Chitraltimes Banner

تما م سرکاری دفاترپیٹرولیم مصنوعات کا استعمال ضروری سرکاری فرائض، ہنگامی ردعمل کی سرگرمیوں اور ناگزیر فیلڈ آپریشنز تک محدود رکھیں۔ سیکرٹری خزانہ خیبرپختونخوا کا اعلامیہ جاری

Posted on

تما م سرکاری دفاترپیٹرولیم مصنوعات کا استعمال ضروری سرکاری فرائض، ہنگامی ردعمل کی سرگرمیوں اور ناگزیر فیلڈ آپریشنز تک محدود رکھیں۔ سیکرٹری خزانہ خیبرپختونخوا کا اعلامیہ جاری
بیرونِ اسٹیشن دوروں، غیر ضروری معائنوں، رسمی اور غیر ضروری سرکاری سفر کو فوری طور پر محدود کیا جائے۔سرکاری گاڑیوں کا استعمال صرف سرکاری مقاصد کے لیے کیا جائے۔ سیکرٹری خزانہ خیبرپختونخوا

پشاو ر(نمائندہ چترال ٹائمز) محکمہ خزانہ خیبرپختونخوا نے عالمی تناظر کے پیش نظر پیٹرولیم مصنوعات کے استعمال سے متعلق تمام محکموں،فارمیشنز اور ذیلی دفاتر کو ہدایت نامہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے میں سرکاری امور کی بلا تعطل انجام دہی کو یقینی بنانے کے لیے احتیاطی اور بچت پر مبنی اقدامات اختیار کرنا ضروری ہو گیا ہے۔ اس حوالے سے سیکرٹری محکمہ خزانہ خیبرپختونخوا کی جانب سے گزشتہ روز پیٹرولیم مصنوعات کے دانشمندانہ اور کفایت شعاری کے ساتھ استعمال کرنے کیلئے محکمہ خزانہ کے دفاتر اور فیلڈ فارمیشنز کیلئے ہدایات نامہ جاری کیا گیا ہے۔ اعلامیہ کے مطابق تمام دفاتر پیٹرولیم مصنوعات کے دانشمندانہ اور کفایت شعاری کے ساتھ استعمال کو یقینی بنائیں اور پیٹرولیم مصنوعات کا استعمال ضروری سرکاری فرائض، ہنگامی ردعمل کی سرگرمیوں اور ناگزیر فیلڈ آپریشنز تک محدود رکھا جائے۔

محکمہ خزانہ خیبرپختونخوا کے مطابق بیرونِ اسٹیشن دوروں، غیر ضروری معائنوں، رسمی اور غیر ضروری سرکاری سفر کو فوری طور پر محدود کیا جائے سرکاری گاڑیوں کا استعمال صرف سرکاری مقاصد کے لیے کیا جائے جہاں ممکن ہو گاڑیوں کے مشترکہ استعمال (پولنگ) کی حوصلہ افزائی کی جائے اور ایک ہی سرکاری سرگرمی کے لیے متعدد گاڑیوں کے غیر ضروری استعمال سے اجتناب کیا جائے۔ اعلامیہ میں لکھا گیا ہے کہ تمام اندرونی، بیرونی اور رابطہ کاری کے اجلاس حتیٰ الامکان ورچوئل پلیٹ فارمز کے ذریعے منعقد کیے جائیں تاکہ غیر ضروری نقل و حرکت اور پیٹرولیم کے استعمال کو کم سے کم کیا جا سکے۔

محکمہ خزانہ خیبرپختونخوا کے مطابق پیٹرولیم الاٹمنٹ اور گاڑیوں کے استعمال کی متعلقہ انتظامی دفاتر کی جانب سے مناسب نگرانی اور ریکارڈنگ کی جائے اور منسلک محکموں، دفاتر کے سربراہان موجودہ حالات کے پیش نظر سرکاری وسائل کے استعمال میں کفایت شعاری کے حوالے سے تمام افسران اور عملے میں آگاہی پیدا کی جائے۔ سیکرٹری خزانہ نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ جاری بجٹ سائیکل اور آئندہ مالی سال کے لیے بجٹ کی تیاری محکمہ خزانہ کی ترجیحی ذمہ داری ہے مذکورہ بالا اقدامات کسی بھی صورت میں بجٹ سائیکل اور بجٹ کی تیاری کے عمل میں رکاوٹ کا باعث نہ بنیں۔ ان ہدایات پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنائیں اور انہیں اپنے انتظامی کنٹرول میں موجود تمام ذیلی دفاتر اور فیلڈ فارمیشنز تک پہنچائیں۔

Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged ,
118482