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاج،  چترال گلگت روڈ دس گھنٹوں تک بلاک رکھنے کے بعد ضلعی انتظامیہ کی یقین دہانی پر کھول دیا گیا 

Posted on
شیئر کریں:

مروئے کے مقام پر کوہ کےعوام کا لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاج،  چترال گلگت روڈ دس گھنٹوں تک بلاک رکھنے کے بعد ضلعی انتظامیہ کی یقین دہانی پر کھول دیا گیا

چترال (نمائندہ  چترال ٹائمز) صوبائی محکمہ پیڈو کی طرف سے پیسکو کو بجلی کے صرف شدہ یونٹوں کے لئے ادائیگی نہ ہونے پر یونین کونسل کوہ میں بجلی کی طویل دورانیے کی لوڈ شیڈنگ کے خلاف عوام نے مروئے کے مقام پر چترال گلگت روڈ دس گھنٹوں تک بلاک کئے رکھا جس سے مسافروں کو شدید تکالیف کا سامنا کرنا پڑا جن میں جشن شندور کے لئے جانے والے سیاح بھی شامل تھے۔ اہالیاں کوہ کا کہنا تھاکہ پیسکو اور پیڈو دونوں حکومتی ادارے ہیں جن کے درمیاں لین دین کے تنازعے پر بجلی کے صارفین کوبجلی کی بندش کی صورت میں نہیں ملنا چاہئے۔احتجاج ختم کرانے کے لئے ڈپٹی کمشنر لویر چترال انوارالحق نے اے ڈی سی حیات شاہ کو مذاکر ات کے لئے مروئے بھیج دیا جہاں وہ چترال سکاوٹس کے افسر، پیسکو اور پیڈو کے افسران کے ساتھ مل کر مقامی رہنماؤں مولانا عبدالرحمن، مولانا اخونزادہ رحمت اللہ، شریف حسین، وی سی چیرمین عبدالناصر کے ساتھ کئی گھنٹوں تک گفت وشنید کی۔ معاہدہ نامہ کے مطابق پیڈو اور پیسکو کے درمیان معاملات طے ہونے تک کوہ یونین کونسل میں بجلی کی لوڈشیڈنگ بالکل نہیں ہوگی اور احتجاج کرنے والوں کے خلاف کوئی قانونی کاروائی نہیں ہوگی اور نہ ہی ایف آئی آر درج کیا جائے گا۔ بعدازاں احتجاج کرنے والے پرامن طور پر منتشر ہوگئے اور سڑک سے بڑے بڑے پتھر ہٹانے کے بعد موٹر گاڑیوں کی ٹریفک دوبارہ بحال کردی گئی۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں, چترال خبریںTagged
63028