Chitral Times

Apr 26, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

ایف ایل آئی نے چترال میں‌بولی جانے والی نورستانی زبان”کاتاویری”پرکام کاآغازکردیا

Posted on
شیئر کریں:

اسلام آباد (چترال ٹائمزرپورٹ) فورم فار لینگویج انشی ٹیوز (ایف ایل آئی) نے چترال میں بولی جانے والی ایک نورستانی زبان “کاتاویری” پر کام کا آغاز کیا ہے۔ کام کے پہلے مرحلے میں ایک سروے کا اہتمام کیا گیا جس میں کاتاویری زبان کے بارے میں معلومات اکھٹی کی گئیں۔ ماہ اکتوبر کے تیسرے ہفتے منعقد ہونے والے اس چھ روزہ سروے میں کاتاویری کمیونٹی کے اہم افراد، نوجوان اور بزرگ اشخاص سے معلومات اکھٹی کی گئیں۔ شیخاندہ، بمبوریت میں اس سروے میں معلوم ہوا کہ کاتاویری ایک مستحکم زبان ہے جس کے بولنے والے اپنے گھروں میں اپنے بچوں کے ساتھ اپنی زبان میں گفتگو کرتے ہیں اور اپنی شناخت پر فخر کرتے ہیں۔ لیکن کاتاویری زبان میں لکھنے کا نظام ناپید ہے جس کی وجہ سے کاتاویری کمیونٹی کے لوگ لکھنے کیلئے رومن یا دوسری علاقائی زبان استعمال کرتے ہیں۔
.
کاتاویری زبان چترال میں بولی جانے والی چودہ زبانوں میں سے ایک ہے۔ کاتاویری زبان چترال میں بمبوریت ، رمبور اور لٹکوہ کے سرحدی دیہات شیخاندہ، لنگوربٹ، بدوگال اور گوبور کے علاوہ اُرسون میں بولی جاتی ہے۔ کاتاویری کمیونٹی کے مطابق اُن کی چترال میں کل آبادی 12000 سے زائد ہے۔ کاتاویری زبان بولنے والوں کو چترال میں شیخ، اُن کی زبان کو شیخانی اور اُن کے دیہات کو شیخاندہ کے نام سے جانا جاتاہے۔ یہ زبان چترال میں بولی جانے والی دو نورستانی زبانوں میں سے ایک ہے۔ چترال میں کاتاویری اور کامویری زبانیں نورستان سے وارد ہوئی ہیں۔ یہ دونوں زبانیں بولنے والے ایک دوسرے کی زبان سمجھتے ہیں اور بولتے بھی ہیں۔ چترال میں اِن دونوں زبانوں کو بولنے والوں کو شیخ کہا جاتا ہے۔ ایک اندازے کے مطابق کاتاویری اور کامویری زبان بولنے والے نورستان سے چترال کی طرف 1890ء کے بعد مختلف اوقات میں آنا شروع ہوئے اور چترال کے اِن سرحدی علاقوں کو اپنا مسکن بنائے۔
.
ایف ایل آئی نے کاتاویری زبان پر سروے سے حاصل شدہ نتائج کی بنیاد پر مختلف اقدامات کی منصوبہ بندی کرلی ہے۔ اس ضمن میں کاتاویری زبان کو ضبط تحریر میں لانا سب سے اہم ہے جس کیلئے ایف ایل آئی کی طرف سے کاتاویری کمئیونٹی میں منتخب افراد کو اپنے زبان کیلئے لکھائی کا نظام ترتیب دینے کیلئے ٹریننگ دی جائے گی اور یوں زبان کو تحریر کیلئے استعمال کیا جاسکے گا اور کاتاویری بولنے والے اپنے زبان میں لکھنا
شروع کرینگے۔ اس کے علاوہ ایف ایل آئی کی طرف سے کاتی زبان میں اولین کتابوں کی اشاعت کا اہتمام کیا جائے گا۔ ایف ایل آئی نے اب تک شمالی پاکستان میں بولی جانے والی لگ بھگ تیس (30) زبانوں میں سے 19 زبانوں پر کام کیا ہے اور انہیں ضبط تحریر میں لانے کی کوشش کی گئی ہے اور اِن میں مختلف کتب کو شائع کیا گیا ہے۔ کاتاویری زبان بیسویں زبان ہے جس پر ایف ایل آئی نے کام کا آغاز کیا ہے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں, چترال خبریںTagged
27746