Chitral Times

Apr 19, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

کورونا ویکسینیشن کے اہداف کی حصول کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ چیف سیکرٹری

شیئر کریں:

ضلعی انتظامیہ، محکمہ صحت اور دیگر متعلقہ حکام مل کر مربوط حکمت عملی کے تحت ہر ضلع کے لئے مائیکرو پلان ترتیب دیں۔ چیف سیکرٹری


پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ڈاکٹر شہزاد خان بنگش نے ڈپٹی کمشنرز، محکمہ صحت اور دیگر متعلقہ حکام کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ کورونا ویکسینیشن کے حوالے سے دئیے گئے اہداف کے حصول کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت مل کر مربوط حکمت عملی کے تحت مائکرو پلان ترتیب دے کر ویکسینیشن مہم کو تیز کریں۔ تعلیمی اداروں میں بھی 12 سال سے زائد عمر کے بچوں کی ویکسینیشن کو تیز کیا جائے۔یہ ھدایات چیف سیکرٹری نے صوبے میں جاری کورونا ویکسینیشن بارے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔

اجلاس میں سیکرٹری صحت، کوارڈینیٹر ایمرجنسی آپریشن سنٹر خیبرپختونخوا، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز، ای پی آئی ڈائریکٹر، محکمہ پولیس، پرائیویٹ سکول ریگولیٹری اتھارٹی کے نمائندوں سمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔ جبکہ تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔ سیکرٹری صحت نے اجلاس کو بتایا کہ صوبے کے 35.5 ملین آبادی میں سے 12 سال سے زائد عمر کے 24.7ملین افراد ویکسینیشن کے لئے اہل ہیں۔ ویکسین کی پہلی خوراک 12.16 ملین افراد کو جو 49.2 فیصد بنتے ہیں کو لگائی جا چکی ہے۔ اسی طرح 7.02 ملین افراد کو دوسری خوراک لگائی گئی ہے جو کل اہل آبادی کا 33.12 فیصد بنتا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کی طرف سے 31 دسمبر تک پہلی خوراک کے لئے اہل آبادی کے 60 فیصد جبکہ دوسری خوراک کے لئے 45 فیصد آبادی کو ویکسین لگانے کا ہدف مقررکیا ہے۔

سیکرٹری صحت نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ پہلی ڈوز کا مقررہ یومیہ ہدف صرف تین اضلاع نے حاصل کیا ہے۔ جبکہ دوسری ڈوز میں بیشتر اضلاع نے اہداف کو یقینی بنایا ہے۔ چیف سیکرٹری ڈاکٹر شہزاد خان بنگش نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سختی سے ہدایت کی کہ ضلعی انتظامیہ، محکمہ صحت اور متعلقہ حکام کورونا ویکسینیشن کے اہداف کو بروقت مکمل کرنے کیلئے بھرپور اقدامات یقینی بنائے۔ چیف سیکرٹری نے اہداف پورے کرنے والے اضلاع کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ اضلاع جو اہداف کو حاصل کرنے میں ناکام رہے ہیں ہر صورت ویکسینیشن اہداف کو پورا کریں۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
56198