Chitral Times

چیئرمین پی ٹی آئی کا اٹک سے اڈیالہ جیل منتقل نہ ہونے کا فیصلہ

Posted on

چیئرمین پی ٹی آئی کا اٹک سے اڈیالہ جیل منتقل نہ ہونے کا فیصلہ

اٹک( چترال ٹایمزرپورٹ)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم نے اٹک جیل سے اڈیالہ جیل منتقل نہ ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف نے اٹک سے اڈیالہ جیل منتقلی نہ کرنے کا عدالت کے سامنے بیان دے دیا، چیئرمین تحریک انصاف نے اپنے بیان میں کہا کہ اڈیالہ جیل منتقل نہیں ہونا چاہتا۔سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میں اٹک جیل میں ایڈجسٹ ہو گیا ہوں، میں اپنے وکلا سے کہوں گا کہ اڈیالہ جیل میں منتقلی کی درخواست واپس لے لیں۔

 

اسحاق ڈار کیخلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کا ریفرنس کھل گیا

اسلام آباد( چترال ٹایمزرپورٹ)نیب ترامیم کالعدم ہونے کے بعد سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کا ریفرنس کھل گیا۔احتساب عدالت نے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو 10 اکتوبر طلب کرلیا۔ اسحاق ڈار کی 10 اکتوبر کو طلبی کے سمن جاری کر دیے گئے۔احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے احکامات جاری کیے۔نیب آرڈیننس کے بعد احتساب عدالت نے اسحاق ڈار کے خلاف کیس بند کر دیا تھا۔ اسحاق ڈار کے خلاف کیس کا ریکارڈ احتساب عدالت میں ہی موجود تھا۔

 

پاکستان نے اپنا جنگی بحری جہاز “پی این ایس طارق” برطانیہ کو دے دیا

کراچی(سی ایم لنکس)پاکستان نے جذبہ خیرسگالی کے تحت جنگی بحری جہاز“پی این ایس طارق”برطانیہ کے سپرد کر دیا۔ترجمان پاک بحریہ کے مطابق پاک بحریہ نے حکومتی منظوری کے بعد جنگی بحری جہاز پی این ایس طارق برطانیہ کے حوالے کیا۔پی این ایس طارق کی حوالگی کی تقریب لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن میں منعقد ہوئی جس کے مہمان خوصی چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی تھے۔رائل برطانوی بحریہ کے سابق فرسٹ سی لارڈ اور چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل لارڈ ایلن ویسٹ نے بطور گیسٹ آف آنر تقریب میں شرکت کی۔برطانیہ نے پاکستان سے ایمیزون یا طارق کلاس ٹائپ 21 جنگی جہاز کی حوالگی کی استدعا کی تھی۔ پاک بحریہ میں شامل ٹائپ 21 ایمیزون کلاس فریگیٹس 70، 80 کی دہائیوں میں برطانوی شاہی بحریہ کا حصہ رہے۔ ایمیزون کلاس فریگیٹس نے 1982ء میں برطانیہ، ارجنٹائن فاک لینڈ جنگ میں حصہ لیا۔برطانیہ، پاکستان سے جہاز حاصل کر کے فاک لینڈ جنگ کی یادگار کے طور پر رکھنا چاہتا ہے۔ جہاز گلاسگو کے کلائیڈ میری ٹائم ہیری ٹیج سنٹر میں رائل اور پاکستانی بحری افواج کے مشترکہ بحری ورثے کی علامت کے طور پر نمائش کے لیے رکھا جائے گا۔پاک بحریہ میں شامل“پی این ایس طارق”برطانوی ٹائپ 21 ایمیزون یا طارق کلاس سیریز کا آخری جہاز ہے۔ پاکستان نے 90 کی دہائی کے اوائل میں برطانیہ سے 6 ایمیزون کلاس ٹائپ 21 فریگیٹس حاصل کیے۔پاک بحریہ میں جہاز ایچ ایم ایس ایمبسکیڈ کا نام مجاہد اسلام طارق بن زیاد سے منسوب پی این ایس طارق رکھا تھا۔ برطانوی ساختہ ٹائپ 21 طارق کلاس فریگیٹس نے 30 سال تک پاک بحریہ میں کلیدی خدمات سرانجام دیں۔

 

Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged ,
79567