Chitral Times

Apr 25, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

نادرانے زائد المیعاد ہونے والے قومی شناختی کارڈز کی میعاد میں یکم جولائی تک توسیع کر دی

Posted on
شیئر کریں:

اسلام آباد(چترال ٹائمزرپورٹ)نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے زائد المیعاد ہونے والے قومی شناختی کارڈز کی میعاد میں توسیع کر دی۔ نادرا ہیڈ کوارٹرز سے منگل کو تمام علاقائی دفاتر کو ارسال کئے گئے مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ ایسے قومی شناختی کارڈز جن کی مدت یکم ستمبر 2019سے 30 جون 2020کے درمیان ختم ہو گئی یا ہو گی وہ یکم جولائی 2020تک کارآمد تصور ہوں گے۔ مراسلہ میں علاقائی دفاتر کے حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ شناختی کارڈز کی تجدید کیلئے آنے والے شہریوں اور دیگر تمام متعلقہ شراکت داروں کو اس حوالہ سے آگاہ کریں۔ چیئرمین نادرا عثمان یوسف مبین کی طرف سے جاری کئے گئے ٹویٹ میں شہریوں سے یہ درخواست کی گئی ہے کہ وہ id.nadra.gov.pk پر موڈیفیکیشن کیسز کی آن لائن خدمات سے استفادہ کر سکتے ہیں۔
…………..
.
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مشتبہ 100 نئے کیسز رپورٹ، مشتبہ کیسز کی تعداد 533 ہو گئی
اسلام آباد(آئی آئی پی) گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مشتبہ 100 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس سے مشتبہ کیسز کی تعداد 533 ہو گئی ہے۔ وزارت قومی صحت کی طرف سے جاری اعداد و شمار کے مطابق اس دوران 499 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے جبکہ اب تک 1571 افراد کے کورونا وائرس کے ٹیسٹ کئے گئے ہیں جن میں سے ملک بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 187 ہے۔ رپورٹ کے مطابق 4 مریضوں کو صحت مند قرار دے کر ہسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا ہے تاہم 183 افراد ملک کے مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران وفاقی دارالحکومت میں 7 مشتبہ کیس، پنجاب 17، سندھ میں 5، خیبر پختونخوا میں 25، بلوچستان میں 33، آزاد جموں کشمیر میں 11 اور گلگت بلتستان میں 2 مشتبہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ اس طرح گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مشتبہ کیسز کی تعداد 100 رہی ہے۔ وزارت قومی صحت کے اعداد وشمار کے مطابق اس وقت وفاقی دارالحکومت میں کورونا کے مشتبہ کیسز کی تعداد 76، پنجاب میں 112، سندھ میں 140، خیبر پختونخوا میں 92 اور خیبر پختونخوا کے عارضی بے گھر افراد میں 5، بلوچستان میں 103، آزاد جموں کشمیر میں 20 اور گلگت بلتستان میں 25 مشتبہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس سے مجموعی تعداد 533 ہو گئی ہے جن میں سے صرف 187 افراد میں کورونا وائرس کے نمونے مثبت آئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق اس وقت تک وفاقی دارالحکومت میں مثبت کیسز 3، پنجاب میں ایک، سندھ میں 147، خیبر پختونخوا میں 15 اور بلوچستان میں 14 جبکہ گلگت بلتستان میں تین مریض زیر علاج ہیں۔رپورٹ کے مطابق وفاقی دارالحکومت سے ایک اور سندھ سے تین مریضوں کو صحت مند قرار دے کرڈسچارج کر دیا گیا ہے۔ وزارت قومی صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف داخلی مقامات پر 20 ہزار 187 افراد کی سکریننگ کی گئی ہے جن میں سے مشتبہ کیسز کی تعداد 95 ہے۔ اب تک چین اور ایران سمیت دیگر ممالک سے پاکستان پہنچنے والے 9 لاکھ 95 ہزار 821 مسافروں کی سکریننگ کی گئی۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
33125