ریچ میں ایک اور شادی شدہ خاتون کی مبینہ خودکشی ، خاتون گزشتہ رات سے لاپتہ
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) چترال سے 100کلومیٹر انتہائی شمال میں واقع گاؤں ریچ میں ایک شادی شدہ خاتون گزشتہ رات سے لاپتہ ہے ۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق خاتون نے مبینہ طور پر دریا میں چھلانگ لگاکر اپنی زندگی کا خاتمہ کردیا۔ پولیس اسٹیشن تورکھو کے ایس ایچ او شیر نواز بیگ نے بتایاکہ سکینہ بی بی دختر شیر بیرش خان کی شادی تین سال قبل زار احمد خان سے ہوئی تھی جس کے ایک ماہ بعد وہ سعودی عرب جانے کے بعد گزشتہ مئی کو واپس آئے تھے۔ انہوں نے مزید بتایاکہ سکینہ کی عمر 17سال کی لگ بھگ تھی اوردونوں کانوں سے بہری تھی اور ان کا سسروالوں سے معمولی نوعیت کا لڑائی جھگڑا رہتا تھا کیونکہ کوئی بھی آپس میں بات کرتے تو ان کو شک پڑجاتی تھی ۔ گزشتہ رات وہ گھر سے غائب ہوئی تو ان کی تلاش شروع ہوئی اور ان کے موبائل ٹیلی فون سیٹ اور دوسرے سامان دریا کے کنارے پر پتھر کے اوپر رکھے ہوئے ملے اور صبح ہونے پر ان کی لاش کی تلاش جاری ہے مگر تاحال کامیابی نہیں ہوئی ہے ۔ ایس ایچ او کا کہنا تھاکہ تلاش کے کام میں پولیس کے جوان بھی گاؤں کے باشندوں کی مدد کررہے ہیں۔ پولیس نے ضابطہ فوجداری کے دفعہ 156کے تحت مقدمہ درج کرکے انکوائر ی کا آعاز کردیا ہے۔