Chitral Times

Apr 26, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

ضلعی انتظامیہ اور محکمہ خوراک کے افسران سبسیڈائزڈ آٹے کی فراہمی کی کڑی نگرانی کریں۔عاطف خان

Posted on
شیئر کریں:

ضلعی انتظامیہ اور محکمہ خوراک کے افسران سبسیڈائزڈ آٹے کی فراہمی کی کڑی نگرانی کریں۔عاطف خان

محدود وسائل کے باوجود صوبائی حکومت عوام کو ہر ممکن ریلیف دینے کی کوششیں کرتی ہے۔ صوبائی وزیر خوراک

 

پشاور(چترال ٹایمز رپورٹ)خیبرپختونخوا کے وزیر خوراک عاطف خان نے محکمہ خوراک کے حکام کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ اور محکمہ خوراک کے افسران سبسیڈائزڈ(رعایتی) آٹے کی سپلائی کی کڑی نگرانی کریں اور تمام سیل پوائنٹس پر سرکاری رعایتی نرخ کے بینرز آویزاں کیئے جائیں تاکہ سرکاری آٹے میں خرد برد سے بچا جا سکے انھوں نے کہاکہ خرد برد میں ملوث افراد کے خلاف قانونی چارہ جوئی عمل میں لائی جائے کیونکہ غریب شہریوں کے حق پر کسی کو ڈاکہ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی ان خیالات کا اظہار انھوں نے صوبے میں سرکاری رعایتی نرخ پر آٹے کی فراہمی کے حوالے سے پیر کے روز ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا اجلاس میں سیکرٹری محکمہ خوراک مشتاق احمد سمیت دیگر اعلی افسران نے شرکت کی۔

 

اجلاس میں سیکرٹری خوراک نے صوبائی وزیر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ حکومت خیبرپختونخوا کی جانب سے صوبے کے تمام اضلاع میں رجسٹرڈ آٹا ڈیلرز کو سرکاری رعایتی آٹے کی ترسیل جاری ہے اور اس سلسلے میں ایک دو دن میں رجسٹرڈ آٹا ڈیلرز کیساتھ ساتھ موبائل ٹرکوں کے ذریعے بھی مارکیٹس میں آٹے کی فراہمی شروع کی جائے گی عاطف خان کو بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ سرکاری رعایتی نرخ پر آٹے کی واضح پہچان کے لئے سبز تھیلا متعارف کرایا گیا ہے، اس موقع پر صوبائی وزیر عاطف خان نے حکام کو ہدایت کرتے ہوئے کہا ضلعی انتظامیہ اور محکمہ خوراک کے افسران سبسیڈائزڈ آٹے کی سپلائی کی کڑی نگرانی کریں اور تمام سیل پوائنٹس پر سرکاری رعایتی نرخ کے بینرز آویزاں کئے جا ئیں انھوں نے ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت کو مہنگائی کا احساس ہے،اسی لئے محدود وسائل کے باوجود صوبائی حکومت عوام کو ہر ممکن ریلیف دینے کی کوششیں کررہی ہے اور عوام کو انصاف فوڈ کارڈ کی فراہمی اور رعایتی نرخوں پر آٹے کی فراہمی بھی اس سلسلے کی ایک کڑی ہے انھوں نے شہریوں سے اپیل ہے کہ سرکاری آٹے میں کسی بھی بدعنوانی کیخلاف محکمہ خوراک کے شکایت نمبرز پر حکام کو آگاہ کریں کیونکہ بد عنوان عناصر کا راستہ روکنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
62682