Chitral Times

پیٹرول کی قیمت میں اتنا زیادہ فرق تو نہیں پڑے گا لیکن کمی ضرور ہو گی، احسن اقبال

پیٹرول کی قیمت میں اتنا زیادہ فرق تو نہیں پڑے گا لیکن کمی ضرور ہو گی، احسن اقبال

اسلام آباد(سی ایم لنکس)روس سے تیل پاکستان آنے پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے حوالے سے قیاس آرائیوں کا ایک نہ رکنے والا سلسلہ جاری ہے اور کہا جا رہا ہے کہ پاکستان میں پیٹرول کی قیمت 100 روپے کم ہو جائے گی۔انہی قیاس آرائیوں کے حوالے سے وفاقی وزیر احسن اقبال نے وائس آف امریکہ کو دیے گئے اپنے انٹرویو میں سوال کا جواب دیتے ہوئے کہاکہ پیٹرول کی قیمت میں 100 روپے تک کی کمی، اتنا زیادہ فرق تو نہیں پڑے گا لیکن پیٹرول کی قیمت ضرور کم ہو گی۔ان کا کہنا تھا کہ ابھی روسی تیل کی ایک کم مقدار پاکستان پہنچ رہی ہے، چھ ماہ یا سال بعد جب روس سے زیادہ تیل پاکستان آئے گا تو اس سے پاکستان میں پیٹرول کی قیمت میں کمی کرنے میں مدد ملے گی۔ان سے سوال کیا گیا تھا کہ کیا روس سے تیل آنے کے بعد پاکستان میں پیٹرول کی قیمت میں 100 روپے کمی کی جائے گی، جس پر انہوں نے تردید کر دی۔

 

آئندہ بجٹ میں عوامی ریلیف کیلئے اقدامات یقینی بنا رہے ہیں، تیل کی قیمتوں میں کمی کے اثرات کو عام آدمی تک پہنچانے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں،وزیر اعظم محمد شہباز شریف

لاہور(چترال ٹائمزرپورٹ)وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہیکہ آئندہ بجٹ میں عوامی ریلیف کیلئے اقدامات یقینی بنا رہے ہیں،ملکی معیشت کو مشکل حالات سے استحکام کی طرف لے کر آئے،تیل کی قیمتوں میں کمی کے اثرات کو عام آدمی تک پہنچانے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔ہفتہ کو وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم سے وزیر مملکت برائے خزانہ عائشہ غوث پاشا نے ملاقات کی۔وزیرِ مملکت نے وزیرِ اعظم کو آئندہ بجٹ پر پیش رفت، عوامی ریلیف اور ملکی مجموعی اقتصادی صورتحال کے حوالے سے آگاہ کیا۔وزیرا عظم نے کہا کہ آئندہ بجٹ میں عوامی ریلیف کیلئے اقدامات یقینی بنا رہے ہیں،ملکی معیشت کو مشکل حالات سے استحکام کی طرف لے کر آئے،مشکلات کے باوجود معاشی ٹیم نے معیشت کے استحکام کیلئے محنت جاری رکھی جو لائقِ تحسین ہے،ملکی تاریخ کے سب سے بڑے سیلاب میں متاثرین کو مالی مدد و بحالی کی مد میں بڑا ریلیف پیکیج دیا۔وزیرِ اعظم نے کہاکہ تیل کی قیمتوں میں کمی کے اثرات کو عام آدمی تک پہنچانے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔

Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged ,
74996