Chitral Times

May 7, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

ایڈونچرٹورازم کے فروغ کیلئے سال 2019کو پہاڑوں کا سال کے طور پر منایاجائیگا..عاطف خان

Posted on
شیئر کریں:

پشاور(چترال ٹائمز رپورٹ )‌ سینئر صوبائی وزیر سیاحت، ثقافت، کھیل، آثارقدیمہ، میوزیم و امور نوجوانان محمد عاطف خان نے کہا ہے کہ سیاحت کی اہمیت سے کوئی بھی انکار نہیں کرسکتا دنیا میں کئی ایسے ممالک ہیں جن کی معیشت سیاحت کے سہارے چل رہی ہے سیاحت کی اس اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے اس شعبے پر کافی توجہ دی ہے اور اسلسلے میں ٹاسک فور س کے قیام کے علاوہ اب تھنک ٹینک کا قیام بھی عمل میں لایا گیاہے اسکے علاوہ ٹوارزم اتھارٹی اور ٹوارزم پولیس فورس کے قیام پر بھی کام جاری ہے ۔، ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آبادمیں منعقدہ پہلے تھنک ٹینک اجلاس میں مختلف شعبوں سے شریک شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ممبر صوبائی اسمبلی وزیر زادہ، سیکرٹری محکمہ سیاحت شاہد زمان، منیجنگ ڈائریکٹر ٹورازم کارپوریشن خیبرپختونخوا مشتاق احمد خان سمیت ہوٹلز انڈسٹری کے مالکان، ٹور آپریٹر، ڈیجیٹل میڈیا مارکیٹ، ایڈونچر موٹر سپورٹس، ٹریول ایجنٹس سمیت مختلف سیکٹر کے ماہرین شامل تھے۔ سینئر صوبائی وزیر عاطف خان نے کہا کہ صوبے میں 10 نئے سیاحتی مقامات دریافت کر لئے ہیں جن پر امسال کام کیا جائے گا، پہلے مرحلے میں سیاحتی مقامات کو جانے والی سڑکیں تعمیر کی جائینگی کیونکہ جب تک انفراسٹرکچر بہتر نہیں ہوگا ہم اس وقت تک سیاحوں کو لانے میں کامیاب نہیں ہو سکتے ۔سنئیر وزیر نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کوپاکستان کی سیاحتی مقامات کی طرف راغب کرنے کے لئے بھی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے بات ہوئی ہے جن ممالک میں اوورسیز پاکستانیوں کی تعداد زیادہ ہے وہاں پر مقامی کمیونٹی کو ساتھ لیکر ان کوآگے لایا جائیگا اسکے بعد غیر ملکی سیاحوں کو دو سے تین سال میں خیبرپختونخوا کے سیاحتی مقامات کی جانب راغب کیاجائیگا جس سے صوبہ اور ملکی آمدن میں اضافہ ہوگا ۔ سینئر صوبائی وزیر عاطف خان نے مزید کہاکہ ٹورازم کی بہتری سٹیک ہولڈرز اور پرائیویٹ سیکٹرز کو شامل کئے بغیر ممکن نہیں،اس لئے خیبر پختو نخوا کی حکومت تمام سٹیک ہولڈر کو اعتماد میں لیکر سیاحت کے فروغ کے لئے کام کررہی ہے ۔ خیبرپختونخوا کی 60 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے جو زیادہ تر بے روزگار ہیں تاہم سیاحتی مقامات کی آباد کاری سے نوجوان مستفید ہونگے اوران کو روزگار کے مواقع ملیں گے ۔عاطف خان نے کہاکہ کمراٹ کو نیشنل پارک کے طور پر متعارف کروانے کے علاوہ ایلم وادی میں آثارقدیمہ کا پہلا تاریخی پارک بنایا جائے گا۔تھنک ٹینک اجلاس کے ایجنڈے کے مطابق صوبہ میں پائیدار سیاحت کے فروغ اور اس کی ترقی کیلئے ٹورازم انڈسٹری کو مضبوط کرنا، نئے مقامات کو آباد کرنے کیلئے مختلف سٹیک ہولڈرز کی رائے، نئے سیاحتی مقامات کیلئے مشترکہ لائحہ عمل، ایڈونچر ٹورازم کے فروغ کیلئے سال 2019کو پہاڑوں کا سال کے طور پر منانا، مذہبی سیاحت کی ترقی کیلئے مشترکہ اقدامات اور سیاحتی حکمت عملی کیلئے اظہار خیال شامل تھا، شرکاء نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مختلف ہائی ویز اور سڑکوں پر سائن بورڈز نصب کئے جائینگے جس پر سیاحتی مقامات کو جانے کے راستے اور معلومات درج ہوں جبکہ ساتھ ہی مختلف ٹول پلازوں اور مقامات پر بیٹھنے کی جگہ، پانی کی فراہمی سیاحتی مقامات کے براؤشرز اور پمفلٹ موجود ہوں، سیاحوں کو معلومات کی فراہمی کیلئے ریڈیو سٹیشن کی مدد لینا جس میں مختلف لینڈ سلائیڈنگ، موسم اور دیگر معلومات کی فراہمی کیلئے اقدامات شامل ہونگے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
15754