Chitral Times

May 1, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

مزید کاروبار کھولنے کے حوالے سے ایک ہفتے میں حکمتِ عملی طے کر لیںگے۔ تیمور جھگڑا

شیئر کریں:

وزیر خزانہ تیمور جھگڑا سے تاجر تنظیموں کے وفود کی ملاقات


پشاور(چترال ٹائمز رپورٹ)خیبرپختونخوا کے وزیر خزانہ و صحت تیمور جھگڑا سے بدھ کے روز صوبے کی تاجر تنظیموں کے عہدیداران کے ایک بڑے وفد نے ملاقات کی۔ اس موقع وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے ایکسائز و ٹیکسیشن غزن جمال، بورڈ آف انوسٹمنٹ خیبر پختونخوا کے حسن داؤد اور اسپیشل اکنامک زون کے سی ای او جاوید خٹک بھی موجود تھے۔ تاجروں نے صوبائی حکومت کی جانب سے کورونا کے تدارک کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات کو سراہا۔ تاجروں نے کورونا وائرس کے انسداد کے لیے کیے جانے والے لاک ڈاؤن اور اس سے متاثر کاروباری سرگرمیوں کے حوالے سے اپنے تحفظات سے بھی آگاہ کیا۔ اس موقع پر مختلف تجاویز سامنے آئیں۔ تیمور جھگڑا کا تاجر تنظیموں کے عہدیداران کو صوبے میں کورونا وائرس کے حوالے سے تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت نے نیک نیتی کے ساتھ عوام کو اس وباء سے بچانے کے لیے اقدامات اٹھائے ہیں اور مستقبل میں بھی اٹھاتی رہے گی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ عوام کی مشکلات کو پیش نظر رکھتے ہوئے آج کچھ شعبوں کو کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاہم مزید کاروباری سرگرمیوں کے لیے ضابطہ کار (ایس او پیز) بنا رہے ہیں۔ انہوں نے تاجر برادری کے حکومت سے اب تک کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ تاجر تنظیموں کی مشاورت سے ایک ہفتے کے اندر اس حوالے سے واضح حکمت عملی طے کر لی جائے گی۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں
34381