Chitral Times

May 19, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

وفاقی حکومت ایک کروڑ بیس لاکھ خاندانوں کو12ہزار روپے فی خاندان فراہم کرے گی۔۔۔ڈاکٹر ثانیہ نشتر

شیئر کریں:

اسلام آباد(چترال ٹائمزرپورٹ) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے تحفیف غربت و سماجی تحفظ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان کی جانب سے احساس ا یمرجنسی کیش پروگرام پر عمل تیزی سے جاری ہے۔پروگرام کے ذریعہ وفاقی حکومت ایک کروڑ بیس لاکھ خاندانوں کو12ہزار روپے فی خاندان،فراہم کرے گی۔پروگرام سے چاروں صوبوں کے علاوہ کشمیر اور گلگت بلتستان کے افراد مستفید ہوں گے۔احساس کفالت پروگرام والی خواتین کو بھی چار ماہ کے لئے 12 ہزار روپے یکمشت ادا کئے جائیں گے۔اتوار کو پریس کانفرنس کے دوران ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے بتایا کہ ہنگامی کیش پروگرام کے لئے این ایف سی کے تحت نہیں آبادی کے لحاظ سے رقم مختص کی گئی یے کیونکہ اس میں گلگت بلتستان اور کشمیر بھی شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ صوبے اپنے بجٹ میں بھی مستحق افراد کی مدد کریں گے۔صوبہ پنجاب 7 لاکھ اور سندھ اڑھائی لاکھ لوگوں کو پیسے اپنے بجٹ سے دے گا۔اس کے علاوہ ضلعی سطح پر ضرورت مند افراد کی فہرست مرتب کرنے کا کہا ہے۔زیادہ درخواستوں کی صورت میں پروگرام میں توسیع کی جاسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہنگامی کیش پروگرام کی جانچ پڑتال کا موثر طریقہ اپنایا ہے۔اور اس سارے عمل میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا۔سٹیٹ بنک کی معاونت سے ڈیٹا اکٹھا کررھے ہیں۔اس کے علاوہ ایف بی آر اور دیگر اداروں سے بھی معاونت کررھے ہیں۔ہنگامی کیش کے لئے شناختی کارڈ نمبر 8171 پر بھیجنا ہے۔اور اس کے ذریعہ مردوں کے نام پہ رقم جاری کی جائے گی۔سفری اخراجات اور گاڑیوں کی تفصیلات بھی اکٹھی کی جارہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پروگرام کے لئے لاکھوں لوگوں کے ایس ایم ایس موصول ہورھے ہیں۔اور پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ملک کی تاریخ کی سب سے بڑی ریلیف مہم چلارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پروگرام کے لئے 144 ارب روپے مختص کئے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی ملازمین اس پروگرام میں حصہ لینے کے اہل نہیں ہوں گے۔مستحق افراد کو بائیو میٹرک شناخت کے بعد رقم فراہم کردی جائے گی اور اس کے لئے 18605 سیل پوائنٹس مقرر کئے جائیں گے۔ نادرا اور شراکتی بنکوں کے تعاون سے تمام ادائیگیاں بائیومیٹرک تصد یق پر مبنی نظام کے ذریعے کی جائیں گی۔ مستحقین شراکتی بنکوں کے پوائنٹ آف سیل مراکز اور اے ٹی ا یم مشینوں سے اپنی رقم وصول کر سکیں گے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
33986