Chitral Times

Apr 27, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

چترال ضلع کے متعدد منصوبوں‌کیلئے کروڑوں‌روپے کے فنڈزمنظورہوچکے ہیں…وزیرزادہ

شیئر کریں:

چترال ( محکم الدین ) وزیر اعلی خیبر پختونخوا کے مشیربرائے اقلیتی امور و ایم پی اے چترال وزیر زادہ نے کہا ہے ۔ کہ ڈی ایچ کیو ہسپتال چترال کا سب سے بڑا ہسپتال ہے ۔ جس پر دو اضلاع کے مریضوں کا انحصار ہے ۔ اس لئے ہسپتال کے اندر درکار تعمیرات ، سامان کی فراہمی اور نر سنگ ہاسٹل کی تعمیرکیلئے بیس کروڑ روپے کے فنڈ کی منظوری ہو چکی ہے ۔ جس کا پی سی ون تیاری کے آخری مراحل میں ہے ۔ مطلوبہ فنڈ سے تعمیرات اور سامان کی فراہمی کے بعد ہسپتال کے مریضوں ،ڈاکٹرز اور نرسز کی مشکلات میں کمی آئے گی ۔ پشاور سے ٹیلیفوں پر چترال ٹائمزڈاٹ کام سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا ۔ کہ وزیر اعلی چترال کی تعمیرو ترقی میں انتہائی دلچسپی لے رہے ہیں ۔ اور تمام ممکنہ فنڈ میں چترال کو کبھی محروم نہیں کرتے ۔ بلکہ ترجیحی بنیادوں پر چترال کو فنڈ فراہم کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ رورل روڈ اے ڈی پی سکیم کے تحت ارندو روڈ ، ہر چین لاسپور پُل ، پرئیت اور سویر گول پُل منظور ہو چکے ہیں ۔ جبکہ صوبائی حکومت کی طرف سے نشکوہ ، واشچ اور بریپ یارخون روڈ کی منظوری صوبائی اے ڈی پی میں ہو چکی ہے ۔
.
وزیر زادہ نے کہا ۔ کہ سیاحت کی ترقی موجودہ حکومت کی ترجیح ہے ۔ اس مقصد کے لئے مڈکلشٹ انٹیگریٹڈ ٹورزم کا ماسٹر پلان بن چکا ہے ۔ جس میں ایک ارب اسی کروڑ روپے سینتالیس کلومیٹر مڈکلشٹ روڈ کی بہتری اور تعمیر پر خرچ کئے جائیں گے ۔ جبکہ ایک ارب بیس کروڑ روپے سیاحت کو ترقی دینے سلسلے میں دیگر تعمیرات پر خرچ کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ وزیر اعلی نے بیس کروڑ روپے الگ فنڈ دیا ہے ۔ جس سے گرم چشمہ سے ارندو تک مختلف سکی میں تعمیر ہوں گی ۔ اسی طرح اورغوچ روڈ کیلئے تین کروڑ ، سوسوم روڈ دس کروڑ اور سوئیر روڈ کیلئے دو کروڑ روپے ٹینڈر ہو چکے ہیں ۔ وزیر زادہ نے کہا ۔ کہ وزیر اعلی نے نان اے ڈی پی سکیم کے تحت سیلاب سے متاثرہ گولین وادی کیلئے چالیس کروڑ سات لاکھ منظور کر چکے ہیں ۔ جن پر عنقریب کام شروع کیا جائے گا ۔ اس فنڈ کے ذریعے سے سڑک کی بہتری ، واٹر سپلائی سکیموں کی بحالی اور چینلائزیشن وغیرہ کام کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ ایون عیدگاہ کیلئے پچیس لاکھ اور گرم چشمہ دیدار گاہ کی تعمیر کیلئے پچیس لاکھ روپے مختص کئے گئے ہیں ۔
.
اسی طرح پندرہ پولو گراءونڈ ز کو بہتر بنانے اور تزین آرائش کیلئے بارہ کروڑ روپے کے ٹینڈر ہو چکے ہیں ۔ کالاش ویلیز میں قبرستان اور تہوار کے لئے تین کروڑ میں زمین خریدی جائے گی ۔ اور دو کروڑ فنڈ دیواریں اور دیگر تعمیرات پر خرچ کئے جائیں گے ۔ جبکہ تین کروڑ ستر لاکھ روپے کی لاگت سے عبادت گاہوں اور ایک سو اسی گھروں کی رینو یشن پر کام پہلے ہی سے جاری ہے ۔ وزیر زادہ نے کہا ۔ کہ سینتیس کروڑ روپے چترال ٹاون کی بیو ٹیفیکیشن اور انٹرنل روڈز جن میں ائیر پورٹ روڈ ، ہون روڈز وغیرہ شامل ہیں ۔ خرچ کئے جائیں گے ۔ اور یہ کام مارچ تک شروع کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ روڈز کی اہمیت مسلمہ ہے ۔ خصوصا سیاحت کی ترقی سڑکوں کے بغیر ممکن نہیں ۔ مشیر وزیر اعلی نے کہا ۔ کہ ان تمام منصوبوں سے یہ بات واضح ہو جاتی ہے ۔ کہ چترال کی تعمیر و ترقی میں وزیر اعلی خیبر پختونخوا کتنی دلچسپی لے رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ میں چترال کا بیٹا ہوں ۔ اور مجھ سے جتنی بھی ہو سکے چترال کی تعمیر و ترقی کیلئے حتی المقدور کوشش کروں گا ۔ میں کسی کے راستے میں رکاوٹ بنا ہوں اور نہ بنوں گا ۔ اور اپنے محترم ممبران اسمبلی چترال کو میرے تعاون کی ضرورت پڑے بھر پور تعاون کروں گا ۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں, چترال خبریںTagged
31815