Chitral Times

82سالہ امریکن شہری نے توشی گیم ریزرو میں دوکروڑ 17لاکھ روپے کے عوض مارخور ٹرفی شکارکیا

چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) 82سالہ امریکن شہری لارنس نے توشی گیم ریزرو میں دس سالہ کشمیر مارخور کا ٹرافی شکار کیا جس کے لئے انہوں نے محکمہ جنگلی حیات سے ایک لاکھ چالیس ہزار امریکی ڈالر کے عوض پرمٹ حاصل کیا تھا جوکہ پاکستان کرنسی میں دوکروڑ 17لاکھ روپے بنتی ہے۔ وائلڈ لائف ڈویژن چترال کے ڈی ایف او محمد ادریس نے کہاکہ امریکی شکاری کو توشی کے مقام پر اپنا مطلوبہ شکار ڈھونڈ نے میں کوئی دشواری پیش نہیں آئی جوکہ گرم چشمہ روڈ میں گاڑی سے اترنے کے بعد ایک گھنٹے کے اندر اندر دوربین کے ذریعے سامنے شکارگاہ میں ایک دس سالہ نر مارخور کا انتخاب کیا۔ انہوں نے کہاکہ امریکن شہری ماہر نشانہ باز نکلا جس نے آسانی سے مارخور کانشانہ لیا جوکہ گولی کے لگتے ہوئے ڈھیر ہوگئے جس کی سینگ کی لمبائی 48انچ نکل آئی۔ انہوں نے کہاکہ پرمٹ سے ملنے والی آمدنی کا 80فیصد حصہ متعلقہ کمیونٹی کو دیاجاتا ہے جسے وہ اپنی اجتماعی ترقی میں استعمال کرتے ہیں اور اس وجہ سے چترال میں مارخور کی آبادی میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔

Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں, چترال خبریںTagged
29906