Chitral Times

Apr 26, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

دیر چترال موٹروے پر مارچ2021تک تعمیراتی کام کا آغاز کیا جائے گا۔ شفیع اللہ خان

شیئر کریں:


پشاور(چترال ٹائمز رپورٹ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے انسداد بدعنوانی شفیع اللہ خان نے کہا ہے کہ دیر چترال موٹروے پر مارچ 2021تک تعمیراتی کام شروع کر دیا جائے گا۔ یہ ایک میگا پراجیکٹ ہے جس سے علاقے میں سیاحت و تجارت کو فروغ ملے گا اور عوام کو سفری سہولیات میں آسانی ہو گی۔ بدھ کے روز ایک نجی نیوز چینل کے پروگرام ”سپینے خبر ے“ سے انٹرویو میں شفیع اللہ خان کا کہنا تھا کہ بعض سیاسی رہنما دیر چترال موٹروے کے منصوبے پر عوام ہمدردیاں حاصل کرنے کے لئے جھوٹ کا سہارا لے کرانہیں گمرہ کرنے کی ناکام کوشش کررہے ہیں حالانکہ یہ لوگ عوام کے خیر خواہ ہوتے تو اپنے دور میں اس منصوبے کی منظوری دیتے او رکام کا آغاز کرتے۔ معاون خصوصی نے کہا کہ تحریک انصاف اپنے وعدوں کے مطابق عملی کام پر یقین رکھتی ہے جس کی حکومت نے دیر چترال موٹروے کی گزشتہ سال منظوری دی ہے اور وفاقی وزیر مواصلات و تعمیرات مراد سعید کی کاوشوں کی بدولت یہ منصوبہ سی پیک کا حصہ بنا ہے۔ معاون خصوصی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ محمود خان کی دیر پائیں کی تعمیر و ترقی میں گہری دلچسپی کی بدولت بڑے بڑے منصوبوں کی منظوری ہوئی ہے جن میں چکدرہ سے دیر تک 70کلومیٹر سڑک کی تعمیر اور تیمرگرہ میں 36کروڑ 80لاکھ روپے کی لاگت سے تالاش بائی پاس روڈ پر کام زور شور سے جاری ہے۔ اسی طرح باغ روڈ پر پی کے ایچ اے کے تحت کام جاری ہے جبکہ تیمرگرہ بیوٹی فیکشن کے لئے 65کروڑ روپے کی لاگت کا منصوبہ شروع کیا جارہا ہے جس کا پی سی ون آخری مراحل میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت تعلیم اور صحت کے شعبوں پر خاص توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے اور اس ضمن میں عبدالولی خان یونیورسٹی تیمرگرہ کا منصوبہ موجودہ سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کیا ہے جبکہ تیمرگرہ میڈیکل کالج کے قیام کا سہرا بھی موجودہ حکومت کے سر ہے اسی طرح تیمرگرہ ہیڈکوارٹر ہسپتال کو ٹیچنگ ہسپتال کا درجہ دینے کی منظوری دی جا چکی ہے اور یہ کثیر المنزلہ عمارت ہسپتال جدید سہولیات اور آلات سے آراستہ ہو گی اور لوگوں کو پشاور کے بڑے ہسپتالوں جیسی سہولیات تیمرگرہ میں دستیاب ہوں گی۔ شفیع اللہ نے مزید کہا کہ عوام کو صاف و شفاف پینے کے لئے پانی کی فراہمی کے لئے تیمرگرہ گریوٹی واٹر سپلائی سکیم کا میگا پراجیکٹ 70کروڑ روپے کی لاگت سے شروع کیا جارہا ہے اور اندازہ ہے کہ یہ منصوبہ ڈیڑھ ارب روپے کی لاگت سے مکمل ہو گا۔ انہو ں نے کہا کہ تیمرہ گرہ میں ٹریفک کے نظام کی بہتری کے لئے شہید چوک پر انڈر پاس یا پل تعمیر کرنے کے منصوبے پر عنقریب کام کا آغاز ہو گا۔شفیع اللہ خان نے کہا کہ علاقے میں عوامی مسائل کے حل کے لئے چھوٹی سکیموں پر اب تک 35کروڑ روپے خرچ کئے گئے ہیں۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
38062