The Voice of Chitral since 2004
Thursday, 23 April 2026
Chitraltimes — The Voice of Chitral

چترال لوئر میں ٹمبر مافیا کے خلاف سابق ایم این اے شہزادہ افتخار الدین متحرک، ڈپٹی کمشنر سے رابطہ، فوری نوٹس لینے کا مطالبہ

چترال لوئر میں ٹمبر مافیا کے خلاف سابق ایم این اے شہزادہ افتخار الدین متحرک، ڈپٹی کمشنر سے رابطہ، فوری نوٹس لینے کا مطالبہ

چترال(نمائندہ چترال ٹائمز ) ٹمبر مافیا کے خلاف آواز بلند کرنے اور متعلقہ درخواستوں پر عمل درآمد نہ ہونے پر عوام نے سابق رکنِ قومی اسمبلی شہزادہ افتخار الدین سے رابطہ کیا اور انہیں اپنے جائز حقوق کی پامالی اور جاری ناانصافی سے آگاہ کیا۔ عوامی نمائندے کی حیثیت سے شہزادہ افتخار الدین نے ڈپٹی کمشنر چترال لوئر سے رابطہ کر کے ضلع میں ماضی اور حالیہ تمام ٹمبر معاملات پر تفصیلی گفتگو کی۔

انہوں نے توجہ دلائی کہ عوامی ردِعمل کے بعد ٹمبر مافیا نے مبینہ طور پر بعض سرکاری افسران سے روابط بڑھا دیے ہیں اور غیر رسمی ملاقاتوں کے ذریعے اثر و رسوخ استعمال کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹمبر مافیا کی غیر قانونی سرگرمیاں اور غنڈہ گردی اب عوام کے سامنے بے نقاب ہو چکی ہیں، جس سے شدید تشویش پائی جاتی ہے۔

شہزادہ افتخار الدین نے مطالبہ کیا کہ ٹمبر مافیا اور بعض سرکاری افسران کے درمیان پسِ پردہ روابط کا سختی سے نوٹس لیا جائے اور نہ صرف براہِ راست ملوث افراد بلکہ ان کے سہولت کاروں کے کردار، بینک اکاؤنٹس اور اثاثوں کی بھی شفاف جانچ پڑتال کی جائے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جن افسران نے مشکوک فائلوں اور دستاویزات پر دستخط کیے، ان کے کردار کا بھی مکمل جائزہ لیا جانا چاہیے۔

ڈپٹی کمشنر چترال لوئر نے یقین دہانی کرائی کہ عوام کے حقوق پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، متعلقہ افسران کو ہدایات اور نوٹس جاری کیے جائیں گے اور ماضی کی بے ضابطگیوں کا بھی جائزہ لے کر ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

آخر میں شہزادہ افتخار الدین نے کہا کہ اب خاموشی کا وقت گزر چکا ہے۔ عوام کو چاہیے کہ وہ حقائق کے ساتھ کھڑے ہوں، کیونکہ یہ صرف لکڑی کی چوری کا نہیں بلکہ چترال کے مستقبل، جنگلات اور آنے والی نسلوں کے حق کا معاملہ ہے، جس پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

دریں اثنا سابق اّمیدوار صوبائی اسمبلی پی کے ون چترال اپر محمد وزیر خان نے شہزادہ افتخارالدین کی عمارتی لکڑی کے بے دریغ کٹائی کے حوالے سے جاری اخباری بیانات کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہی وقت ہے کہ لکڑی کی غیر قانونی کٹائی کو روکا جائے، بصورت دیگر چند سالوں میں جنگلات ختم ہوجائیں گے۔ چترال ٹائمز سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ٹمبر مافیا جنگلات کی بے دریغ کٹائی میں کوئی کسر نہیں چھوڑے ہیں جس سے قوی امکان ہے کہ چند برسوں کے اندر چترال کے جنگلات ختم ہوجائیں گے انھوں نے متعلقہ حکام سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ مبینہ  غیر قانونی کٹائی کا فوری نوٹس لیا جائے۔

Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں, چترال خبریںTagged
117506