Chitral Times

Sep 18, 2021

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

تربیلا پانچویں توسیعی منصوبے کی تعمیر جولائی میں شروع ہو جائے گی، چیئرمین واپڈا

شیئر کریں:

منصوبے کی پیداواری صلاحیت ایک ہزار 530 میگاواٹ ہے، 2024 ء کے وسط میں پیدا وار شروع ہو جائے گی: چیئرمین واپڈا

اسلام آباد ( چترال ٹائمز رپورٹ ) چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل مزمل حسین (ریٹائرڈ) نے آج تربیلا کے پانچویں توسیعی منصوبے کی سائٹ کا دورہ کیا۔ اُن کے دورے کا مقصد منصوبے پر تعمیراتی کام شروع کرنے کے حوالے سے سائٹ پر تیاریوں کا جائزہ لینا تھا۔ منصوبے کے سول ورکس کا کنٹریکٹ گزشتہ ہفتے ایوارڈ کیا جاچکا ہے اور اِس پر تعمیراتی کام جولائی میں شروع ہو جائے گا۔
چیئرمین واپڈا نے اپنے دورے میں ٹنل نمبر5، پاور ہاؤس اور سوئچ یارڈ کی سائٹس اور پاور ہاؤس کی ان ٹیک کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اِس دوران اُنہیں کنٹریکٹر کی سائٹ پر موبلائزیشن اور پراجیکٹ کی تعمیر کیلئے مقرر کئے گئے اہداف کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ممبر واٹر واپڈا عبدالظاہر خان درانی، ممبر پاور واپڈا جمیل اختر، ایڈوائزر ناصر حنیف، پراجیکٹ انتظامیہ اور کنسلٹنٹس کے نمائندے بھی اِس دوران موجود تھے۔


اِس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین واپڈا نے کہا کہ تربیلا کا پانچواں توسیعی منصوبہ واپڈا کا ایک اور اہم منصوبہ ہے جسے کم لاگت پن بجلی پیدا کرنے کی ترجیحی حکمت ِعملی کے تحت تعمیر کیا جا رہا ہے۔ اِس حکمت ِ عملی کا مقصد ملک میں بجلی کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پاکستان میں دستیاب پانی کے وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے سستی اور ماحول دوست پن بجلی کے ذریعے پورا کرنا ہے۔ تربیلا کا پانچواں توسیعی منصوبہ واپڈا کے 10زیر تعمیر بڑے منصوبوں میں شامل ہے۔ سال 2022 ء سے 2028-29 ء کے دوران محض آٹھ سال کی قلیل مدت میں اِن منصوبوں کی مرحلہ وار تکمیل سے نیشنل گرڈ میں نو ہزار میگاواٹ سے زائد پن بجلی شامل ہوگی اور ملک میں پن بجلی کی پیداوار ی صلاحیت دو گنا ہو جائے گی۔ اُنہوں نے مزید کہاکہ نیشنل گرڈ میں سستی پن بجلی کے اِس اضافہ سے بجلی کی قیمت میں استحکام آئے گا اور تھرمل بجلی کی پیداوار کے لئے مہنگے درآمدی ایندھن پر انحصار بھی کم ہوگا۔


ملکی اقتصادیات کے استحکام کے لئے پن بجلی منصوبوں کی بروقت تکمیل کی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے چیئرمین واپڈا نے تربیلاپانچویں توسیعی منصوبے کی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ منصوبے کی بروقت تکمیل کے لئے مقررہ اہداف کو ہر صورت مدِ نظر رکھا جائے۔ اُنہوں نے تاکید کی کہ منصوبے کی تعمیر میں معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔


یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ تربیلا کا پانچواں توسیعی منصوبہ تربیلا ڈیم کی ٹنل نمبر5 پر تعمیر کیا جا رہا ہے۔ منصوبے کا منظور شدہ پی سی ون 807 ملین امریکی ڈالر پرمشتمل ہے۔ عالمی بنک منصوبے کیلئے 390 ملین ڈالر جبکہ ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بنک 300 ملین ڈالر مہیا کر رہے ہیں۔ عالمی مالیاتی اداروں کی جانب سے واپڈا پن بجلی منصوبوں کی تعمیر کے لئے مالی معاونت کا تسلسل واپڈا کی مستحکم مالی حالت پر اعتماد کا مظہر ہے۔ منصوبے کے تین پیداواری یونٹ ہیں، ہر یونٹ کی پیداواری صلاحیت 510 میگاواٹ ہے جبکہ منصوبے کی مجموعی پیداواری صلاحیت ایک ہزار 530 میگاواٹ ہے۔ منصوبے سے 2024ء کے وسط میں بجلی کی پیداوار شروع ہو جائے گی۔ یہ ہر سال نیشنل گرڈ کو ایک ارب 34 کروڑ یونٹ سستی پن بجلی فراہم کرے گا۔ منصوبے کی تکمیل سے تربیلا ڈیم سے بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت چار ہزار 888 میگاواٹ سے بڑھ کر چھ ہزار 418 میگاواٹ ہو جائے گی۔

chairman wapda visit tarbila dam

شیئر کریں: