Chitral Times

Apr 26, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

چترال شہر اور گردونواح میں بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ،بالائی علاقوں میں برفباری

شیئر کریں:

چترال ( نمائندہ چترال ٹائمز ) بدھ اورجمعرات کی رات سے لوئر اور اپر چترال میں مسلسل بارشوں کا سلسلہ جاری رہا ۔ جبکہ بروغل ویلی ، کالاش ویلیز کے بالائی علاقوں ، گبور، مڈکلشٹ سمیت پہاڑوں پر برفباری ہوئی ۔ بعض مقامات میں بادل گرجنے کی آواز اتنی زوردار تھی ۔ کہ لوگ خوفزدہ ہو گئے ۔ پہاڑوں پر برفباری اور بارش سے گذشتہ چند ہفتوں سے بے موقع گرمی پھر سے سردی میں بدل گئی ہے ۔ اور جلانے کی لکڑی کی مانگ پھر سے اضافہ ہوا ہے ۔ جو کہ موسم میں تبدیلی کی وجہ سے کم ہو گئی تھی ۔ تاہم چترال بھر میں لوگوں نے بارشوں اور برفباری پر خوشی کا اظہار کیا ہے ۔ کیوں کہ گذشتہ دو مہینوں سے بارشین نہ ہونے کے سبب فصلیں بری طرح بے آبی کا شکار ہوئی تھیں ۔ اور پانی کی قلت والے علاقوں میں گندم کی فصل کو بہت زیادہ نقصان پہنچنے کا اندیشہ پیدا ہو گیا تھا ۔ اب بارش سے فصلوں کو نئی زندگی مل گئی ہے ۔ اور لوگوں نے بارش پر اللہ پاک کا شکر ادا کیا ہے ۔

Chitral danin town rain1

موسمی حالات کا تجربہ رکھنے والے مقامی بزرگوں کا کہنا ہے ۔ کہ امسال پھلدار پودوں میں دوسرے سالوں کے مقابلے میں ڈیڑھ مہینے پہلے پھول لگے ہیں ۔ جو کہ موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے ان کی زندگی میں ایک نیا تجربہ ہے ۔ انہوں نے ایسا پہلے کبھی نہیں دیکھا ۔ اب دیکھنا یہ ہے ۔ کہ خوبانی ، ناشپاتی ، سیب وغیرہ پھلوں کے یہ قبل از وقت پھول فصل دینے میں کس حد تک بہتر ثابت ہوں گے ۔ مقامی لوگوں کی ایک خوشی یہ بھی ہے ۔ کہ جہاں برفباری کی وجہ سے پہاڑوں پر برف کی نئی تہہ چڑھ گئی ہے ۔ وہاں ندی نالوں کے پانی میں بھی اضافہ ہواہے ۔ اس سے فصلوں کو پانی ملنے کی امید پیدا ہو گئی ہے ۔ اور چھوٹے بڑے ہائیڈل پاور سٹیشن جن کا دارومدار پانی پر ہے ۔ کی پیداوار میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے ۔ اس سے لوئر اور اپر چترال میں بجلی لوڈ شیڈنگ میں کمی آئے گی ۔

چترال اپر کے مقامات موڑکہو اور لوئر چترال کے معروف دیہات سوئیر ، بروز کوڑ ، اورغوچ وغیرہ میں بار بار نماز استسقا ء پڑھی جاتی رہی ۔ بالاخر اللہ پاک نے کرم کیا ۔ اور بارش ہو گئی ۔ اورغوچ کے لوگوں نے گذشتہ دنوں میڈیا سے بات کرتے ہوئے اس امر کا اظہار کیا تھا ۔ کہ گندم کی فصل مکمل طور پر بے آبی کا شکار ہو کر خراب ہو چکی ہیں ۔ اس لئے لوگ خود اپنے لئے خوراک اور لائیو سٹاک کیلئے چارہ وغیرہ نہ ہونے کے سبب ہجرت کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں ۔ گو کہ اب بارش ہوئی ہے ۔ مگر ان کا خدشہ ٹلا نہیں ہے ۔ چترال میں امسال بارشین اور برفباری نہ ہو نے کے باعث کئی فیسٹولز پر منفی اثر پڑا ہے ۔

duc hunting river pond chitral

کالاش ویلیز میں سرمائی سیاحت کو فروغ دینے کے لئے ونٹر سپورٹس فیسٹول منعقد کرنے کے بارے میں اقدامات دھرے کے دھرے رہ گئے ۔ اس میں موسم نے صحیح طور پر ساتھ نہیں دیا ۔ اسی طرح اب اپر چترال کے مقام کاغلشٹ بارش کی کمی کے باعث بہار کی سر سبزی سے محروم ہے ۔ اس میں وہ حسن نہیں دیکھا جا رہا ۔ جس سے گزرے سالوں میں سیاح لطف اٹھاتے تھے ۔ اور تین دن کاغلشٹ کے سر سبز میدان میں جنگل میں منگل کا سماں باندھا رہتا تھا ۔ بارشیں اور برفباری جہاں چترال کے لئے رحمت ہیں ۔ وہاں ان بارشوں سے جمع شدہ اور گلشئیرز سے رستا اور بہتا پانی افغانستان کے صوبہ کنڑ اور پاکستان کے خیبر پختونخوا و دیگر علاقوں کو سرسبز و شاداب بنا نے میں اہم کردار ادا کرتا ہے ۔ پاکستان کے وسیع رقبےکی سر سبزی چترال کے تریچمیرگلئشیر ، اور بروغل وادی میں چیانتر گلیشیر سمیت درجنوں گلئشیرز کی مرہون منت ہے ۔ لیکن اس اہم خطے میں دن بدن گھٹتے پانی کے ذخائر کو بچانے کیلئے حکومت کی طرف سے اقدامات نہ ہونے کے برابر ہیں ۔

zondrangram mulkhow

شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, چترال خبریںTagged
46290