Chitral Times

Apr 27, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی وزیرزادہ نے چترال میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا

شیئر کریں:

تین کروڑسے ہون فیض آباد سڑک کا افتتاح اور 82 لاکھ کی لاگت سے آبنوشی سکیم کا افتتاح
50 لاکھ کی لاگت سے واٹر ٹینک کا افتتاح قبرستان کیلئے ایک کروڑ روپے کا اعلان،وزیر زادہ


چترال(چترال ٹائمز رپورٹ) وزیر اعلیٰ کے معاون حصوصی برائے اقلیتی امور وزیر زادہ نے اپنے دورہ چترال کے موقع پر مختلف علاقوں میں ترقیاتی کاموں کا افتتاح کیا اور ہون فیض آ باد میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر زادہ نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف میرٹ اور عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے یہی وجہ ہے کہ ضلع چترال سے اگرچہ پاکستان تحریک انصاف کا کوئی ایک امیدوار بھی کامیاب نہ ہوسکا مگر اس کے باوجود عمران خان نے پچھلی حکومت میں بھی چترال کو فوزیہ بی بی کی صورت میں مخصوص نشست پر منتخب کیا تھا اور اس دفعہ بھی اقلیتیوں کی مخصوص نشست پر مجھے نہ صرف موقع دیا ہے بلکہ وزیر اعلیٰ کے معاون حصوصی برائے اقلیتی امور جیسی اہم ذمہ داری سے نوازا ہے جو یقیناً تحریک انصاف کی حکومت کا ضلع چترال کے عوام کے لیے ایک تخفہ ہے۔


اس موقع پر وزیر زادہ نے محکمہ پبلک ہیلتھ انجیرنگ کی جانب سے 82 لاکھ روپے کی لاگت سے آبنوشی سکیم کا افتتاح کیا جس سے فیض آباد کے مکینوں کو پینے کی صاف پانی فراہم ہوسکے گی۔ انہوں نے فیض آباد اورغوچ کیلئے محکمہ کمیونیکیشن اینڈ ورکس کی جانب سے تین کروڑ روپے کی لاگت سے سڑک کی پختگی کا بھی افتتاح کیا ہے جس پر علاقے کے عوام نے موصوف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بتایا کہ اس سے یہاں کے عوام کا دیرینہ مسئلہ حل ہو جائے گا کیونکہ اس سڑک کی حالت نہایت خراب تھی جس سے عوام کو کافی دشواری کا سامنا تھا۔ اس موقع پر علاقے کے لوگوں نے فیض آباد نالہ پر آر سی سی پل کا بھی مطالبہ کیا جس پر وزیر زادہ نے ان کے تمام مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی۔


معاون خصوصی نے فیض آباد کے لوگوں کیلئے ایک کروڑ روپے کی لاگت سے قبرستان کی زمین خریدنے کا بھی اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ سے ان کی بات ہوئی ہے اور پشاور میں بھی چترال کے لوگوں کیلئے تین کروڑ روپے کی لاگت سے قبرستان کیلئے زمیں خرید رہے ہیں۔ تقریب کے دوران مقامی لوگوں نے دیگر سیاسی پارٹیوں کو خیر باد کہتے ہوئے پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان بھی کیا جبکہ معاون حصوصی نے پارٹی میں نئے شامل ہونے والوں کو پارٹی کے بیج اور ٹوپیاں بھی پہنائی۔


علا قہ کے عوام نے تحریک انصاف کی صوبائی حکومت اور وزیراعظم عمران خان کا چترال سے مخصوص نشست پر وزیر زادہ کو نہ صرف صوبائی اسمبلی کا رکن منتخب کرنا بلکہ وزارت کا قلمدان سونپنے پر خصوصی شکریہ ادا کیا ہے۔ بعد ازاں وزیر زادہ نے مستجپاندہ کیلئے پچاس لاکھ روپے کی لاگت سے تحصیل میونسپل انتظامیہ کی جانب سے تعمیر شدہ واٹر ٹینک جبکہ پنجیکوٹی کیلئے لنک روڈ کا بھی افتتاح کیا جو محکمہ لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی کے زیر نگرانی پندرہ لاکھ روپے کی لاگت سے بن رہی ہے۔ انہوں نے اورغوچ گاؤں کیلئے پینے کی پانی کا منصوبے کا بھی افتتاح کیا جس پر محکمہ پبلک ہیلتھ انجئرنگ 82لاکھ روپے کا فنڈ فراہم کیا ہے اسی طرح اورغوچ کیلئے سڑک کی تعمیر کیلئے بھی 82 لاکھ روپے کا فنڈ خرچ کرکیا جا رہا ہے یہاں پر اس امر کی ضرورت ہے کہ اورغوچ میں پانی کی شدید قلت تھی اور یہاں کے لوگوں نے کئی سال پہلے احتجاج کے طور پر ہجرت کرنے کا اعلان بھی کیا تھا جسے بعد میں علاقے کے عمائدین، منتحب نمائندوں اور ضلعی انتظامیہ نے ہجرت کرنے سے روک دیا اور ان کو یقین دہائی کرائی گئی تھی کہ ان کو پانی ضرور فراہم کیا جائے گا۔ علاقے کے لوگوں نے ان ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح پر وزیر زادہ، صوبائی حکومت اور وزیراعظم عمران خان کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ایک قابل اور مخلص بیٹے کو چترال سے مخصوص نشست پر اسمبلی کا رکن چنا ہے۔

wazir zada chitral inaguration2
wazir zada chitral inaguration3

شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں, چترال خبریںTagged
42583