Chitral Times

May 17, 2021

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

پاک چین دوستی ہرآزمائش پر پوری اُتری ہے اور سی پیک منصوبہ اسکی ایک زندہ مثال ہے۔وزیراعلیٰ

شیئر کریں:

پشاور ( چترال ٹائمز رپورٹ ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان اور چینی سفیر نونگ رونگ (Nong Rong) نے ضم شدہ اضلاع میں تباہ شدہ سکولوں کی دوبارہ تعمیر کے منصوبے کا افتتاح کیا۔منصوبے کے پہلے مرحلے میں ضلع خیبر کی تحصیل باڑہ میں دہشت گردی کی وجہ سے تباہ شدہ 50ا سکولوں کو دوبارہ تعمیر کیا جائے گا، جن میں 24 بوائز سکولز اور26 گرلز سکولز کی تعمیر نو شامل ہے۔ منصوبے کا مجموعی تخمینہ لاگت2323 ملین روپے ہے جس میں سے 868 ملین روپے حکومت پاکستان فراہم کرے گی جبکہ 10.29 ملین امریکی ڈالر چائینز حکومت فراہم کرے گی۔ یہ منصوبہ جنوری2023 تک مکمل کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں پیر کے روز وزیراعلیٰ ہاﺅس پشاور میں ایک افتتاحی۱ تقریب کا انعقاد کیا گیاجس میں صوبائی وزیر شہرام خان ترکئی، وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی عبدالکریم، چیئرمین سی پیک اتھارٹی عاصم سلیم باجوہ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری شکیل قادر، متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریز اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

اس موقع پرسکولوں کی تعمیر نو کے منصوبے پر عمل درآمدسے متعلق محکمہ تعلیم اور متعلقہ چینی حکام کے مابین معاہدے پر دستخط بھی کئے گئے۔قبل ازیں وزیراعلیٰ اور چینی سفیر کو ضم اضلاع میں تباہ شدہ سکولوں کی تعمیر نو کے منصوبے کے مختلف پہلوﺅں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ پاکستان اور چین کی دوستی ہر آزمائش پر پوری اُتری ہے اور سی پیک منصوبہ پاک چین دوستی کی ایک زندہ مثال ہے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ ضم شدہ اضلاع میں تباہ شدہ سکولوں کی تعمیر نو میں تعاون فراہم کرنے پر وہ چینی حکومت کے مشکور ہیں اور چینی حکومت کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ صوبے میں تعلیم کا فروغ موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات کا ایک اہم حصہ ہے۔صوبائی حکومت سکولوں کو اپ گریڈ کرنے، سکولوں میں ناپید سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے، تدریسی عملے کی کمی کو پورا کرنے اور اُن کی تربیت کیلئے بھر پور اقدامات اُٹھا رہی ہے۔


محمود خان نے کہا کہ سی پیک کے تحت موجودہ حکومت کے فلیگ شپ منصوبے رشکئی اسپیشل اکنامک زون کا بھی جلد افتتاح کیا جائے گاجس سے صوبے میں صنعتی سرگرمیوں کو فروغ دینے اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے میں خاطر خواہ مدد ملے گی۔اپنی گفتگو میں چینی سفیر نونگ رونگ نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی سمندر سے گہری اور ہمالیہ سے اونچی ہے اور چینی حکومت پاکستان کے ساتھ دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی خواہشمند ہے۔انہوںنے مزید کہا کہ پاکستان اور چین کے دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے شعبہ جات میں تعاون مثالی ہے۔ چینی سفیر نے مزید کہا کہ چائینز حکومت پاکستان میں غربت کے خاتمے اورمعاشی ترقی کے شعبوں میں بھی کام کرنے کی خواہاں ہے۔
<><><><><>

پشاور ( چترال ٹائمز رپورٹ ) وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے سینئر صحافی سلیم صافی کی والدہ کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے تعزیت کی ہے۔ یہاں سے جاری اپنے تعزیتی بیان میں وزیر اعلی نے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مرحومہ کی مغفرت اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔
<><><><><>

پشاور ( چترال ٹائمز رپورٹ ) وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود سے پاکستان میں عوامی جمہوریہ چین کے سفیر نونگ رونگ نے پیر کے روز وزیر اعلی ہاوس پشاور میں ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ چیئرمین سی پیک اتھارٹی عاصم سلیم باجوہ کے علاوہ صوبائی حکومت کے متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ملاقات میں صوبے میں سی پیک کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں سے متعلق امور پر گفتگو کے علاوہ صوبے کے نئے میگا ترقیاتی منصوبوں کو سی پیک میں شامل کرنے کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔ متعلقہ حکام کی طرف سے وزیر اعلی اور چینی سفیر کو قبائلی اضلاع میں تباہ شدہ سکولوں کی دوبارہ تعمیر کے منصوبے کے علاوہ رشکئی اسپیشل اکنامک زون منصوبے پر اب تک کی پیشرفت کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔


شیئر کریں: