لویر چترال پولیس کے زیر اہتمام یوم شہدائے پولیس منایا گیا، جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پولیس فورس کے افسران اورجوانوں کو شاندارا لفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا گیا
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز ) لویر چترال پولیس کے زیر اہتمام یوم شہدائے پولیس منایا گیا جس میں وطن عزیز کے دامن کو دہشت گردوں اور سماج دشمن عناصر سے بچانے کے لئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پولیس فورس کے افسران اورجوانوں کو شاندارا لفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیاگیا کہ وطن کی مٹی کو جب بھی ضرورت پڑجائے تو ہر جوان اور افسر جان کانذرانہ پیش کرنے کو تیار ہے۔اس دن کا آعاز شہداء کے روح کو ایصال ثواب کے لئے قرآن خوانی سے کیا گیا جبکہ کمانڈنٹ چترال سکاوٹس بلال جاوید اور ڈسٹرکٹ پولیس افیسرافتخار شاہ نے یادگار شہداء پر پھول چڑہائے اور پولیس کے چاق وچوبند دستے کی سلامی لی۔
اس موقع پر منعقدہ تقریب میں مقررین اور مقامی سکول کے طلباء وطالبات نے اس دن کی اہمیت پر اور شہادت کے بلند مرتبے پر روشنی ڈالی۔ اس موقع پر مہمان خصوصی اور چترال سکاوٹس کے کمانڈنٹ کرنل بلال جاوید نے کہاکہ ہمارے آباواجداد اور بزرگوں نے قربانی دے کر ہمارے لئے آزادی حاصل کی اور اس آزادی کو بھی قائم ودائم رکھنے کیلئے ہمارے شہید جانوں کی قربانی دے رہے ہیں جوکہ قابل صد ستائش ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان اس وقت ایک مشکل وقت سے گزر رہا ہے جس کے مشرقی اور مغربی سرحدوں میں دشمنوں نے ڈیرا ڈال دیا ہے اور ہر وقت موقع کی تاک میں رہتے ہیں اور ان حالات میں آرمڈ فورسز اور پولیس ہی ہر وقت ملک کی سرحدوں میں اندرونی طور پر دشمن کے ایجنٹوں سے نمٹنے میں مصروف ہیں۔
انہوں نے کہاکہ حال ہی میں انڈیا کے خلاف فیصلہ کن فتح حاصل کرنے میں ہمارے شہیدوں کے خون کے باعث ہوا ہے۔ ڈسٹرکٹ پولیس افیسر افتخار شاہ نے اپنے خطاب میں کہاکہ یہ تجدید عہد کا دن ہے جس میں اپنے عزم نو سے اندرون ملک کو اس کے دشمنوں سے پاک کرنے کے لئے جانوں کی قربانی دینے کا اپنے رب سے عہد کرتے ہیں تاکہ یہاں رہنے والے امن وسکون سے زندگی گزار سکیں۔ انہوں نے سکول آف نالج اینڈ سائنس کے طلباء وطالبات کی طرف سے اس دن کی اہمیت اجاگر کرنے میں کردار کو سراہا۔ اس سے قبل مختلف مقررین اور شعراء نے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔ چترال پولیس کے افسران ایس پی محمد شفیع شفاء، ایس پی عتیق الرحمن، ڈی ایس پی سجاد حسین، ڈی ایس پی اکبر شاہ اور ڈی ایس پی اقبال کریم موجود تھے۔





