Chitral Times

May 2, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

سعودی عرب کی آئل تنصیبات پر ڈورن حملے سے نرخوں میں 15 فیصد سے زیادہ اضافہ

Posted on
شیئر کریں:

لندن (آئی آئی پی) سعودی عرب کی قومی آئل کمپنی آرامکو کی آئل تنصیبات پر ڈورن حملے اور اس کے نتیجے میں تیل کی پیداوار میں کمی سے عالمی سپلائی میں 5 فیصد کمی اور نرخوں میں 15 فیصد سے زیادہ اضافہ ہوا ہے۔برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق ہفتے کے روز سعودی آرامکو کی دوبڑی آئل تنصیبات پر ڈرون حملے کے نتیجے میں ملکی پیداوار نصف سے زیادہ کم ہوگئی جبکہ اس سے عالمی سپلائی میں 5 فیصد سے زیادہ کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔پیر کے روز ابتدائی تجارتی سرگرمیوں کے دوران برنٹ نارتھ سی کروڈ کے نرخ 19 فیصد بڑھ کر 71.95 ڈالر فی بیرل جبکہ ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کے سودے 15 فیصد اضافے کے ساتھ 63.34 ڈالرفی بیرل طے پائے۔ادھر سعودی آرامکو کا کہنا ہے کہ اس کی آئل تنصیبات پر حملوں کے نتیجے میں تیل کی ملکی پیداوار میں 5.7 بیرل یومیہ کی کمی آئی ہے۔
……………………………………………………………………………………………

.
.
عراق نے سعودی تیل کی تنصیبات پر کیے جانے والے ڈرون حملوں میں عراقی سرزمین کے استعمال سے متعلق خبروں کو سختی سے مسترد کردیا
بغداد (چترال ٹائمزرپورٹ) عراق نے سعودی تیل کی تنصیبات پر کیے جانے والے ڈرون حملوں میں عراقی سرزمین کے استعمال سے متعلق خبروں کو سختی کے ساتھ مسترد کردیا ہے۔عراقی وزیر اعظم کے دفتر سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ بغداد حکومت اپنی سرزمین کو کسی بھی ہمسایہ ملک کے خلاف استعمال کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دے گی۔بیان میں کہا گیا ہیکہ عراقی آئین میں ہمسایہ ملکوں کے خلاف حملے کی ممانعت کی گئی ہے اور ایسا کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔حکومت عراق کا کہنا ہے کہ سعودی تیل کی تنصیبات پر حملے سے متعلق افواہیں پھیلانے کے معاملات کا جائزہ لینے کے لیے کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ خطے میں کشیدگی اور فوجی محاذآرائی میں شدت کی صورت میں خطے اور دنیا کی سلامتی کے لیے خطرات میں اضافہ ہوگا اور انسانی صورتحال مزید پیچیدہ ہوجائے گی۔

=================================================
.
.
فریضہ حج کی ادائیگی کے بعد سرکاری اور پرائیویٹ سکیموں کے ایک لاکھ99 ہزار 624 حاجی وطن واپس پہنچ گئے
اسلام آباد(آئی آئی پی) فریضہ حج کی ادائیگی کے بعد سرکاری اور پرائیویٹ سکیموں کے مجموعی طورپر ایک لاکھ99 ہزار 624 حاجی وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔ وزارت مذہبی امور کے مطابق رواں سال سرکاری سکیم کے تحت ایک لاکھ 22 ہزار 975 جبکہ پرائیویٹ سکیم کے تحت 76 ہزار 649 پاکستانیوں نے فریضہ حج کی سعادت حاصل کی۔ حج سے پہلے اور حج کے بعد مجموعی طورپر 96 پاکستانی اللہ کو پیارے ہوئے، ان میں سے 67 افراد سرکاری اور 29 افراد کا تعلق پرائیویٹ سکیم سے ہے۔ حج آپریشن میں پی آئی اے، سعودی ایئر لائن اور ایئر بلیو نے حصہ لیا۔ حج کے بعد فلائٹ آپریشن ایک ماہ تک جاری رہا۔ مجموعی طور پر ایک لاکھ 99 ہزار 624 پاکستانی حاجیوں کی وطن واپسی کے بعد حج آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے۔
………………………………………..
..
مک المکرمہ، وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری نے غسل کعبہ کی تقریب میں شرکت کی
مک المکرمہ (چترال ٹائمزرپورٹ) وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری نے غسل کعبہ کی تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے خانہ کعبہ کے اندر جا کر نوافل ادا کئے اور پاکستان کی سلامتی و خوشحالی اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کے لئے خصوصی دعا کی۔ وزارت مذہبی امور کے ترجمان کے مطابق پاکستان کی طرف سے وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے غسل کعبہ کی تقریب میں شرکت کی۔ غسل کعبہ کی رسم گورنر مکہ شہزادہ خالد الفیصل نے ادا کی۔ تقریب میں نائب گورنر شہزادہ بدر بن سلطان، مسجد الحرام اور مسجد نبوی کے سربراہان شیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس، سعودی عرب میں متعین اسلامی ممالک کے سفارتکاروں، ممتاز علماء، وزراء، کلید برادران کعبہ اور مقامی شہریوں نے شرکت کی۔ وفاقی وزیر مذہبی امور نورالحق قادری نے گورنر مکہ اور دیگر کے ہمراہ خانہ کعبہ کے اندر جا کر عرق گلاب اور آب زم زم سے غسل دیا۔ اس موقع پر وزیر مذہبی امور نے نوافل ادا کئے اور مقبوضہ کشمیر کی آزادی، پاکستان کی سلامتی اور خوشحالی کے لئے اللہ رب العزت کے حضور خصوصی دعا کی۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
26183