یوم شہدائے پولیس، چترال لوئر اور اپر میں الگ الگ تقریبات، شہداٗ پولیس کو خراج عقیدت پیش کیا گیا،
چترال(نمائندہ چترال ٹائمز ) لویر اور اپر چترال میں یوم شہدائے پولیس انتہائی عقیدت واحترام کے ساتھ منایا گیا، دن کا اغاز یوم شہدائے پولیس کے حوالے سے جامع مسجد پولیس لائن لوئر اور اپر چترال میں شہداء کی روح کے ایصال ثواب کے لئے قرآن خوانی سے کیا گیا،اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ وطن عزیز کو امن کا گہوارا بنانے اور دہشت گردی وانتہا پسندی سے پاک کرنے میں کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا اور پولیس فورس کا مورال پہلے کی طرح اب بھی بلند سے بلند تر ہے۔ اتوار کے روزچترال شہر میں منعقدہ ایک تقریب میں کمانڈنٹ چترال سکاوٹس کرنل بلال جاوید، ڈپٹی کمشنر لویر چترال محسن اقبال اور ڈی پی او افتخار شاہ کے علاوہ دوسرے مقررین ڈاکٹر عنایت اللہ فیضی، خطیب خلیق الزمان اورمولانا اسرار الدین الہلال نے شہدائے پولیس کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ یہ وہ عظیم لوگ تھے جنہوں نے ہماری آج کے لئے اپنا کل قربان کردیا اور قانون کی بالادستی اور مملکت خداداد پاکستان کی شہریوں کی جان،مال اور آبرو کی حفاظت کے لئے جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
اس موقع پر ڈی سی لویر چترال نے شہدائے پولیس کے اہل خانہ کے لئے جامع طرز پر پیکج قائم کرنے کی تجویز دیتے ہوئے کہاکہ شہداء کے اہل خانہ کی دیکھ بال کرنا اور ان کا ہرطرح کا خیال رکھنا ہم پر فرض ہے۔ کرنل بلال جاوید نے بھی شہدائے پولیس کے اہل خانہ کے لئے پیکج میں مناسب اضافہ کرنے کی تجویز پیش کی اور کہاکہ اسے پاک آرمی کے شہداء کے اہل خانہ کے لئے دی جانے والی مراعات کے برابر لانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ پولیس اپنی ذمہ داری کی نوعیت کے لحاظ سے انتہائی مشکل اور نازک صورت حال سے دوچار رہتا ہے۔ ڈی پی او افتخار شاہ نے کہاکہ شہدائے پولیس کو پولیس فورس میں مرکزی مقام حاصل ہے اور ہرسال 4اگست کو صوبائی سطح سے لے کر اضلاع کی لیول تک یوم شہدائے پولیس مناکر اس بات کا اعادہ کیا جاتا ہے کہ پولیس فورس اپنے شہداء کی نقش قدم پر چلتے ہوئے قربانی کے لئے ہر دم تیار ہے اور یہ کہ پولیس کے شہداء کی یادیں کبھی ماندنہیں پڑجائیں گے۔
اس موقع پر شہداء کے بچوں اور بچیوں کے ساتھ ساتھ دوسرے لواحقین میں تحائف تقسیم کئے گئے۔ اس دن کی مناسبت سے ڈی پی او نے کئی شہدائے پولیس کے مزاروں پر پھول چڑہائے اور ان کی درجات کی بلندی کے لئے دعائیں مانگی۔
اسی طرح یوم شہدائے پولیس کے حوالے سے چترال اپر میں ضلعی پولیس کی جانب سے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں ایڈشنل ڈسٹرکٹ سیشن جج راجا محمد شعیب، ڈی سی اپر حسیب الرحمان خلیل، اے ڈی سی،ڈی پی او چترال اپر محمد عتیق شاہ،ایکس ای این اپر چترال، تحصیل ناظم سردار حکیم، ٹی یم۔او، لواحقین شہداء پولیس اور عازیان پولیس سمیت پولیس افسران و جوانان نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کے دوران ایڈشنل ڈسٹرکٹ سیشن جج نے شہدائے پولیس کی بلند درجات پر بات کی۔
ڈی سی اپر حسیب الرحمان خلیل نے شہدائے پولیس کو عقیدت کا نذرانہ پیش کیا۔ شہدائے پولیس کے ساتھ عقیدت کے طور بچوں نے بہت خوبصورت انداز میں حمد، نعت اور ملی نغمے پیش کئے۔ ضلعی پولیس سربراہ چترال اپر محمد عتیق شاہ نے تمام معزز مہمانوں اور شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہو کہا کہ آج ہم یہاں ایک انتہائی اہم موقع پر جمع ہوئے ہیں، جس کا مقصد اپنے بہادر شہیدوں کو خراج تحسین پیش کرنا ہے، جنہوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دیکر ہماری آج کو پر امن بنائے۔ ۔پولیس فورس کی جانب سے ان شہداء کی لازوال قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ اس موقعے پر افسران نے پولیس لائنز میں ایک بارک کا افتتاح کئے جوکہ شہدائے پولیس بارک نام سے منسوب ہے۔ پولیس شہداء کے لواحقین میں پیکجز تقسیم کی گئی۔ پروگرام کے اختتام پر قاضی فضل ربانی نے شہدائے پولیس کے بلند درجات کی کے لئے اجتماعی دعا بھی کی۔





