Chitral Times

May 12, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

کلین اینڈ گرین پاکستان موومنٹ کی رفتار بڑھانے کے لئے تمام محکموں کو ہدایات جاری

Posted on
شیئر کریں:

پشاور(چترال ٹائمزرپورٹ ) کلین اینڈ گرین پاکستان موومنٹ کی رفتار بڑھانے اور اس تحریک کے مقاصد جن میں صحت مند ماحول پیدا کرنا، صاف و سرسبز عوامی مکامات، کچرے اور گندگی کو بہتر اور محفوظ طریقے سے ٹھکانے لگانا اور اعلیٰ و جدید میونسپل سروسز کی فراہمی شامل ہیں کے جلد سے جلد حصول کے لئے محکمہ بلدیات،الیکشنز و دیہی ترقی خیبر پختونخوا کی طرف سے صوبے کے تمام انتظامی سیکرٹریز، کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، محکمہ کے ذیلی اداروں اور دفاتر کو الگ الگ مراسلوں کے ذریعے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ مراسلات کے مطابق کلین اینڈ گرین پاکستان موومنٹ کے تحت پانچ اہم مقاصد رکھے گئے ہیں جن میں بڑے پیمانے پر شجرکاری، سالڈ ویسٹ منیجمنٹ، حفظانِ صحت، محفوظ نکاسی آب اور صاف پانی کی فراہمی شامل ہیں۔ تمام محکموں اور ان کے فیلڈ ڈیپارٹمنٹس کے علاوہ تمام اضلاع کی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ کلین اینڈ گرین پاکستان موومنٹ کے تحت رکھے گئے اہداف کا بروقت حصول یقینی بنانے کے لئے تمام ضروری اقدامات کئے جائیں جبکہ اس سلسلے میں پی ایم آر یو کو موومنٹ کی کارکردگی کی جانچ سے متعلق متعین کردہ 46 اعشاریوں کا ڈیٹا اکٹھا کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ مراسلات کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے کلین اینڈ گرین پاکستان موومنٹ کی رفتار بڑھانے کے احکامات جاری کیے ہیں اور اس سلسلے میں تمام انتظامی سیکرٹریز، متعلقہ محکمے اور ذیلی ادارے 9 اپریل کو صاف اور سرسبز پاکستان تحریک سے متعلق تقریبات کا انعقاد کریں گے جس کا مقصد کلین اینڈ گرین پاکستان موومنٹ کے مقاصد کے حصول کے لئے تجدید عہد کرنا اور نئی قوت اور حوصلے کے ساتھ کام شروع کرنا ہے۔ مراسلات میں انتظامی سیکرٹریز سے یہ درخواست بھی کی گئی ہے کہ وہ اپنے تمام متعلقہ محکموں اور فیلڈ دفاتر کو آگاہی تقریبات کے انعقاد میں تمام اضلاع کی انتظامیہ سے بھرپور تعاون کی ہدایات جاری کریں۔ یاد رہے کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان نے گزشتہ سال 8 اکتوبر کو کلین اینڈ گرین پاکستان موومنٹ کا افتتاح کیا تھا۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
20617