چترال میں گرمی کی شدت میں اضافہ، دریائے چترال بپھرگیا ، مستوج میں کئی گھر اور باغات زیراب آگئے، ڈی سی کے زیرصدارت گلوف الرٹ حوالے سے اجلاس، کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیاری کا جائزہ لیا گیا
چترال میں گرمی کی شدت میں اضافہ، دریائے چترال بپھرگیا ، مستوج میں کئی گھر اور باغات زیراب آگئے، ڈی سی کے زیرصدارت گلوف الرٹ حوالے سے اجلاس، کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیاری کا جائزہ لیا گیا
چترال اپر(نمائندہ چترال ٹائمز ) چترال کے طول وعرض میں حالیہ شدید گرمی کے باعث گلیشئر پگھلنے کا سلسلسہ تیزی سے جاری ہے جس کے باعث ندی نالوں میں طغیانی کی صورت حال ہے ،اتوار کی علی الصبح دریائے یارخون میں پانی کی بہاو میں اچانک غیر معمولی اضافے دیکھنے کو ملی ، جو مستوج پل کے ساتھ زمینات اور گھروں میں بھی داخل ہونے کی اطلاعات ہیں، عینی شاہدین کے مطابق پانی کی بہاو میں اچانک اضافے سے مستوج پل کے ساتھ قریبی آبادی اور زمینات کو بھی نقصان پہنچنے کا شدید خطرہ لاحق ہوگیاہے، دریائے یارخون میں اونچے درجے کا سیلاب ہے ، جس کے باعث نشیبی علاقے زیراب آگئے ہیں، جہاں مکین محفوظ مقامات پر منتقل ہوگئے ہیں،اسی طرح ژوپو پل یارخون ویلی بھی زیرآب اگیاہے، اگر دریا کی بہاو اسی طرح جاری رہی تو یہاں پر ٹریفک منقطع ہونے کا قوی خدشہ ظاہرکیا جارہا ہے۔
دریں اثنا کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کیلئے لائحہ عمل طے کرنے کے حوالے سے ایک کوارڈینیشن میٹنگ زیر صدارت حسیب الرحمن خان خلیل ڈپٹی کمشنر اپر چترال منعقد ہوا۔جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریلیف اینڈ ایچ آر اپر چترال ، اسسٹنٹ کمشنر مستوج ، سب ڈویژنل پولیس افسر مستوج ،ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اپرچترال، تحصیل میونسپل افسر مستوج اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
میٹنگ میں پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی خیبرپختونخوا کی جانب سے حالیہ گلوف اور مون سون بارشوں کی پیشگوئی سے متعلق کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹنے کیلئے تیاریوں کے حوالے سے خصوصی گفتگو کی گئی۔
میٹنگ میں ڈپٹی کمشنر اپر چترال نے محکمہ سی،اینڈ،ڈبلیو، محکمہ ٹی،ایم،اے، محکمہ لوکل گورنمنٹ اور ریسکیو 1122 کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نبرد آزما ہونے کے لئے اپنے آپ کوبروقت تیار رکھنے کی ہدایت کی۔
ڈپٹی کمشنر اپر چترال نے محکمہ صحت کو اپنے اپنے ہیلتھ فسیلیٹیز میں ادوایات کی بروقت دستیابی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
ڈپٹی کمشنر نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریلیف اینڈ ایچ آر کو ہنگامی حالات کی صورت میں ریلیف آئٹم جلد از جلد پہنچانے کے لئے بروقت اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی۔
مذید برآں دیگر تمام محکمہ جات کے سربراہان کو ہدایت کی گئ کہ وہ ہنگامی صورتحال کی صورت میں اپنے آپ کو الرٹ رکھیں۔
میٹنگ میں بتایا گیا کہ ضلعی انتظامیہ اپر چترال اور دیگر محکمہ جات کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کیلئے بھرپور تیار ہیں۔ اس موقع پر
عوام الناس سے بھی گزارش کی گئی کہ ہنگامی صورتحال کی صورت میں ایمرجنسی نمبروں پر کال کریں۔ اور ندی نالوں اور دریاوں کے کنارے جانے سے گریز کریں۔















