Chitral Times

Oct 4, 2022

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

مالاکنڈ ڈویژن کے تمام شہروں کی روزانہ کی بنیاد پر صفائی یقینی بنائی جائے۔ سیکرٹری بلدیات

Posted on
شیئر کریں:

سیاحتی علاقوں کو صاف رکھنے میں تاجر برادری اور ہوٹل ایسوسی ایشن بھی کردار ادا کرے۔ میاں شکیل احمد
.
پشاور(چترال ٹائمزرپورٹ )‌ خیبر پختونخوا کے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ میاں شکیل احمد نے کہا ہے کہ مینگورہ سٹی سمیت مالاکنڈ ڈویژن کے تمام شہروں کی روزانہ کی بنیاد پر صفائی کو یقینی بنایا جائے۔ سیاحتی علاقوں کو صاف رکھنے میں متعلقہ اداروں کے علاوہ تاجر برادری، ہوٹل ایسوسی ایشن اور مقامی آبادی بھی اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار سوات کے دورے کے دوران مالاکنڈ ڈویژن کے اسسٹنٹ ڈائریکٹرز لوکل گورنمنٹ اور ٹاؤن مونسپل آفیسرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر سوات ثاقب رضا اسلم، ڈائریکٹر جنرل بلدیات عابداللہ کاکاخیل، سی ای او ڈبلیو ایس ایس سی سوات شیدا محمد اور ایڈیشنل سیکرٹری لوکل کونسل بورڈ سیّد الرحمان نے بھی شرکت کی۔ تفصیلات کے مطابق سیکرٹری محکمہ بلدیات خیبرپختونخوا میاں شکیل احمد دو روزہ دورے پر سوات میں ہیں جہاں وہ محکمہ بلدیات کے مختلف فیلڈ دفاتر کا دورہ کریں گے۔ کمشنر آفس سیدو شریف کے جرگہ ہال میں منعقدہ مالاکنڈ ڈویژن کے اے ڈیز لوکل گورنمنٹ اور ٹی ایم اوز کے اجلاس میں محکمہ بلدیات کے جاری منصوبوں اور ٹی ایم ایز کو درپیش چیلنجز کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ سیکرٹری بلدیات خیبرپختونخوا نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صفائی پر کوئی خرچ نہیں آتا، عملہ اور مشینری پہلے سے موجود ہے صرف معمول بنانے کی ضرورت ہے، مالاکنڈ ڈویژن کی تمام ٹاؤن مونسپل ایڈمنسٹریشنز روزانہ کی بنیاد پر متعلقہ شہروں اور بازاروں کی صفائی کریں۔ صفائی علاقے کی خوبصورتی میں اضافہ کرتی ہے لہذا تمام ٹی ایم ایز صفائی کو اپنا معمول بنالیں۔
.
سیکرٹری بلدیات نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ غیر قانونی سائن بورڈز اور تجاوزات کا فوری خاتمہ کیا جائے۔ بازاروں میں لٹکے بجلی کی تاروں کے گچھے بھی ختم کرانے کے لیے متعلقہ محکمے کے ساتھ میٹنگ کا انعقاد کیا جائے۔ شکیل احمد نے محکمہ کے حکام پر زور دیا کہ وہ بازاروں میں بجلی کے کھمبوں اور سٹریٹ لائٹس پولز کے ساتھ لگے غیر قانونی اشتہاری بورڈز اور بینرز کو فوری طور پر اتاریں اور لگانے والوں کے خلاف کارروائی کریں۔ صوبائی سیکرٹری نے حکام کو یہ ہدایت بھی کی کہ شہروں کی خوبصورتی کو بڑھانے کے لیے دکانوں کے باہر آویزاں بورڈز کا ایک ہی سائز اور کلر سکیم رکھنے کے لیے تاجر تنظیموں کے ساتھ میٹنگز کا انعقاد کریں اور انھیں اس پر قائل کریں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہم سب کا شہر ہے جب یہاں ہر چیز ڈسپلن میں ہوگی تو سیاحت میں اضافہ اور اقتصادی سرگرمیوں میں تیزی آئے گی۔ سیکرٹری بلدیات نے حکام کو ہوٹل ایسوسی ایشنز کے ساتھ بھی روابط قائم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وہ سیاحوں کی آگاہی میں اپنا کردار ادا کریں اور انہیں کچرا ادھر اْدھر پھینکنے کی بجائے اس مقصد کے لیے مختص جگہوں پر ڈالنے کے حوالے سے آگاہ کریں۔ صوبائی سیکرٹری نے دریائے سوات کو صاف رکھنے کے حوالے سے بھی اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی۔ دریں اثناء صوبائی سیکرٹری بلدیات واٹر اینڈ سینی ٹیشن کمپنی سوات کی نئی ڈمپنگ سائٹ کے معائنے کے لیے بھی گئے اور حکام کو ضروری ہدایات جاری کیں۔
KP Secretary Local Govrenment DC Swat 1


شیئر کریں: