Chitral Times

Apr 26, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

چترالی کمیونٹی کیلئے پشاور میں قبرستان کیلئے اراضی کی خریداری و چاردیواری تعمیر کی منظوری دیدی گئی

شیئر کریں:

پشاور(چترال ٹائمز رپورٹ) صوبائی ترقیاتی ورکنگ پارٹی (PDWP)نے36079.302ملین روپے لاگت کی25سکیموں کی منظوری دیدی ہے۔ یہ منظوری ایڈیشنل چیف سیکرٹری محکمہ ترقی و منصوبہ سازی خیبر پختونخوا شکیل قادر خان کی زیر صدارت ویڈیو لنک کے ذریعے منگل کے روز منعقدہ اجلاس میں دی گئی۔جس میں پی ڈی ڈبلیو پی کے اراکین اور متعلقہ محکموں کے سینئر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں صوبے کی ترقی کیلئے مختلف شعبوں بشمول پانی، صحت، اوقاف، حج و اقلیتی امور، ابتدائی و ثانوی تعلیم، اعلیٰ تعلیم، بورڈ آف ریونیو، سڑکوں، ٹرانسپورٹ اور توانائی و برقیات کے شعبوں کی28سکیموں پر تفصیلی غور و خوض کے بعد25سکیموں کو منظور جبکہ3منصوبوں کو غیر موزوں ڈیزائن کی بنیاد پر موٗخر کر کے اصلاح کیلئے متعلقہ محکموں کو واپس بھیج دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق پانی کے شعبے میں منظور کردہ منصوبوں میں کینال پٹرول روڈ کی توسیع /بہتری اور لوئر سوات کینا ل ضلع چارسدہ کیساتھ حفاظتی سٹرکچر کی فراہمی، تحصیل مٹہ ضلع سوات میں نکاسی کی قدرتی نالیوں، واٹر چینلز اور فلڈ کیرئیر چینلز کیساتھ سڑکوں کی تعمیر اور ضلع سوات میں آبپاشی سہولیات کی بہتری و ترقی شامل ہے۔ اسی طرح صحت کے شعبے میں منظور کردہ منصوبوں میں خیبر پختونخوا کیلئے سماجی صحت تحفظ کے اقدامات،لکی مروت میں پیرامیڈیکس کالج اور میل نرسنگ کالج کا قیام، باچا خان میڈیکل کالج مردان کی اراضی کی واجبات، خیبر پختونخوا میں تمام دیہی مراکز صحت کی بحالی اور 50دیہی مراکز صحت میں 24/7خدمات کی فراہمی کی منتقلی، خیبر پختونخوا کے تمام بی ایچ یوز کے استحکام اور200بی ایچ یوز میں 24/7سہولیات کی فراہمی، خیبر پختونخوا کی نان ٹیچنگ ڈی ایچ کیوز کی تجدید کاری اور ضلع صوابی میں وویمن اینڈ چلڈرن ہسپتال کے قیام کے منصوبے شامل ہیں۔

صوبائی ترقیاتی ورکنگ پارٹی نے اوقاف، حج اور اقلیتی امور کے شعبے میں خیبر پختونخوا میں قبرستانوں کیلئے اراضی کی خریداری اور چترالی کمیونٹی کیلئے ضلع پشاور میں قبرستان کیلئے اراضی کی خریداری اور چاردیواری کی تعمیر کی منظوریاں دی گئیں جبکہ ابتدائی و ثانوی تعلیم کے شعبے میں سر ا روغہ جنوبی وزیرستان میں کیڈٹ کالج کے قیام کیلئے ہیڈ کوارٹر40ڈویژن کو گرانٹ ان ایڈ کی فراہمی اور بورڈ آف ریونیو کے شعبے میں ضلع دیر پائین، دیر بالا اور تحصیل کالام سوات میں اراضی ریکارڈ کی سٹلمنٹ کی منظوریاں دی گئیں۔

اسی طرح اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں وانا جنوبی وزیرستان میں گورنمنٹ کالج آف منیجمنٹ سائنسز کے قیام اور ضلع صوابی میں وویمن یونیورسٹی کیمپس کے قیام کی منظوریاں دی گئیں۔ اسی طرح سڑکوں کے شعبے میں فاروق اعظم چوک چارسدہ میں فلائی اوور /انڈر پاس کی تعمیر، مردان میں بروچ چوک تا نختر بانڈو، شیرین خان چوک تا بروچ سڑک کی تعمیر، سوات ایکسپریس وے پر نیشنل ہائی وے اینڈ موٹروے پولیس کیلئے عمارت کی فراہمی اور ضلع چارسدہ میں مختلف سڑکوں کی بحالی اور دوبارہ تعمیر کے منصوبے شامل ہے، جبکہ توانائی و برقیات کے شعبے میں شمالی وزیرستان میں 11کے وی فیڈر کی فراہمی اور محکمہ توانائی و برقیات خیبر پختونخوا کی الیکٹرک انسپکٹوریٹ کی ری سٹرکچرنگ کی منظوریاں دی گئیں۔ اسی طرح ٹرانسپورٹ کے شعبے میں خیبر پختونخوا میں ٹرانسپورٹ انسپکشن سٹیشنز کے قیام اور ضم شدہ اضلاع میں ٹرانسپورٹ فیسلیٹیشن سنٹرز کے قیام کی منظوریاں بھی دی گئی ہیں


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں, چترال خبریںTagged
43720