Chitral Times

صوبے کے تمام سکولز 12 سال سے زائد عمر کے بچوں کی ویکسینیشن مکمل کریں-وزیرتعلیم

صوبائی وزیر تعلیم شہرام خان کی زیر صدارت کورونا صورتحال کے پیش نظر تعلیمی اداروں کے حوالے سے اجلاس
سیکرٹری ایجوکیشن یحییٰ اخونزادہ، سیکرٹری ہیلتھ طاہر اورکزئی، ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر نیاز، ڈائریکٹر ایجوکیشن حافظ محمد ابراہیم اور دیگر اعلی حکام کی شرکت


پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) خیبرپختونخوا کے وزیر تعلیم شہرام خان ترکئی نے کہا ہے کہ صوبے میں کوئی بھی تعلیمی ادارہ بند نہیں کیا جا رہا درس وتدریس کاعمل جاری رہے گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ صوبے کے تمام نجی سکولز 12 سال سے زائد عمر کے بچوں کی ویکسینیشن مکمل کریں جس کے لئے باقاعدہ مہم یکم فروری سے شروع ہورہی ہے اور اس میں سکول اور محکمہ تعلیم کے تمام افسران ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔ یہ ویکسینیشن مہم 15 فروری تک جاری رہے گی جب کہ وہ تمام نجی اور سرکاری تعلیمی ادارے جنہوں نے 16فروری تک اپنے طلباء و طالبات کی 99 فیصد ویکسینیشن مکمل نہ کی ہو ان تعلیمی اداروں کو این سی او سی کے گائیڈ لائنز کے مطابق بند کر کے ان کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے گی۔


وزیر تعلیم شہرام خان ترکئی نے مزید کہا ہے کہ کرونا وبا کے پیش نظر بچوں کا بڑا قیمتی وقت ضائع ہوچکا ہے اب ہمیں احتیاط اور حفاظتی اقدامات پر سختی سے عمل پیرا ہوکر تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھنی ہیں۔ انہوں نے ڈائریکٹر ایجوکیشن، ایم ڈی پرائیویٹ سکولز ریگولیٹری اتھارٹی اور تمام ضلعی ایجوکیشن آفیسر کو ہدایت کی کہ ویکسینیشن مہم کی مکمل نگرانی کے ساتھ ساتھ ایس او پیز پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔ سیکرٹری ہیلتھ اور ڈی جی ہیلتھ نے وزیر تعلیم کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ریگولر بنیادوں پر نجی اور سرکاری سکولوں کی ویکسینیشن کا عمل جاری ہے۔ جبکہ یکم فروری سے شروع ہونے والی ویکسینیشن مہم کے لیے ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے پیشگی اقدامات بھی کئے گئے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ جن طلبا و طالبات کا فارم ب ابھی تک نہیں بنا ان کے سکولوں کے نام پر بچوں کے تصدیق شدہ ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ بھیج دیئے جائیں گے۔اس موقع پر محکمہ تعلیم کے حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے صوبائی وزیر تعلیم کو بتایا کہ ٹوٹل 21 لاکھ 66 ہزار 8 سو طلباء و طالبات میں سے 11لاکھ 38ہزار 7سو تین طلباء وطالبات کو ویکسین لگ چکی ہے جوکہ تقریباً 53فیصد ہے جبکہ یکم فروری سے شروع ہونے والی مہم میں باقی 47 فیصد بچوں کی ویکسینیشن ہر حال میں یقینی بنائی جائے گی۔

Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
57706

کورونا ویکسینیشن کے اہداف کی حصول کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ چیف سیکرٹری

ضلعی انتظامیہ، محکمہ صحت اور دیگر متعلقہ حکام مل کر مربوط حکمت عملی کے تحت ہر ضلع کے لئے مائیکرو پلان ترتیب دیں۔ چیف سیکرٹری


پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ڈاکٹر شہزاد خان بنگش نے ڈپٹی کمشنرز، محکمہ صحت اور دیگر متعلقہ حکام کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ کورونا ویکسینیشن کے حوالے سے دئیے گئے اہداف کے حصول کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت مل کر مربوط حکمت عملی کے تحت مائکرو پلان ترتیب دے کر ویکسینیشن مہم کو تیز کریں۔ تعلیمی اداروں میں بھی 12 سال سے زائد عمر کے بچوں کی ویکسینیشن کو تیز کیا جائے۔یہ ھدایات چیف سیکرٹری نے صوبے میں جاری کورونا ویکسینیشن بارے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔

اجلاس میں سیکرٹری صحت، کوارڈینیٹر ایمرجنسی آپریشن سنٹر خیبرپختونخوا، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز، ای پی آئی ڈائریکٹر، محکمہ پولیس، پرائیویٹ سکول ریگولیٹری اتھارٹی کے نمائندوں سمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔ جبکہ تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔ سیکرٹری صحت نے اجلاس کو بتایا کہ صوبے کے 35.5 ملین آبادی میں سے 12 سال سے زائد عمر کے 24.7ملین افراد ویکسینیشن کے لئے اہل ہیں۔ ویکسین کی پہلی خوراک 12.16 ملین افراد کو جو 49.2 فیصد بنتے ہیں کو لگائی جا چکی ہے۔ اسی طرح 7.02 ملین افراد کو دوسری خوراک لگائی گئی ہے جو کل اہل آبادی کا 33.12 فیصد بنتا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کی طرف سے 31 دسمبر تک پہلی خوراک کے لئے اہل آبادی کے 60 فیصد جبکہ دوسری خوراک کے لئے 45 فیصد آبادی کو ویکسین لگانے کا ہدف مقررکیا ہے۔

سیکرٹری صحت نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ پہلی ڈوز کا مقررہ یومیہ ہدف صرف تین اضلاع نے حاصل کیا ہے۔ جبکہ دوسری ڈوز میں بیشتر اضلاع نے اہداف کو یقینی بنایا ہے۔ چیف سیکرٹری ڈاکٹر شہزاد خان بنگش نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سختی سے ہدایت کی کہ ضلعی انتظامیہ، محکمہ صحت اور متعلقہ حکام کورونا ویکسینیشن کے اہداف کو بروقت مکمل کرنے کیلئے بھرپور اقدامات یقینی بنائے۔ چیف سیکرٹری نے اہداف پورے کرنے والے اضلاع کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ اضلاع جو اہداف کو حاصل کرنے میں ناکام رہے ہیں ہر صورت ویکسینیشن اہداف کو پورا کریں۔

Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
56198