Chitral Times

May 8, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

ذخیرہ اندوزی روکنے کیلئے آرڈیننس نافذ،بغیر وارنٹ گرفتار کیا جائے گا۔۔اجمل وزیر

شیئر کریں:

پشاور(چترال ٹائمز رپورٹ)وزیر اعلی خیبر پختونخوا کے مشیربرائے اطلاعات اجمل خان وزیر نے کہا ہے کہ صوبے میں ذخیرہ اندوزی روکنے کے لیے آرڈیننس نافذ کر دیا گیا ہے، آرڈیننس کے تحت اشیاے ضروریہ کی ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کو بغیر وارنٹ گرفتار کیا جائے گا اور 3 سال قید اور ذخیرہ شدہ مال کے 50 فیصد کے برابر جرمانے کی سزا دی جائے گی اسکے علاوہ ضبط شدہ اشیاء کو نیلام بھی کیا جائے گا، آرڈیننس کے مطابق متعلقہ ڈپٹی کمشنر مصدقہ اطلاع پر کسی بھی ایسی جگہ پر جہاں پر ذخیرہ شدہ مال موجود ہوگا بغیر اجازت داخل ہوکر ذخیرہ شدہ مال کو تلاش کر سکے گا جبکہ ذخیرہ اندوزی کی اطلاع دینے والے کو ذخیرہ شدہ مال کا 10 فیصد بطور انعام دیا جائیگا،

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اطلاع سیل سول سیکرٹریٹ میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔کورونا صورتحال کے حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے مشیر اطلاعات اجمل وزیر نے کہا کہ افغانستان سے آج طورخم بارڈر کے راستے 520 پاکستانی داخل ہوئے ہیں۔تمام افراد کو ڈگری کالج لنڈی کوتل اور شاہ کس میں قرنطینہ کیا گیا ہے جہاں انکے تشخیصی ٹیسٹ اور مکمل دیکھ بھال کی جائے گی، انہوں نے کہا کہ صوبے میں گذ شتہ 24 گھنٹوں میں 39 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس سے مجموعی تعداد 1276 ہوگئی، اسکے علاوہ صوبے میں کل 302 کورونا سے متاثرہ مریض صحت یاب ہوچکے ہیں جبکہ گزشتہ 24گھنٹوں میں 35 مریض صحتیاب ہوئے ہیں۔ اسکے علاوہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 7 اموات ریکارڈ کی گئی جس سے کل تعداد 74 تک پہنچ گئی ہے، مشیر اطلاعات نے وزیراعلی سندھ کے اس بیان کی وضاحت کی جسمیں انہوں نے کہا ہے کہ خیبر پختون خوا میں منفی رپورٹ انے والے تین مریضوں کے ٹسٹ کراچی میں پازیٹیو ائے ہیں

. اجمل وزیر نے کہا کہ ان مریضوں کو کورونا سندھ جاتے ہوئے راستے میں لگا ہوگا کیونکہ کورونا بہت تیزی سے پھیلنے والی بیماری ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں سیاسی پوائنٹ سکورنگ سے گریز کرنا چاہیئے کیونکہ یہ وقت سیاست کا نہیں ہے بلکہ مل کر کورونا کو شکست دینے کا ہے۔ اجمل وزیر نے ایک دفعہ پھر عوام سے اپیل کی کہ وہ فی الحال گھروں تک محدود رہے کیونکہ یہ وائرس کبھی آپکے پیچھے نہی آئے گا جب تک آپ اسکو لینے نہی جاتے۔ یاد رکھیں کہ یہ بیماری گھر میں اگر ایک بندے کو بھی لگ جائے تو پورا کا پورا خاندان اس سے متاثر ہو سکتا ہے۔ اجمل وزیر نے کہا کہ اللہ تعالی کی مدد اور رحم سے بہت جلد اس وباء پر قابو پا لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کیسز اور حالات ابھی بھی کنٹرول میں ہیں مگر عوام کی لاپرواہی اور غفلت سے حالات خراب ہوسکتے ہیں۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
34582