Chitral Times

Apr 26, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

خیبر پختونخوا میں سرکاری رعایتی نرخ پر آٹے کی ترسیل جاری ہے۔ عاطف خان

Posted on
شیئر کریں:

خیبر پختونخوا میں سرکاری رعایتی نرخ پر آٹے کی ترسیل جاری ہے۔ عاطف خان
بجٹ میں صوبائی حکومت نے 35 ارب روپے کی کثیر رقم مختص کی ہے۔صوبائی وزیر خوراک
صوبے میں 26 ارب روپے کی انصاف فوڈ کارڈ سکیم شروع کر رہے ہیں جس کے تحت دس لاکھ خاندانوں کو ماہانہ 2100 روپے د ئیے جائیں گے.عاطف خان

پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) خیبرپختونخوا کے وزیر خوراک عاطف خان نے کہا ہے کہ صوبے میں سرکاری رعایتی نرخ پر آٹے کی ترسیل جاری ہے جس کے لئے مالی سال 2022-23 کے بجٹ میں صوبائی حکومت نے 35 ارب روپے کی کثیر رقم مختص کی ہے، ان خیالات کا اظہار انھوں نے سرکاری سبسیڈائرڈ آٹے کی فراہمی کے حوالے سے اپنے دفتر سے جاری ایک بیان میں کیا، صوبائی وزیر نے کہا کہ صوبے کے عوام کو انکی دہلیز پر رعایتی نرخوں پر آٹے کی فراہمی کے لئے تمام اضلاع میں رجسٹرڈ ڈیلرز کے بعد موبائل ٹرکوں کے ذریعے بھی سبسیڈائزڈ آٹے کی فراہمی کا آغازکیا گیاہے جو ضلعی انتظامیہ اور محکمہ خوراک کی نگرانی میں عوام کو فراہم کیا جا رہا ہے، سرکاری آٹے میں کسی بھی قسم کی خرد برد سے بچنے کے لئے اٹھائے گئے اقدام کے حوالے سے عاطف خان نے کہا کہ اس مقصد کے لئے سبز رنگ کا تھیلا متعارف کرایا ہے جس سے سرکاری آٹے کی پہچان میں آسانی ہوگی،

انھوں نے کہا کہ 20 کلو آٹے کا تھیلا رعایتی نرخ پر 980 اور 10 کلو تھیلا 490 روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے، انھوں نے کہا کہ صوبے کے غریب شہریوں کوسبسیڈائزڈ آٹے کی فراہمی پورا سال جاری رہے گا عوام کو مزید ریلیف کی فراہمی کے لئے صوبائی حکومت کی جانب سے ایک اور اقدام کا ذکر کرتے ہوئے عاطف خان نے کہا کہ آٹے پر سبسڈی کے علاوہ یکم جولائی سے صوبے میں 26 ارب روپے کی انصاف فوڈ کارڈ سکیم شروع کر رہے ہیں جس کے تحت دس لاکھ خاندانوں کو ماہانہ 2100 روپے د ئیے جائیں گے جو مہنگائی سے متاثرہ غریب خاندانوں کے لئے صوبائی حکومت کی جانب سے ایک پیغام بھی ہے کہ حکومت کو انکی تکالیف و مشکلات کا بھرپور ادراک بھی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہمیں مہنگائی کا پورا احساس ہے اور غریب شہریوں کو تمام ممکن سہولیات فراہم کرنے کے لئے بھرپور کو ششیں بھی کر رہے ہیں، انھوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ آٹے میں بدعنوانی کی صورت میں محکمہ خوراک کے شکایات نمبرز 091-9225436(ٹیلی فون)، اور 0316-9890861 (واٹس ایپ نمبر) پر محکمے کے حکام کو آگاہ کیا جائے تا کہ بدعنوانی کے مرتکب افراد کیخلاف سخت قانونی کارروائی کی جاسکے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
62755