Chitral Times

Apr 26, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

چترال میں‌ بلاجواز لوڈشیڈنگ نےعوام کا جینا حرام کردیاہے، وکلاء‌کی بھرپور احتجاج کا فیصلہ

Posted on
شیئر کریں:

چترال (‌نمائندہ چترال ٹائمز ) چترال میں‌ وافر مقدار میں بجلی موجود ہونے کے باوجود پیسکو حکام کی طرف سے بلا جواز لوڈشیڈنگ نے صارفین کا جینا حرام کردیا ہے. خصوصا رمضان المبارک کے دوران غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی وجہ سے روزہ دار پیسکو دفتر کے سامنے دھرنا دینے پر مجبور ہوگئے ہیں. واپڈ ذرائع کے مطابق گولین گول ہائیڈ رو پاور سے بلا ناغہ بجلی کی سپلائی جاری ہے. تیکنیکی حکام کے مطابق 36میگاواٹ بجلی میں سے صرف 8میگاواٹ بجلی بھی استعمال نہیں‌ہورہی ہے. جس کے باوجود چترال میں روزانہ تین سے پانچ گھنٹے لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے . جوٹی لشٹ گرڈ اسٹیشن کے اہلکاروں‌کے مطابق انھیں‌پیسکوحکام پشاور کی طرف سے واضح احکامات ہیں‌کہ روزانہ کم از کم پانچ گھنٹے لوڈ شیڈنگ کی جائے. جس کی وجہ سے انھیں مجبورا حکام بالاکے احکامات کی روشنی میں بجلی بند کرنا پڑ رہی ہے .
چترال کے مختلف مکاتب فکر کا کہنا ہے کہ بلاجواز لوڈشیڈنگ کی وجہ سے ایک طرف صارفین کو تنگ کیا جارہاہے تو دوسری طرف سرکاری خزانے کو بھی روزانہ کم از کم پانچ لاکھ روپے کا نقصان پہنچایا جارہاہے . ادھر کوغذی واپڈ حکام کے مطابق بجلی استعمال نہ ہونے کی وجہ سے پاور اسٹیشن کے قیمتی مشینری بھی جل جانے کا خطرہ لاحق ہوگیا ہے . ذرائع کے مطابق واپڈا حکام نے بار بار مراسلہ کے ذریعے پیسکو چیف کے نوٹس میں‌بھی یہ بات لائے ہیں‌کہ بجلی کو بلا ناغہ استعمال کیا جائے .اور لوڈشیڈنگ سے گریز کیا جائے. بصورت دیگر ٹربائین کو شدید نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے.
دریں‌اثنا چترال کے وکلاء برادری نے پیسکو حکام کو منگل تک کا ڈیڈ لائن دیتے ہوئے بھر پور احتجاج شروع کرنے کا اعلان کیا ہے . گزشتہ دن چترال پریس کلب میں‌ایک پریس کانفرنس کے دوران چترال کے سینئر وکلا نے پسکو کی طرف سے ہٹ دھرمی پر انتہائی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے منگل کے روز چترال ٹاون میں‌احتجاجی جلسہ منعقد کرکے آئندہ کا لائحہ عمل طے کرنے کا فیصلہ کیا ہے . عبد الولی خان ایڈوکیٹ، نیاز اے نیازی، خورشید مغل ، عالمزیب ،محمد کوثر، محمد حکیم و دیگر نے کہا کہ پیسکو اپنی عادت سے مجبور ہے اور رمضان المبارک کے دوران عوام کو تنگ کرنے کا سلسلہ بند نہ کیا تو انکے خلاف بھر پور احتجاج کرینگے. انھوں نے ضلعی انتظامیہ سے نوٹس لینے اور پیسکو حکام کو صارف عدالت میں بھی چیلنج کرنے کا عندیہ دیتے ہوئے منگل کے جلسہ میں‌عوام کی بھر پور شرکت کی اپیل کی ہے.


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, چترال خبریںTagged ,
10447